ھفتہ, 18 مئی 2024

ایمزٹی وی (نیوزڈیسک)  عمران خان اپنی اہلیہ کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے لئے احرام پہنے اپنے ہوٹل سے حرم کی جانب روانہ ہوئے تو مداحوں کی بڑی تعداد نے انہیں حصار میں لے لیا، پاکستانی کمیونٹی نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کا خوش دلی سے استقبال کیا جب کہ مسجد حرام میں بھی لوگوں کی بڑی تعداد نے عمران خان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ عمران خان اپنی اہلیہ کے ہمراہ آج مدینہ پہنچ کر روضہ رسول ﷺ پر حاضری دیں گے

ایمز ٹی وی (لاہور) لاہور ہائی کورٹ میں پٹرول بحران کےخلاف دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ لاہورہائی کورٹ کے جسٹس منصورعلی شاہ نےریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کسی کوبھی شہریوں کے بنیادی حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ پٹرول بحران کاجوذمہ دار ہے اسے منظر عام پر لاناچاہئے۔ عدالت کے روبرو،وزارت پٹرولیم ،پاکستان سٹیٹ آئل اوراوگرا، کے نمائندے بھی پیش ہوئے۔  وفاقی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ پارکو کی تکنیکی خرابی اوردھند کے باعث تیل کی سپلائی نہ ہوئی جس سے بحران پیدا ہوا۔ تاہم اب بحران پر قابوپالیاگیاہے ۔ جسٹس منصورعلی شاہ نے مزید سماعت 6 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے آئیندہ سماعت پر پٹرول بحران کی انکوائری کےلئے قائم کمیٹی کی رپورٹ، وزارت پٹرولیم اورآئل کمپنیوں کے اجلاس کے منٹس پیش کرنے کا حکم دیا۔

ایمز ٹی وی (پشاور) پشاور ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس مظہرعالم اور جسٹس روح الامین نے کیس کی سماعت کر تے ہوئے لاپتہ افراد کیس میں لئیق بادشاہ کے خاندان کے گیارہ افراد کے لاپتہ ہونے پر وزارت داخلہ سے جواب طلب کرلیا۔ لیئق بادشاہ کا عدالت میں کہنا تھا کہ ان کے خاندان کے تین افراد کو دہشت گردی کے شبہ میں گرفتار کیاگیاہے، جن کا تاحال کوئی پتہ نہیں ہے، جبکہ خاندان ہی کے تین افراد کی لاشیں کوہاٹ کے حراستی مرکز سے ان کے حوالے کی گئیں ۔ اسی طرح ان کے پانچ لاپتہ رشتے داروں کا بھی اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ عدالت نے اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ کو لاپتہ افراد کی رپورٹ جلد جمع کرانے کے احکامات جاری کردئے۔

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) اعصام الحق نے مینز ڈبلز کے پہلے رائونڈ میں اپنے سربین ساتھی نیناڈ زیمونچ کی سنگت میں روسی پلیئر تیموریز گاباشیلوی اور قازقستان کے میخائل کوکوشین کو ہرادیا، پہلا سیٹ 6-7(7/9 سے ہارنے کے بعد اعصام اورنیناڈ نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے دیگر 2 سیٹ 6-4 اور6-3 سے جیت کر فتح حاصل کی۔ تیسرے رائونڈ میں جگہ بنانے کے لیے انھیں اسپینش جوڑی پبلو کارینو بسٹا اور گولیرمو گارشیا لوپز کا چیلنج درپیش ہوگا، مسکڈ ڈبلز میں اعصام کی پارٹنر روسی کھلاڑی ایلا کدریٹسووا ہیں۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی قرادادوں کے تحت تمام کالعدم تنظیموں کے اثاثے منجمد کردیے ہیں جس میں جماعت الدعوۃ بھی شامل ہے، تاہم یہ فیصلہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے دورے کی بدولت نہیں کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان تمام دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کررہا ہے، کالعدم تنظیموں کو فنڈز فراہم کرنے والوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں مذہب کے نام پر تشدد قابل مذمت ہے، پاکستان کو بھارت میں مسلمانوں کو جلائے جانے کے واقعے پر بھی تشویش ہے۔ بھارت میں زبردستی ہندو بنائے جانے کی مہم انسانی حقوق کے خلاف ہے۔ باراک اوباما کا دورہ نئی دہلی بھارت اور امریکا کا باہمی معاملہ ہے اس پر پاکستان کو تشویش نہیں، امید ہے کہ امریکی صدر دورہ بھارت کے دوران  کنٹرول لائن کشیدگی کا معاملہ اٹھائیں گے۔

ایمز ٹی وی(کراچی) وفاقی اردو یونیورسٹی میںبیچلرز اور ماسٹرز پروگرام شام کے داخلوں کی تاریخ میں26جنوری 2015تک توسیع کردی گئی ہے۔ داخلہ فارم ا ور تعارف نامہ 1500روپے کی ادائیگی پر گلشن اقبال اور عبدالحق کیمپسزمیں قائم ایڈمیشن ڈیسک سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔فارم ڈی،بی بی اے اورایم بی اے میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ لازمی ہے جس کیلئے 700 روپے فیس ایڈمیشن ڈیسک پر فارم کے ساتھ جمع کرانا ہوگی

ایمز ٹی وی(کراچی) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات نعمان احسن کے مطابق اساتذہ ، والدین اور طلباء و طالبات کی سہولت کو مدِنظر رکھتے ہوئے درجہ دہم سائنس و جنرل گروپ ریگولر و پرائیویٹ کے امتحانی فارمز برائے سالانہ امتحانات 2015جمع کروانے کی آخری تاریخ میں بغیر لیٹ فیس کے 30 جنوری 2015تک توسیع کردی گئی ۔

ایمز ٹی وی(تعلیم) جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی نے کہا ہے کہ بی اے(پرائیویٹ)کے سالانہ امتحانات2014 ء 23 جنوری 2015ء سے شروع ہورہے ہیں۔تمام امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ ان کے دیئے گئے پتوں پر ارسال کردیئے گئے ہیں،ایسے طلبہ کو جن کو 21 جنوری 2015ء تک ایڈمٹ کارڈ موصول نہیں ہوئے ،ان تمام طلبہ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے ایڈمٹ کارڈ اور امتحانی پروگرام شعبہ امتحانات ایکسٹرنل یونٹ واقع سلور جوبلی گیٹ کمرہ نمبر 01 سے حاصل کرلیں۔ ایڈمٹ کارڈ 22 اور23 جنوری2015 ء کو صبح 9:00 تادوپہر1:00بجے تک حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ڈپلی کیٹ ایڈمٹ کارڈ کے حصول کیلئے امتحانی فارم کی اوریجنل رسید، اوریجنل رجسٹریشن کارڈ، دوعددپاسپورٹ سائز تصاویراور کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈبھی لازماً ساتھ لانا ہوگا۔

ایمز ٹی وی (کراچی)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے انٹرمیڈیٹ سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس ریگولر، کامرس پرائیویٹ، آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ اور ہوم اکنامکس گروپ کے ضمنی امتحانات برائے 2014ء کے اسکروٹنی فارم جمع کرانے کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔محمد عمران خان چشتی کے مطابق ان تمام گروپس کے اسکروٹنی فارم متعلقہ سیکشن سے ضروری تصدیق کے بعد بروز جمعرات 22 جنوری 2015ء سے بروز پیر 23 فروری 2015ء تک انٹربورڈ میں واقع بینک برانچ میں جمع کرائے جاسکتے ہیں، تاریخ گزرنے کے بعد اسکروٹنی فارم قابل قبول نہیں ہوں گے۔ محمد عمران خان چشتی نے مزید باتیا کہ انٹرمیڈیٹ کے ان تمام گروپس کے ریگولر امیدواروں کی مارکس شیٹس کالجوں کو روانہ کردی گئی ہیں ، ریگولر طلباء اپنے کالجوں سے مارکس شیٹس حاصل کرسکتے ہیں جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کی مارکس شیٹس ان کی جانب سے دیئے گئے پتوں پر روانہ کردی گئی ہیں۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) اسلامی نظریاتی کونسل نے چیرمین مولانا اختر شیرانی کی سربراہی میں اجلاس کے دوران حکومت کو سفارش کی ہے کہ شوہر کی جانب سے بیوی کو ایک ساتھ 3 طلاقیں دینے کو قابل سزا جرم قرار دیا جائے ، ایک ساتھ 3 طلاقیں دینا سنت کے خلاف ہے۔ جو شخص اسٹیمپ پیپر پر اکھٹی 3 طلاقیں لکھے اسے بھی سزا دی جائے، پہلی طلاق پر شوہر کا بیوی سے رجوع کافی ہے جبکہ دوسری طلاق پردوبارہ نکاح کرناہوگا۔