ھفتہ, 04 مئی 2024

ایمز ٹی وی ( فارن ڈیسک) کسٹم حکام نے دونوں پروازوں پر بغیر وجہ بتائے چھاپہ مارا اورتلاشی کے بعد مسافروں کو جانے دیا۔ذرائع کے مطابق پی کے 785 اسلام آباد اور پی کے 787 کراچی کی پروازوں کے عملے کی اس وقت مکمل تلاشی لی گئی، جب پروازوں نے لندن میں لینڈ کیا۔ایک گھنٹے پر محیط اس چھاپے کے دوران ایئر کرافٹ کے آلات کی بھی مکمل تلاشی لی گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹم حکام کسی مخصوص شخص یا چیز کی تلاش میں تھے، تاہم اس حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔دوسری جانب پی آئی اے ترجمان رانا حنیف نے ڈان سے گفتگو میں اس تلاشی کو 'معمول' کی کارروائی قرار دیا۔رانا حنیف کے مطابق 'یہ چھاپے اب معمول بن گئے ہیں۔ وہ جب چاہتے ہیں ہمارے جہازوں کی تلاشی لے لیتے ہیں حتیٰ کہ مسافروں کو بھی سیکیورٹی چیکس سے گزارا جاتا ہے'برطانوی حکام ہمارے مسافروں کو بھی جہاز سے آف لوڈ کر دیتے ہیں اور جب انھیں کچھ نہیں ملتا تو وہ انھیں دوبارہ جہاز میں سوار ہونے اور جہاز کو روانہ ہونے کی اجازت دے دیتے ہیں'۔رانا حنیف کے مطابق اس طرح کا ایک واقعہ گزشتہ ماہ بھی پیش آیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ 'پی آئی اے نے اس معاملے کو وزارت داخلہ کے ذریعے برطانوی حکام کے سامنے اٹھایا ہے اور ہمارے کنٹری مینیجر نے بھی اس حوالے سے ایک شکایتی خط تحریر کیا ہے کہ جب مسافروں کو ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے مراحل سے گزرا جاتا ہے تو اس کے بعد اس طرح کی تلاشیاں کیوں لی جا رہی ہیں'۔انھوں نے مزید کہا کہ 'ایک قوم کے طور پر ہمیں ذلیل کیا جارہا ہے لیکن ہم ان پر دباؤ نہیں ڈال سکتے، کیونکہ ہمارے ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال کسی سے ڈھکی چھپی نہیں'۔کسی زمانے میں ملک کا فخر کہلانے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) اب ہر کسی کے مذاق کا نشانہ بن گئی ہے اورپی آئی اے کے مخفف کو 'شاید ہی میں پہنچ سکوں' (Perhaps I'll Arrive) سے تعبیر کیا جاتا ہے جبکہ پروازوں کی منسوخی بھی ایئرلائن کا ایک معمول بن چکی ہے۔اس سے قبل پی آئی اے کے ایک پائلٹ کو برطانیہ میں اُس وقت جیل کی ہوا کھانی پڑی جب اس نے مقررہ مقدار سے تین گنا زائد الکوحل لے رکھی تھی، جبکہ ایک اور پائلٹ نے نیو یارک جانے والی فلائٹ اڑانے میں دو گھنٹے تک اس وجہ سے تاخیر کی کیونکہ اس کا سینڈوچ نہیں پہنچا تھا۔یہ اور اس قسم کے بہت سے واقعات ہیں جو پاکستان کی قومی ایئرلائن کے لیے شرمندگی کا باعث بنتے رہتے ہیں۔

 ایمز ٹی وی ( اسلام آباد)  یکم فروری سے پٹرولیم مصنوعات ساڑھے 8 روپے فی لیٹر تک مزید سستی ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 7 روپے 80 پیسے فی لیٹر جبکہ پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، اسی طرح لائٹ اسپیڈ ڈیزل 8 روپے فی لیٹر سستا ہوگا، مٹی کا تیل 7 روپے 40 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اوکٹین کی قیمت میں 8 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی ہو سکتی ہے، اس سلسلے میں اوگرا نے سمری تیار کر لی ہے۔واضح رہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی مسلسل گرتی ہوئی قیمتوں کے باعث پاکستان میں بھی گزشتہ 4 ماہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

ایمز ٹی وی (تھر پارکر) تھر پارکر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر مٹھی کے سول اسپتال میں 7 ماہ کا ساگر مکیش اور اسلام کوٹ میں ڈیڑھ ماہ کا بچہ غذائی قلت کے باعث ذندگی کی بازی ہار گیا۔ رواں ماہ غذائی قلت، غربت اور بنیادی صحت کی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث دم    توڑنے والوں کی تعداد 79 ہوگئی ہے جن میں 76 بچے ہیں۔معصوم بچوں کی اموات میں اضافے کے باوجود صوبائی حکومت اور مقامی انتظامیہ کی بے حسی برقرار ہے اور گندم کی تقسیم کا پانچواں مرحلہ ڈھائی ماہ بعد بھی مکمل نہیں ہوسکا۔

ایمز ٹی وی ( فارن ڈیسک )صدر براک اوباما پہلے امریکی صدر ہیں جنھوں نے بھارت کی یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کی ہے۔وہ ان دنوں اپنے تین روزہ دورے پر بھارت میں ہیں جسے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ رشتے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔اتوار کو دونوں ممالک نے سول جوہری معاہدے کے ضمن میں پیش رفت کی، جس کے تحت اب امریکی کمپنی بھارت کو غیرفوجی جوہری ٹیکنالوجی فراہم کر سکے گی۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اسے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے سفر سے تعبیر کیا ہے۔پریڈ کا معائنہ کرنے کے بعد صدر براک اوباما حزب اختلاف کانگریس پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ ایک تجارتی کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔واضح رہے کہ 26 جنوری کو بھارت اپنا 66 واں یوم جمہوریہ منا رہا ہے۔ سنہ 1950 میں اسی دن بھارت نے برطانیہ سے آزادی کے تقریبا تین سال بعد نیا آئین اپنایا تھا۔یہ تقریب ہر سال انڈیا گیٹ کے پاس کنگز ایوینو یا راج پتھ پر ہوتی ہے۔اس بار کہرے اور ہلکی بارش کے درمیان یہ تقریب ہوئی جس میں پہلی بار بھارت کی تینوں افواج بری، بحری اور فضائیہ کی خواتین دستوں نے شرکت کی۔

ایمز ٹی وی ( کشمیر) یوم سیاہ کے موقع پر ریاست جموں وکشمیر کے دونوں اطراف جلسے، جلوس، ریلیاں ، احتجاجی مظاہرے اوردھرنے دیے جائیں گے، کاروباری مراکز بند اور پہیہ جام ہڑتال ہوگی۔ مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیری26 جنوری کومکمل احتجاجی ہڑتال کریں گے اور دنیا پر واضح کریں گے کہ کشمیری بھارتی ظلم و جبر کے باوجود اپنے حق آزادی کیلیے جدوجہد میں مصروف ہیں۔سری نگر میں جاری ایک بیان میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے 26جنوری کوبھارتی یومِ جمہوریہ کے موقع پر پورے مقبوضہ علاقے اور 27جنوری کو کپواڑہ قتل عام کے خلاف کپواڑہ قصبے میں ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ علی گیلانی نے قابض انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ طلبا اور سرکاری ملازمین کو26جنوری کی سرکاری تقریبات میں شرکت کے لیے مجبور نہ کرے۔ ادھر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے عوام سے اپیل کہ کہ وہ 26 جنوری کو یوم سیاہ کے طور منائیں اور احتجاجی ہڑتال کریں۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے ہاتھوں شہریوں کے قتل عام کی برسی کے موقع پر اتوار کو ہندواڑہ قصبے میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ علی گیلانی نے ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مقبوضہ علاقے میں ہونے والے قتل عام کے تمام واقعات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔یاد رہے کہ بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے 25جنوری 1990کو قصبے میں پر امن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 17بے گناہ شہریوں کو شہید جبکہ درجنوںکو زخمی کر دیاتھا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجیداور آل پارٹیز حریت کانفرنس کی مشترکہ کال پر بھارت کا یوم جمہوریہ ریاست جموں وکشمیر کے دوانوں اطراف اور پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت دنیا بھر میں کشمیری عوام آج بطور یوم سیاہ منائیں گے۔

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ کے باولنگ ایکشن کے بائیو مکینک ٹیسٹ کیلئےآئی سی سی سے درخواست کر دی ہے۔  پہلے تو بورڈ کاخیال تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بعد محمد حفیظ کا ٹیسٹ کرایا جائے، لیکن اس کی رپورٹ 14 روز میں موصول ہوتی،اس طرح وہ ورلڈ کپ کے 2 میچوں میں باولنگ نہیں کر سکیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا ری اسسمنٹ بہت جلد کرانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ پی سی بی چاہتاہے کہ حفیظ کے ٹیسٹ کیلئے 28 جنوری کی تاریخ مل جائے، تاکہ ورلڈ کپ سے پہلے ہی فیصلہ ہو جائے ۔ اگر ایکشن کلئیر ہو جاتا ہے تو حفیظ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے خلاف اہم میچز میں باولنگ کر سکیں گے۔

 ایمز ٹی وی (سائنس و ٹیکنالوجی) جاپانی سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بہت جلد تھری ڈی پرنٹر کے ذریعے اپنی مرضی کے مطابق انسانی جلد، ہڈیاں اور جوڑ تیار کر سکیں گے۔ سویوشی ٹکاٹو (Tsuyoshi Takato) ٹوکیو ہاسپٹل یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں۔ ٹکاٹو کے مطابق ان کی ٹیم ایک ’نیکسٹ جنریشن بائیو تھری ڈی پرنٹر‘ کی تیاری پر کام کر رہی ہے، جو بائیو میٹریل کی بہت باریک تہیں بنائے گا، جن کی مدد سے اپنی مرضی کے مطابق اعضاء تیار کیے جا سکیں گے۔ ان کی ٹیم کے ماہرین اسٹیم سیل، پروٹو سیل جو جسم کے کسی بھی حصے کی شکل اختیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ایسی پروٹینز کو ملاتے ہیں، جو نشوونما میں اضافے میں مدد کرتے ہیں۔ ان میں انسانی کولیجن جیسا سنتھیٹک مادہ بھی شامل کیا جاتا ہے۔ کولیجن ہڈیوں کے گودے میں موجود ہوتا ہے۔

ٹکاٹو کے مطابق ایک تھری ڈی پرنٹر کے استعمال سے یہ ماہرین ایک جسمانی عضو کے اسٹرکچر کی طرز پر اعضاء تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جن میں سخت سطح کے علاوہ ہڈیوں کے اندر موجود اسپونج کی طرح کا مادہ بھی شامل ہو گا۔

سویوشی ٹکاٹو کے مطابق، ’’ہم عام طور پر کارٹیلیج (Cartilage) یعنی کُرکری ہڈی یا ہڈی مریض کے ہی جسم سے لیتے ہیں، لیکن جس منصوبے پر ان کی ٹیم کام کر رہی ہے، اس میں بنیادی مواد مریض کے جسم سے لینے کی ضرورت نہیں ہو گی۔‘‘

اس ٹیکنالوجی میں کامیابی ایسے بچوں کے لیے بھی امید کی ایک کرن ثابت ہو گی، جو ہڈیوں یا کارٹیلیج کے مسائل کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔ چونکہ ایسے بچوں کی نشو ونما کی شرح بہت زیادہ نہیں ہوتی، اس لیے ان کے لیے ریگولر سنتھیٹک امپلانٹس فائدہ مند نہیں ہوتے۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان عمرہ کرکے بھی جھوٹ بولنے سے باز نہیں آئے، انتخابات کو 70 ہزار مبصرین نے شفاف قرار دیا اس لئے عمران خان بھی اسے تسلیم کر لیں اور خدا کے گھر میں اپنے لئے سچ بولنے کی دعا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جوڈیشل کمیشن کے قیام کی بات کرتے ہیں تو کمیشن کے دائرہ کار میں لفظ منظم دھاندلی شامل کرنے سے کیوں گھبراتے ہیں اور نہ جانے فوجی عدالتوں کی مخالفت کرنے والے دہشت گردوں کو نیست ونابود کرنے کی دعا کب مانگیں گے

ایمز ٹی وی(نیوز ڈیسک) اپنی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان میں ایران کے رہبر اعلیٰ نے کہا کہ وہ یورپ اور شمالی امریکہ کے نوجوانوں کے لیے یہ پیغام اس لیے لکھ رہے ہیں کہ وہ اپنے ممالک کا مستقبل ہیں۔

مغربی ممالک کے نوجوانوں کے نام کھلے خط میں آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ وہ متعصب رویوں پر کان دھرنے کی بجائے قرآن پڑھیں اور پھر ’غیر جانبدارانہ فیصلہ‘ کریں۔

انھوں نے کہا کہ وہ فرانس میں حالیہ واقعات کی وجہ سے یہ خط لکھنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

اس ماہ کے آغاز میں پیرس میں ہونے والے دو حملوں میں اسلامی جنگجوؤں نے سترہ افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ وہ اسلام کی ’مناسب، درست اور غیر متعصب‘ سمجھ بوجھ حاصل کریں اور اس مذہب کے متعلق اپنا نظریہ بنائیں۔

ایران نے چارلی ہیبڈو کے دفتر پر حملے کی مذمت کی لیکن اس کے ساتھ ساتھ گزشتہ ہفتے میگزین کی جانب سے پیغمبرِ اسلام کا خاکہ چھاپنے کی بھی مذمت کی ہے۔

ایمز ٹی وی(نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست بہار میں ایک عدالت کے احاطے میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

یہ واقعہ جمعے کو مشرقی بھارت میں ضلع بھوج پور میں پیش آیا جہاں پولیس کے مطابق عدالت کو دیسی ساختہ بم حملے میں نشانہ بن

بھوج پور کے سینیئر پولیس سپرنٹنڈنٹ محمد ساجد نے کہا کہ ہلاک شدگان میں ایک عورت بھی شامل ہے اور دس افراد دھماکے میں زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں پولیس کا ایک جوان بھی شامل ہے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی مقامی مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ پولیس جوانوں کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔

دھماکہ عدالتی احاطے کے اس حصے میں ہوا جہاں زیر سماعت مقدمات کے قیدیوں کو جیل سے لا کر رکھا جاتا ہے۔