ھفتہ, 18 مئی 2024

ایمز ٹی وی (راولپنڈی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی والدہ انتقال کرگئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مرحومہ کی نمازجنازہ چکلالہ میں دوپہرپونے2بجےاداکی جائےگی۔

ایمز ٹی وی (کراچی) کراچی کی حسا س یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم کے جائزے کیلیے کمشنرکراچی شعیب احمد صدیقی کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 8 حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگی، اجلاس کو بتایاگیا کہ مہم 7 مرحلوں پر مشتمل ہوگی ہر مرحلہ 2 روز پر ہوگا، مہم ہفتہ اور اتوارکو چلائی جائے گی، ہفتہ کو 4 یونین کونسلوں میں اور اتوار کو 4 یونین کونسلوں میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جن حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی ان میں ضلع ملیر میں واقع مظفرآباد یونین کونسل ون، مظفر آباد یونین کونسل 2، ضلع شرقی میں وا قع یونین کونسل گجرو، یونین کونسل سونگل، یونین کونسل منگھوپیر ضلع غربی میں واقع یونین کونسل اتحاد ٹاؤن، یونین کونسل چشتی نگر اور یونین کونسل اسلامیہ کالونی شامل ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم میں 2 لاکھ 40 ہزار 955 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے 1285 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی کی 11 حساس یونین کونسلوں میں پولیو وائرس کا ماحولیاتی ٹیسٹ کیا گیا ہے جس میں 8 یو نین کونسلوں کو حساس قرار دیا گیا ہے3 یو نین کونسلوں میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا لہٰذا عالمی ادارہ صحت، یونیسف اور حکومت نے مشتر کہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ ان3 یونین کونسلوں کو حساس یونین کونسلوں کی فہرست سے نکال دیا جائے تاہم ان یونین کونسلوں میں معمول کی انسداد پولیو مہم جاری رہے گی اور ان 3 یونین کونسلوں میں این آئی ڈی (نیشنل امونائزیشن ڈے) پروگرام کے تحت بچوں کو انسداد پولیو کے تحت پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائینگے ان 3 یونین کونسلوں میں یونین کونسل 2 ریڑھی، بن قاسم ٹاؤن، یونین کونسل فردوس کالونی لیاقت آباد اور یونین کونسل چکرا گوٹھ کورنگی شامل ہیں، انسداد پولیو مہم میں7 طبی کیمپ لگائے جائیں گے۔

 

ایمز ٹی وی (کراچی) ایک ایسے نازک وقت میں جب ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے تو وہیں صوبہ سندھ میں یہ حال ہے کہ سندھ پولیس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بند ہوگیاجس سے شہر میں لگے کیمرے غیر فعال ہوگئے۔

16 کروڑ روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر متعلقہ آئی ٹی کمپنی نے سروسز معطل کردیں، اے آئی جی فنانس فدا حسین شاہ کا کہنا ہے کہ کمپنی حکام سے بات چیت جاری ہے اور جلد ہی کمپنی کے واجبات ادا کردیے جائیں گے ، تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نگاہ رکھنے اور محکمہ پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی غرض سے سینٹرل پولیس آفس میں چند برس قبل کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم قائم کیا گیا تھا۔

اس سسٹم کے تحت شہر کے منتخب کردہ 174 مقامات پر تقریباً 900 کیمرے لگائے گئے تھے، اس ضمن میں نجی آئی ٹی (انفارمیشن ٹیکنالوجی) کمپنی تکنیکی سہولتیں فراہم کرتی تھی لیکن جمعہ کو عدم ادائیگی کے باعث نجی کمپنی نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بند کردیا جس کے بعد اس سسٹم سے منسلک 900 کیمرے غیر فعال ہوگئے۔ 

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ بھی تحریری طور پر سندھ پولیس کو واجبات کی ادائیگی کا کہہ چکا ہے لیکن سندھ پولیس کے حکام ٹس سے مس نہیں ہورہے ، اس وقت جو سنگین صورتحال ہے وہ یہ ہے کہ ضلع سائوتھ شہر کا حساس ترین زون ہے جو کہ کیمروں سے 100 فیصد علاقہ مانیٹر کیا جاتا ہے لیکن اس وقت وہاں کوئی مانیٹرنگ نہیں ہورہی ، اس زون میں وزیراعلیٰ ہائوس ، گورنر ہائوس ، سندھ اسمبلی ، غیر ملکی قونصلیٹ اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے دفاتر کے علاوہ کئی حساس تنصیبات بھی ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ جب تک واجبات ادا نہیں کیے جاتے اس وقت تک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بند رہے گا۔

ایمز ٹی وی (کراچی) سابق صدر پرویز مشرف کا کہنا ہے کہ پاک فوج بحیثیت اپنے سابق سپہ سالار کے میری عزت اور وقار بچانے کے لیے جو کچھ کررہی ہے اس پر فخر ہے۔

برطانوی اخبار کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ انہیں  فوج کے ادارے پر بڑا فخر ہے اور بطور اپنے سابق سپہ سالار کے میری عزت اور وقار کو بچانے کے لیے پاک فوج جو کچھ کررہی ہے اس پر بھی فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق افغان صدر حامد کرزئی  پاکستان کی پیٹھ پر چھرا گھونپنے کے لئے بھارت کی مدد کرتے تھے لہذٰا ان کے اسی اقدام کی وجہ سے ہم نے ان کی حکومت پر نظر رکھی جس کوان کے خلاف بھی تعبیر کیا جاسکتا ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ موجودہ افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے کیونکہ وہ خطے میں امن کی آخری امید ہیں اوران کا سب سے اچھا فیصلہ افغان کیڈٹس کو تربیت کے لئے پاکستان بھیجنا ہے۔

پرویز مشرف نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان اور بھارت کی اپنی پراکسی تھی جو فائدہ مند نہیں اور اسے بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کی عظیم جمہوریت نہیں اور وہاں انسانی حقوق برائے نام بھی نہیں جب کہ دیہی علاقوں میں آج بھی اگر اچھوت کا سایہ پنڈت پر پڑجائے تو اس کو قتل کردیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ حامد کرزئی نے نہ صرف سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف اورجنرل(ر) اشفاق پرویز کیانی  کی جانب سے افغان کیڈٹس کو تربیت دینے کی پیش کش مسترد کردی تھی بلکہ انہیں تربیت کے لئے بھارت بھجوایا تھا جب کہ  صدر اشرف غنی نے اقتدار میں آنے کے بعد نہ صرف افغان کیڈٹس کو تربیت کے لئے پاکستان بھیجا بلکہ بھارت کے ساتھ اسلحے کے تجویز کردہ معاہدے کو ختم کیا اور سکیورٹی فورسز کو مشرقی افغانستان میں پاکستان مخالف جنگجوؤں کے خلاف لڑنے کے لیے بھیجا۔

ایمز ٹی وی (کراچی) کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی ’’کے الیکٹرک‘‘ نے اتوار کے روز پاک بھارت میچ کے دوران شہر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے انتہائی اہم معرکے کے دوران اتوار کو کراچی میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت شہر کو بجلی کی فراہمی بلاتعطل جاری رہے گی۔  ترجمان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے یہ فیصلہ میچ کے دوران عوام کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے تاکہ عوام نہ صرف مقابلہ دیکھ سکیں اور اس سے پوری طرح لطف اندوز بھی ہوسکیں۔

واضح رہےکہ اتوار کے روز ورلڈکپ میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت سے مد مقابل ہوگا جس کے لیے دونوں ممالک میں بھرپور جوش و خروش پایا جاتا ہے جب کہ میچ دیکھنے کے لیے کراچی کے مختلف مقامات پر خصوصی طور پر اسکرینیں بھی نصب کی جاتی ہیں۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) الیکشن کمیشن میں سینیٹ کے انتخابات روکنے کے لیے درخواست دائر کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملٹری کورٹس ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری وحید کمال کی جانب سے سینیٹ انتخابات روکنے کے لیے الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایوان بالا کے انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ ہوگی اس لیے انتخابات میں خفیہ رائے شماری کے بجائے کھلی رائے شمار کے لیے پہلے قانون سازی کی جائے اور جب تک سینیٹ کے انتخابات کو روکا جائے۔ واضح رہے کہ سینیٹ کے انتخابات نئے شیڈول کے تحت 5 مارچ کو ہوں گے جس کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل بھی مکمل ہوچکا ہے۔

ایمز ٹی وی (پشاور) خیبرپختونخوا اور فاٹا میں “صحت کا اتحاد” مہم کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  پنجاب میں ایک بڑا صوبہ بن جائے تو تمام صوبے برابر ہوجائیں گے اور قومی مسائل میں کمی واقع ہوگی، وفاق خیبرپختونخواحکومت کو ناکام بنانا چاہتا ہے اگر چھوٹے صوبوں کو حقوق ملیں تو وفاق مضبوط ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ چھوٹے صوبوں سے ان کے حقوق چھینے جاتے رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج بلوچستان کے حالات اس نہج کو پہنچ چکے ہیں، اگربلوچستان کے عوام کو ان کے حقوق میسر ہوتے تو وہاں حالات معمول کے مطابق ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کو ناکام بنانے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم وزیراعلی پرویز خٹک کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت پشاور کو مثالی صوبہ بنا کر دکھائے گی اور پشاور سے اسلام آباد منتقل ہونے والے شہریوں کو دوبارہ شہر میں لاکر بسائیں گے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) بھارت نے  پاکستان کے دو ٹوک موقف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے اور اپنے سیکرٹری خارجہ کو پاکستان بھیجنے پر رضامند، بھارتی میڈیا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی سیکرٹری خارجہ جے شنکر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے اور پاکستانی حکام سے اپنے دورے کے دوران خطے کی سیکیورٹی اوردو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔  مذاکرات کی بحالی پر مسلسل بھارتی ہٹ دھرمی کے نتیجے میں پاکستان نے موقف اختیار کیا تھا کہ بھارت نے سیکرٹری خارجہ لیول مذاکرات ختم کئے اور اسے ہی دوبارہ مذاکرات شروع کرنا ہوں گے۔

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستانی پیسر محمد عرفان کے لمبے قد نے بھارت کو پریشان کردیا ہے اور 2 اسٹولز پر چڑھ کر گیندیں پھینکیں۔ اوپنرز شیکھر دھون اور روہت شرما نے ایک گھنٹے تک نیٹ میں بیٹنگ کی، اس دوران 2چھوٹے اسٹولز پر چڑھ کر گیند ان کی جانب تھرو کی جاتی رہی،اس کا مقصد انھیں عرفان کی بولنگ ہائٹ سے ہم آہنگ کرنا تھا، کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری نے خاصی دیر تک اتوار کے میچ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) میکسیکو میں موجود ترک صدر رجب طیب اردوان نے تقریب سے خطاب کے دوران امریکا میں 3 مسلمان طلبا کے قتل پر امریکی صدر براک اوباما کی  جانب سے خاموشی اختیارکرنے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس حوالے سے اپنا موقف واضح کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی ریاست شمالی کیرولینا میں 3 مسلمان قتل کردیئے گئے لیکن اس کے باوجود امریکی صدر،وزیر خارجہ جان کیری اور نائب صدر جوبائیڈن کی جانب سے کوئی بیان تک سامنے نہیں آیا، سیاست دان اپنے ملک میں ہونے والے واقعات کے ذمہ دار ہوتے ہیں اس لئے انہیں اپنا موقف واضح کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا سلامتی کونسل کے 5 مستقل ممبران سے کہیں زیادہ بڑی ہے اگر اس قسم کے واقعات پر خاموش رہا گیا تو دنیا امریکا کی حمایت میں بھی آواز بلند نہیں کرے گی۔ 2 روز قبل 23 سالہ ضیا برکت کو ان کی اہلیہ 21 سالہ یسر محمد اوران کی بہن 19 سالہ رزان محمد کے ہمراہ چیپل ہل میں واقع ان کی رہائش گاہ کے قریب فائرنگ کر کے قتل کر دیاگیا تھا۔