جمعہ, 03 مئی 2024

ایمز ٹی وی ﴿ہیلتھ ڈیسک﴾ ایک نئی تحقیق کے مطابق بچوں میں نمک کے زائد استعمال سے نہ صرف ان کے بالغ ہونے میں تاخیر ہوتی ہے بلکہ آگے چل کر ان کے تولیدی نظام کو بھی متاثرکرسکتی ہے۔

 

ماہرین کے مطابق بچوں میں مقررہ حد سے تین تا چار گنا زائد نمک کا استعمال ان میں کئی پیچیدہ امراض کی وجہ بن سکتا ہے اور بچے ذہنی تناؤ کا بھی شکار ہوسکتے ہیں۔ ڈبلن میں یورپین کانگریس آف اینڈو کرائنالوجی میں اپنی نوعیت کی پہلی تحقیق پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ تجربہ گاہ میں چوہوں کو نمک کی مختلف خوراک دی گئیں اور جب انہیں تین سے چار گنا زائد مقدار میں نمک کھلایا گیا تو ان میں دیر سے بلوغت کے آثار دیکھے گئے لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ جن چوہوں کو نمک بالکل نہیں دیا گیا وہ بھی قدرے تاخیر سے بالغ ہوئے۔ 

 

ماہرین کا کہنا تھا کہ نمک کے زائد استعمال سے  تولیدی نظام بھی متاثر ہوتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ایک انسان کو روزانہ  پانچ گرام روزانہ نمک استعمال کرنا چاہیے جب کہ فاسٹ فوڈز کی وجہ سے بالخصوص مغربی ممالک  کی اکثر آبادی ہر روز زائد مقدار میں نمک کا استعمال کررہی ہے۔

ایمز ٹی وی ﴿تعلیم﴾ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی یونیورسٹی کے پروفیسر شہید وحیدالرحمن یاسر رضوی کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرنے، ان کے ورثاء کو مالی معاوضہ دینے اور گرفتار ملزمان سے جے آئی ٹی کے تحت تحقیقات کرنے کے مطالبات تسلیم کرلیے ہیں جس کے بعد آل پاکستان یونیورسٹی اکیڈمک اسٹاف ایسو سی ایشن نے اپنا احتجاج کو ختم کرکے یونیورسٹیز کے اندر معمول کی تدریسی عمل کو بحال کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

 

آل پاکستان یونیورسٹی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے وفد نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصرکی سربراہی میں پیرکو وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں فپواساپاکستان کے صدر ڈاکٹر نعمت لغاری اور صدر انجمن اساتذہ پروفیسرڈاکٹر جمیل کاظمی شریک ہوئے۔ اس موقع پرآئی جی کراچی غلام قادرتھیبو، سیکریٹری یونیورسٹی اینڈ بورڈ سید ممتاز علی شاہ بھی موجود تھے۔ وفد کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے ملزمان سے جے آئی ٹی کے تحت انکوائری کرنے ، شہید پروفیسر کے ورثاء کو مالی معاوضہ دینے کا اعلان کیا اور وفد کو یقین دلایا کہ باقی ماندہ ملزمان کو بھی جلد سے جلد گرفتار کرکے ا نصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ 

 

صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر جمیل کاظمی نے حکومت کی توجہ ڈیڑھ سال میں ہونے والے اساتذہ کے بہیمانہ قتل کی جانب مبذول کرائی اور مطالبہ کیا کہ جب تک قاتلوں اور ان کے سرپرستوں کو کیفرکردار تک نہیں پہنچایا جائے گااساتذہ میں بے چینی اور عدم تحفظ برقراررہے گا۔فپواسا پاکستان کے صدر ڈاکٹر نعمت اﷲ لغاری نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور اساتذہ کے قاتلوں اور سرپرستوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

ایمز ٹی وی ﴿فارن ڈیسک﴾ سابق امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن کی55 ہزار صفحات پر مشتمل متنازع ای میلز جنوری 2016 میں عوام کے سامنے پیش کی جائینگی ۔

 

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق گزشتہ دسمبر خبروں کا موضوع بنی رہنے والی ہلیری کلنٹن کی متنازع ای میلز اب عوام کے سامنے لائی جائینگی۔سابق وزیر خارجہ نے اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے آفیشل میلز کی تھیں،ان کے اس عمل پر سخت تنقید کی گئی۔ 

 

محکمہ خارجہ کی جانب سے ان ای میلز پر نظرثانی اس سال مکمل کر لی جائیگی۔ ہلیری کلنٹن ان دنوں اپنی صدارتی مہم میں مصروف ہیں، ان کا کہنا ہے کہ تمام ای میلز محکمہ خارجہ کو دے دی ہیں لیکن کہا جا رہا ہے کہ ہیلری نے اس میں سے کچھ مواد ضائع کردیا ہے۔

ایمز ٹی وی(اسلام آباد)پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ برستی بارش نے گرمی کو کم کردیا ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقے بدستور گرمی کی لپیٹ میں ہیں ۔پنجا ب کے مختلف شہروں ساہیوال، ملتان ،وہاڑی،راجن پور اور خیرپور ٹامے والی میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے گرمی کی شدت کم ہوگئی ہے ۔ مالاکنڈ ڈویژن میں موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے ۔سندھ اور بلوچستان میں گرمی کی لہربرقرار ہے ،گرمی کی وجہ سے بازاروں اور سڑکوں پر دن کے اوقات میں سناٹا رہتا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوئٹہ، ژوب،راولپنڈی، ڈی جی خان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے

ایمز ٹی وی ﴿فارن ڈیسک﴾ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے ٹویٹ اکاؤنٹ پر ہمیشہ سرگرم رہنے والے براک اوباما جب پہلی بار امریکی صدر کے عہدے پر براجمان ہوئے تو اچانک ٹویٹر سے غائب ہوگئے اور ان کا اکاؤنٹ بے جان سا ہوکررہ گیا تاہم اب 6 سال بعد وہ ایک بار پھر اپنے ذاتی ٹویٹر اکاونٹ کے ساتھ اپنے چاہنے والوں کے درمیان واپس آگئے ہیں۔

 

امریکی میڈیا کے مطابق براک اوباما پہلی بار صدر بننے سے قبل ’’ہینڈل ایٹ دی ریٹ براک اوباما‘‘ کے نام سے اپنے ٹویٹ اکاؤنٹ سے عوام سے رابطے میں رہتے تھے تاہم صدر بننے کے بعد بے انتہا مصروفیت کی وجہ سے وہ سماجی رابطے کے اس جز سے دور ہوگئے لیکن اب اپنے ذاتی اکاؤنٹ ایٹ دی ریٹ پوٹس (پریذیڈنٹ آف دی یونائیٹڈ اسٹیٹ آف امریکا) پر دوبارہ عوام سے جڑ گئے ہیں جب کہ انہوں نے ٹویٹر پر اپنا پہلا بیان بھی دیا ہے۔

 

امریکی صدر براک اوباما کے 6 سال بعد ٹویٹر پر آنے کے بعد ان کے پہلے ٹویٹ کو پہلے ہی گھنٹے میں57 ہزار سے زائد مرتبہ ٹویٹ جب کہ 62 ہزار افراد سے زائد افراد نے اسے فیورٹ کیا اس کے علاوہ  پہلے ہی گھنٹے میں امریکی صدر کے ٹویٹ کے 3 لاکھ فالوورز بن گئے۔

ایمز ٹی وی(بنوں)خیبرپختون خوا کے ضلع بنوں میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم کا آج دوسرا دن ہے۔ مہم کے دوران ایک لاکھ 78 ہزار سے زائد بچوں کوپولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔بنوں میں جاری انسداد پولیومہم کےدوران آئی ڈی پیز کےبچوں کو بھی پولیو ویکسین پلائی جائیں گی۔پولیومہم کی نگرانی پاک فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیم کررہی ہے،حساس مقامات پرپولیو ورکروں کی حفاظت پاک فوج اورپولیس کے جوان کررہے ہیں،اس مہم کیلئے540 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو گھر گھر جا کربچوں کو پولیو ویکسین پلا رہی ہیں۔

ایمز ٹی وی(ایجوکیشن)چھ سالہ بچے نے کم عمر میں مائیکروسوفٹ سرٹیفائڈ بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔مائیکروسوفٹ کا امتحان جو بڑے بڑے دینے سے گھبراتے ہیں وہ لاہور کے رہائشی چھ سالہ بچے نے نہ صرف دیا بلکہ اس کو شاندار نمبروں سے پاس بھی کیا اور کم عمری میں ہی مائیکروسوفٹ سرٹیفائیڈ کمپیوٹر ماہر بن گئے محمد حمزہ شہزاد نے مشکل ترین امتحان میں سات سو ستاون نمبر حاصل کیے جبکہ پاس ہونے کے لیے سات سو نمبر ضروری تھے، دو ہزار گیارہ میں حمزہ شہزاد اپنے والدین کے ہمراہ برطانیہ منتقل ہوگئے تھے۔حمزہ شہزاد کے والدین کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے بیٹے پر فخر ہے اور چاہتے ہیں حمزہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرے

ایمز ٹی وی(ایجوکیشن)وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال کو ان کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا۔ جس کے بعد جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر نے جامعہ اردو کے قائم مقام وائس چانسلر کی حیثیت سے چارچ سنبھال لیا ہے۔ ڈاکٹر ظفر اقبال کو کرپشن کے الزامات پر صدر پاکستان نے گزشتہ سال 20دسمبر کو رخصت پر بھیج دیا تھا، تاہم ڈاکٹر ظفر اقبال نے عدالت سے حکم امتناع لے لیا تھا۔ کل رینجرز اور پولیس نے مشرکہ کارروائی کرتے ہوئے، وفاقی اردو یونیورسٹی گلشن کیمپس کراچی میں واقع رجسٹرار آفس کا تالا توڑ کر قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر کی تعیناتی ممکن بنائی۔ رجسٹرار جامعہ اردو کے مطابق ڈاکٹر ظفر اقبال کی جانب سے 20دسمبر 2014اور 28مئی 2015کے درمیان جاری کئے گئے، تمام انتظامی و مالی امور سے متعلق احکامات کالعدم قرار دے دیئے جائیں گے۔

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)سائنس اور ٹیکنالوجی میں ہونے والی ترقی کی بدولت غیرروایتی ذرائع سے توانائی حاصل کرنے کے لیے منفرد آلات ایجاد کیے جارہے ہیں۔

چلی میں نوجوان انجنیئروں نے ایسا آلہ ایجاد کرلیا ہے جو گملے میں اُگے ہوئے پودے سے توانائی حاصل کرکے اسے بجلی میں تبدیل کرسکتا ہے! بجلی کی مقدار اتنی ہوتی ہے کہ اس سے موبائل فون بہ آسانی چارج ہوجاتا ہے۔ درحقیقت یہ آلہ موبائل فون چارجر ہی ہے جو پودے سے حاصل کردہ توانائی کو برقی رَو میں بدل دیتا ہے۔ تین انجنیئروں نے یہ موبائل فون چارجر چھے سال کی محنت کے بعد تیار کیا ہے۔ موبائل چارجر کو E-Kaia کا نام دیا گیا ہے۔

E-Kaia پودوں سے بجلی بنانے والی پہلی ڈیوائس نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی اس نوع کے آلات بنائے جاچکے ہیں مگر وہ زیادہ مؤثر نہیں تھے۔ موبائل فون ان سے بھی چارج ہوجاتا تھا ،مگر وہ اتنی توانائی کم از کم 100مربع میٹر میں لگے ہوئے پودوں سے حاصل کرتے تھے۔ بہ الفاظ دیگر وہ اتنے رقبے میں لگے ہوئے پودوں سے موبائل چارج کرتے تھے، تاہم E-Kaia یہ کام محض ایک ہی پودے سے کرسکتا ہے۔ یہ ایک مستطیل ڈبے نما ڈیوائس ہے جس کے ایک سرے پر بایوسرکٹ اور دوسرے پر آؤٹ پُٹ موجود ہے۔ بایوسرکٹ والا سِرا مٹی میں دبا دیا جاتا ہے اس طرح کے پودے کی جڑ اور پتّے اس سے مَس ہوتی رہیں۔ پودے سے کشید کی جانے والی توانائی 5 وولٹ اور 600 ملی ایمپیئرز تک پہنچ جاتی ہے۔ اتنی مقدار میں توانائی کی آمد موبائل فون کو ڈیڑھ گھنٹے میں چارج کردیتی ہے۔ یہ وقت کم وبیش اتنا ہی ہے جتنا ایک عام چارجر موبائل فون چارج کرنے میں لیتا ہے۔ اہم بات یہ بھی ہے کہ اس ڈیوائس سے پودے کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا۔

E-Kaia پیٹنٹ کرائے جانے کے مراحل میں ہے،اسی لیے اس میں استعمال کردہ ٹیکنالوجی کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ E-Kaia کے تخلیق کاروں میں شامل ایولن ایراوینا کا کہنا ہے کہ وہ اور اس کے ساتھی اپنی ایجاد کو طاقت وَر بنانے پر بھی کام جاری رکھے ہوئے ہیں، کیوں کہ ابتدائی طور پر یہ آلہ ایل ای ڈی ز اور موبائل فون کے لیے برقی توانائی مہیا کرسکتا ہے۔ ایولن کے مطابق اگلے مرحلے میں اسے پودوں اور درختوں سے نسبتاً بڑے آلات کو بجلی کی فراہمی کے قابل بنایا جائے گا۔ ایولن کے مطابق ان کی ایجاد دنیا میں اپنی نوعیت کی واحد ایجاد ہے، اس لیے اس میں بہتری کی خاصی گنجائش موجود ہے۔

E-Kaia بالخصوص بجلی کی قلت کا شکار خطوں میں رہنے والوں کے لیے ایک نعمت سے کم نہیں ہوگا جہاں لوڈشیڈنگ کے باعث موبائل فون چارج کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔