ھفتہ, 04 مئی 2024

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) یورپی یونین میں پروازوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ادارے یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے ممکنہ شدت پسند حملوں کے خدشے کی وجہ سے طیاروں کو پاکستانی فضائی حدود میں 24 ہزار فٹ سے کم بلندی پر نہ اڑنے کے لیے کہا ہے۔تاہم پاکستانی وزیرِ اعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اس سلسلے میں آگاہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی وجہ بتائی گئی ہے۔یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی یعنی ایسا نے اعلان کیا ہے کہ فرانسیسی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنی ائر لائنز کو پاکستان میں خصوصاً لاہور اور کراچی کی فضائی حدود میں 24 ہزار فٹ کی بلندی سے نیچے اڑنے سے منع کیا ہے۔’ایسا‘ نے یہ تنبیہ 22 جنوری کو ایک اطلاع نامے کے ذریعے جاری کی ہے۔یورپی ادارے کا مزید کہنا ہے کہ تمام بین الاقوامی پروازوں کو اس بارے میں توجہ دلائی جا رہی ہے کہ پاکستان سے اور اس کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کو ممکنہ شدت پسند حملوں کے باعث انتہائی احتیاط کرنی چاہیے۔تاہم وزیرِ اعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم نے بی بی سی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ نہ فرانس اور نہ ہی ایسا نے سکیورٹی کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم کی ہے۔’پاکستان میں تمام قومی اور بین الاقوامی پروازیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں اور کسی قسم کے شدت پسند حملے کی تازہ اطلاع نہیں ہے۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ہوائی جہازوں کا تحفظ اہمیت کا حامل ہے اور اگر کوئی ایسی بات ہوتی، تو میڈیا کوضرور بتائی جاتی۔’ایسا ہو سکتا ہے کہ فرانس یا یورپی ایجنسی کو کسی ڈرون طیارے کی پرواز کے بارے میں اطلاع ہو، کیونکہ چوبیس ہزار فٹ سے نیچے وہی اڑتے ہیں۔‘انہوں نے مزید بتایا کہ گذشتہ برس کراچی کے ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے کے بعد بین الاقوامی ہوائی کمپنیوں نے کچھ گھنٹوں کے لیے پروازیں روکی ضرور تھیں تھیں ’تاہم امارات ایئرلائن نے اگلے روز ہی پروازیں بحال کر دی تھیں۔‘شجاعت عظیم کو یقین ہے کہ یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے تنبیہ نہیں کی بلکہ بین الاقوامی پروازوں کو محض محتاط رہنے کو کہا ہے۔

سول ایوی ایشن کے معاملات کے ماہر جواد نظیر کا کہنا ہے کہ ایسی تنبیہ دیگر بین الاقوامی ایجنسیوں کو متاثر کر سکتی ہے۔’ایوی ایشن کے جتنے بھی بین الاقوامی ادارے ہیں وہ سب ہی بہت با اثر ہیں کیونکہ ان کی تعداد کم ہے اور ان کی باتوں کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے۔ اور اس سے پاکستانی ایوی ایشن کو نقصان ضرور ہو سکتا ہے، فائدہ نہیں۔‘

ایمز ٹی وی ( اسلام آباد) اٹارنی جنرل آفس کے ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ میں کیس کی سماعت طے ہوجانے کے بعد انھیں اس بات کا علم ہوا کہ ممتاز قادری کیس کی اہم فائل جس میں قادری کی اپیل،ان کی سزا کا حکم، پولیس کی تفتیشی رپورٹس، جائے وقوع کا نقشہ، پوسٹ مارٹم رپورٹ، فرانزک ماہرین کی رپورٹ اور استغاثہ کے اہم نوٹس شامل تھے، ریکارڈ میں موجود نہیں ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ممتاز قادری کی اپیل پر کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں مقرر کی گئی تھی۔

فورئن ڈیسک(لندن) برطانیہ میں آٹھ سالہ بچی نے گفتگو کے دوران اپنے سائنسدان والدین کو سرطان جیسی موزی بیماری کا علاج بتادیا۔پروفیسر لسانتی اور انکی اہلیہ مانچسٹر یونیورسٹی کے پروفیسر اور سرطان پر ہونے والی تحقیقاتی ٹیم کا حصہ ہے۔بچی کے والد پروفیسر لسانتی نے اپنی آٹھ سالہ بچی سے کھانے کی میز پر پوچھا کہ وہ سرطان کے علاج کیلئے کونسا طریقہ استعمال کرے گی ۔جس پر بچی نے کچھ دیر سوچا اور جواب دیا کہ وہ سرطان کے علاج کیلئے اینٹی بائیو ٹک کا استعمال کرے گی۔بچی کے والدین اس بات سے مطمئن نا ہوئے لہذا انہوں نے اس بات کی تحقیق کی تو نتائج دیکھ کر حیران رہ گئے اینٹی بائیو ٹک نے سرطان کی سیلز کو ختم کرنا شروع کریا ہے۔تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی کے اینٹی بائیو ٹک نا صرف سرطان سیلز کو ختم کرتی ہے بلکہ ایسے دوبارہ پیدا ہونے سے بھی روکتی ہے۔

ایمزٹی وی ﴿کراچی﴾ جمعرات، ایم کیو ایم کی ہڑتال کے باعث کراچی میں معا‍‍‍شی سرگرمیاں شدید  متاثر ہوئیں۔ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ نہایت کم تھی جس کی وجہ سے ملازمین کام پر نہ پہنچ سکے۔ پیٹرول پمز اورسی این جی اسٹیشن بند ہونے سے نجی ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہوئی۔

 ہڑتال کے باعث معملات زندگی مفلوج رہے۔۔جبکہ سندھ تاجر اتحاد چیئرمین جمیل احمد پراچہ کے مطابق شہر میں 20 لاکھ سے زائد دکانیں ایک دن بند ہونے سے 3.5 ارب روپے کا معاشی نقصان ہو جاتا ہے

ایمز ٹی وی (کراچی): فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی نے کہا ہے کہ آج تک کسی بھی حکومت نے پاکستان کی فلم انڈسٹری کو تسلیم نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاکھوں روپے کا ٹیکس دینے والی انڈٖسٹری کا کوئی پرسان حال نہیں ، اسے آج تک انڈسٹری کا درجہ نہیں دیا گیا۔ معروف براڈ کاسٹر یاور مہدی کی جانب سے معروف تجزیہ نگار مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے ڈائریکٹر نواب حسن صدیقی کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا بدقسمتی سے ایک عرصہ سے وزارت ثقافت کا قیام عمل میں نہیں آیا اور نہ ہی کلچرل پالیسی بن سکی۔ اس موقع پر نواب حسن صدیقی نے کہا میں یاور مہدی کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے میرے لیے اس تقریب کا انعقاد کیا مجھے خوشی ہے کہ میری زندگی میں وہ خواب پورا ہوگیا جس کا میں نے سوچا تھا، آج ملک میں جدید سنیما گھر بن چکے ہیں ۔

پاکستانی فلمیں بن رہی ہیں اور بے حد کامیاب ہیں مجھے سال 2015 سے 2020فلم انڈسٹری کے بہتر مستقبل کے طور پر نظر آرہا ہے۔ یاور مہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا نواب حسن صدیقی نے فلم انڈسٹری کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے انھیں حکومت کی جانب ایوارڈ ملنا چاہیے۔ شیخ راشد عالم نے کہا یاور مہدی کی شخصیت علم ادب اور فن کے فروغ کے لیے سرگرم ہیں ان کی خدمات 50برس پر محیط ہے، انھیں حکومت کی جانب سے صدارتی ایوارڈ ملنا چاہیے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک): سعودی عرب کے نئے فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز نے اقتدار سنبھالنے کے ایک ہفتے بعد ہی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے انٹیلیجنس چیف اور قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری جنرل کوتبدیل کردیا۔

ذرائع کے مطابق شاہی محل سے جاری ہونے والے فرمان کے مطابق خالد بن بندر بن عبدالعزیز کی جگہ جنرل خالد بن علی کو ملک کے خفیہ ادارے کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جن کا عہدہ وزیر کے برابر ہوگا اس کے علاوہ سعودی فرماںروا نے اپنے سوتیلے بھائی اور سابق بادشاہ شاہ عبداللہ کے دو بیٹوں کو بھی عہدوں سے سبکدوش کردیا ہے ان میں سے شہزادہ مشعال مکہ اور شہزاد ترکی دارالحکومت ریاض کے گورنر تھے تاہم شاہ عبداللہ کے ایک اور بیٹے شہزادہ متعب نیشنل گارڈ کے انچارج وزیر کی حیثیت برقرار رہیں گے۔

شاہی فرمان کے مطابق مرحوم شاہ عبداللہ کے بھتیجے شہزادہ بندر بن سلطان کو قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری جنرل اور بادشاہ کے مشیر کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے تاہم دفاع، تیل اور خارجہ جیسی اہم وزارتوں کے ذمہ داران اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔ شاہ سلمان کی 31 رکنی کابینہ میں ثقافت اور اطلاعات، سماجی امور، سول سروس، انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسی وزارتوں پر نئے چہرے سامنے آئے ہیں تاہم ملک کے وزیرِ تیل علی النعیمی، وزیرِ خارجہ شہزاد سعود الفیصل اور وزیرِ خزانہ ابراہیم العصاف کو ان کے عہدوں پر برقرار رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بادشاہ بننے کے چند گھنٹے بعد ہی اپنے بیٹے محمد بن سلمان کو ملک کا نیا وزیرِ دفاع مقرر کیا تھا جب کہ 69 سالہ شہزادہ مقرن کو ولی عہد اور وزیرِ داخلہ شہزادہ محمد بن نائف کو نائب ولی عہد بنانے کا اعلان بھی کیا تھا۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد): حکومت پاکستان نے پاک چین دوستی کی یادگار کے طور پر 20 روپے کا سکہ جاری کر دیا۔

سکے کے فرنٹ پر اسلامی جمہوریہ پاکستان  لکھا گیا ہے جبکہ درمیان میں چاند تارا بنایا گیا ہے جبکہ پشت پر پاکستان اور چین کے جھنڈے بنائے گئے ہیں، یہ سکہ آج سے ملک بھر میں استعمال ہوسکے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال تصور کی جاتی ہے اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حالیہ دورہ چین کے موقع پر چینی حکام نے پاکستان کی تشویش کو اپنی تشویش قرار دیا تھا جب کہ مارچ میں چین کے صدر پاکستان کا دورہ بھی کریں گے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڑیسک): نئے سعودی ولی عہد نے کابینہ میں بڑے پیمانے پر رد و بدل کردیا، شہزادہ مشعل کوگورنر مکہ اور شہزادہ ترکی کوگورنر ریاض کےعہدوں سےہٹا دیاگیا،،پرنس خالد بن بندر انٹیلیجنس چیف کےعہدےسےبرطرف کردیئےگئے۔سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ شہزادہ مشعل کوگورنرمکہ اورشہزادہ ترکی کوگورنرریاض کے عہدوں سے بر طرف کرکے شہزادہ خالدالفیصل کوگورنرمکہ اورفیصل بن بندر کوگورنرریاض مقرر کردیا گیا ہے،ڈاکٹر یحیٰی بن عبداللہ شوریٰ کونسل کےنائب اسپیکرمقرر کردیئے گئے،پرنس خالدبن بندر سعودی انٹیلی جنس چیف کے عہدے سے بر طرف ہوگئے ہیں ۔۔شاہ سلمان نے تمام سعودی ملازمین اور پینشنرز کےلئےدو ماہ کی اضافی تنخواہ کا اعلان بھی کیا۔

ایمز ٹی وی (سیالکوٹ): چارواہ اور ہرپال سیکٹر میں رات بھر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری رہا جس سے دو خواتین زخمی اور متعدد مکان تباہ ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے جمعرات کی شب سیالکوٹ ورکنگ باونڈری پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی ۔ بھارتی فورسز کی جارحیت کے جواب میں رینجرزکی جوابی کارروائی پر بھارتی بندوقیں خاموش ہو گئیں۔ بھارتی فورسز کی جانب سے ہلکے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا ۔ بھارت فورسز اس سے قبل بھی بارڈر پر کشیدگی کی صورتحال پیدا کرتی رہی ہیں ، فائرنگ کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔

ایمز ٹی وی(کراچی)  وزیراعظم نواز شریف کراچی میں امن وامان کی صورتحال پر بلائے گئے اعلی سطح اجلاس میں شرکت کے لئے کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم بذریعہ ہیلی کاپٹر گورنر ہاؤس روانہ ہوئے جہاں اجلاس کے دوران وزیراعظم نواز شریف کو کراچی کی صورت حال پر حکام نے بریفنگ دی جب کہ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی میں کسی دہشتگرد کو چھپنے نہیں دیں گے اور دہشتگردوں سے شہر کو پاک کیا جائےگا۔ اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیراعلی سید قائم علی شاہ، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس اور دیگر سیکیورٹی حکام شریک ہیں جو وزیراعظم کو کراچی کی صورتحال پر بریفنگ دے رہے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف سے ایم کیو ایم کا ایک وفد بھی ملاقات کرے گا جس میں انہیں کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل عام کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف ایم کیو ایم کے مقتول کارکن سہیل احمد کے اہل خانہ سے بھی گورنر ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔