اتوار, 05 مئی 2024

ایمز ٹی وی ﴿ایجوکیشن﴾ عالمی اقتصادی فورم کی طرف سے افرادی قوت انڈیکس سے متعلق جاری کردہ ایک تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان اس حوالے سے دنیا کے 124 ملکوں میں سے 113 نمبر پر ہے جس کی ایک بڑی وجہ تعلیم کے شعبے میں اس کی خراب کارکردگی ہے۔

 

پاکستان میں تعلیم کا شعبہ اس لحاظ سے حکومتی عدم توجہی کا شکار رہا ہے کہ اس کے لیے سالانہ قومی بجٹ کا صرف دو فیصد ہی مختص کیا جاتا ہے جب کہ ماہرین مجموعی قومی پیداوار کا چار فیصد صرف کرنے پر زور دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک میں اسکول جانے کی عمر کے تقریباً اڑھائی کروڑ بچے بھی اسکول نہیں جاتے جس کی وجہ غربت اور اسکولوں تک بہت سے لوگوں کی رسائی نہ ہونا بتائی جاتی ہے۔

 

موجودہ حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اس شعبے پر خاص توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور اس کے منصوبے کے مطابق آئندہ برسوں میں تعلیمی شعبے کے بجٹ کو بتدریج چار فیصد تک بڑھانا بھی شامل ہے۔

 

عالمی اقتصادی فورم کی رپورٹ کے مطابق جو 25 ملین 27 ملین بچے باہر ہیں ان سب کو تعلیم میں داخل کرنے کے واسطے اگر آج ارادہ کریں تو حکومت کو اتنے پیسے چاہیئں ہوں گے کہ جو ایک سال کے محصولات کا دو تہائی بنتے ہیں تو آپ کے پاس تقریباً 1600 ارب 1800 ارب روپے چاہیئں اس کے لیے اور ایک سال میں پاکستان کا جو اپنا تعلیم کا بجٹ ہے وہ چھ سو بلین کے قریب ہوتا ہے۔

 

اسکول میں بچوں کے داخلے کی شرح کے علاوہ تعلیمی نظام میں بھی سقم کا تذکرہ کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے مختلف نظام تعلیم سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا عملی زندگی میں مسابقت کا بھرپور سامنا کرنے میں کامیاب نہیں ہو پاتے۔

 

ایمز ٹی وی ﴿ہیلتھ ڈیسک﴾ نارنجی میں وٹامن سی بکثرت پایا جاتا ہے جس کی وجہ سے اس کا استعمال جلد کی خوبصورتی، آنکھوں کی نشوونما اور جسم کا مدافعتی نظام مضبوط بناتا ہے تاہم جدید تحقیق کے مطابق اس کے باقاعدہ استعمال سے دماغی صلاحیتوں میں بھی حیرت انگیز اضافہ ہوتا ہے۔

 

برطانیہ کی ریڈنگ یونیورسٹی سے منسلک طبی ماہرین نے اپنی تحقیق کے دوران 60 سے 81 برس تک کی عمر کے افراد کو 2 ماہ تک روزانہ 500 ملی میٹر اورنج جوس پلایا ، اس دوران ان افراد کی گفتگو میں روانی، یادداشت اور ردِعمل میں بتدریج بہتری دیکھی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نارنجی میں فلیووینوئڈز نامی کیمیائی مادہ بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے جو دماغ میں سیکھنے اور معلومات ذخیرہ کرنے والے ایک اہم حصے ’ہپوکیمپس‘ تک دماغی سگنل کی رسائی بہتر بناتا ہے۔

 

ماہرین کا کہنا ہے کہ دماغی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے یہ لازمی نہیں کہ روزانہ اورنج جوس کی مقررہ مقدار ہی لی جائے تاہم دماغی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور دیگر بیماریوں سے محفوظ رہنے کے لئے اورنج جوس کو اپنے معمولات میں شامل کیا جائے کیونکہ یہ قدرتی ٹانک ہے جس کے کوئی نقصانات نہیں۔

ایمز ٹی وی ﴿کراچی﴾ سول اسپتال کے شعبہ حادثات (ایمرجنسی وارڈ) میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے شعبہ حادثات میں دھواں بھرگیا شعبہ حادثات میں موجود مریضوں اوران کے تیمارداروں سمیت اسپتال کے ڈاکٹروں اوردیگر عملے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اورشعبہ حادثات میں افراتفری مچ گئی۔

 

آگ لگنے کے باوجود اسپتال انتظامیہ کا کوئی بھی افسرشعبہ حادثات نہیں پہنچ سکا اورڈاکٹروں اور دیگر عملے اپنی مدد آپ کے تحت موجود مریضوں کوفوری طورپرباہرنکالاجبکہ بعض مریضوں کو دوسرے وارڈز میں منتقل کیااسی اثنا میں فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ شعبہ حادثات میں نصب آکسیجن سپلائی کرنے والی لائن میں لگی تھی جودیکھتے ہی دیکھتے بڑھ گئی، فائر بریگیڈ کے عملے نے جلد ہی آ گ پر قابو پالیا تاہم دھواں بھرجانے کے باعث لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی تھی جس کے بعد اسموک ایجیکٹرکے ذریعے دھواں بھی نکال دیا گیا اور صورتحال معمول پر آگئی، ڈاکٹروں اور دیگر عملے نے بتایا کہ شعبہ حادثات میں آئے دن بجلی کے شارٹ سرکٹ کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، اسپتال انتظامیہ نے اس اہم مسئلے پر چپ ساد رکھی ہے۔

ایمز ٹی وی ﴿کراچی﴾ ملک کے معاشی حب کراچی میں پانی کی عدم دستیابی کا سلسلہ جاری ہے ، اسی طرح شہریوں کے احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے، اورنگی ٹاؤن شاہ فیصل محلہ کے مکین اورنگی ٹاؤن 5 نمبر پر مرکزی شاہراہ پر نکل آئے اور احتجاج کیا، مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی، ان کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں پانی کی فراہمی کا سلسلہ کئی روز سے بند ہے اور وہ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں، علاقہ مکین دور دراز علاقوں سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

 

مذکورہ صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹینکر مافیا نے نرخ بڑھادیے ہیں، علاقہ مکین انتہائی مہنگے داموں ٹینکر خرید رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ اضافی مالی بوجھ تلے دبتے جارہے ہیں، اس دوران نامعلوم افراد نے سڑک پر ٹائر نذر آتش کیے اور رکاوٹیں بھی کھڑی کردیں جس سے ٹریفک معطل ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کیا، علاوہ ازیں سہراب گوٹھ کے قریب النور سوسائٹی اور سمن آباد کے مکین بھی سڑکوں پر نکل آئے اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف مظاہرہ کیا، مظاہرے میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

 

مظاہرین نے کہا کہ دنیا چاند پر پہنچ گئی ہے جبکہ میٹرو پولیٹن شہر کراچی میں پانی جیسی بنیادی ضرورت ہی غائب ہے، شہری پانی کی تلاش میں مارے مارے پھرنے پر مجبور ہوگئے ہیں، صورتحال کے باعث سہراب گوٹھ کی جانب جانے والے راستے بند ہوگئے، اطلاع ملتے ہی پولیس نفری موقع پر پہنچ گئی اور مذاکرات کے بعد مظاہرین کو پر امن طور پر منتشر کردیا ، اسی طرح شہر کے دیگر علاقوں میں بھی مظاہرے کیے گئے۔

ایمز ٹی وی ﴿سائنس اینڈ ٹیکنالوجی﴾  ترقی یافتہ ملکوں میں ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبے میں نت نئی ایجادات ہو رہی ہیں ، پاکستان میں بھی جدید ٹیکنالوجی اور ایجادات کا فائدہ اٹھانے کیلئے ان کا بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے۔

 

زندگی کے دیگر شعبوں کی طرح ٹیلی کمیونی کیشن کا شعبہ بھی تیزی سے اپنی انتہاؤں کو چھوتا نظر آ رہا ہے ،ہر دن پہلے سے بہتر اور نیا ،دنیا بھر میں ماہرین ٹیلی کمیونی کیشن کے ہر ہر پہلو کو مزید آگے لےجانے میں مصروف ہیں، 3 جی اور 4جی نیٹ ورک نے رابطوں کو مزید آسان اور تیز تر کر دیا۔ٹیلی فون سے موبائل، موبائل سے انٹرنیٹ اور اب انٹرینٹ سے موبائل ایپس،یہ دنیا کی بڑھتی ہو ئی اس ترقی کانا م ہے ،جہاں نئی نئی ایجادات نے پہلے دنیا کو گلو بل ولیج بنا یا اور اب گلوبل ولیج سےبھی کچھ اور آگے ۔ 

 

شعبہ ٹیلی کمیونی کیشن میں روز بروزبڑھتی ترقی اور نئی ایجادات دوریوں کو ختم کرنے میں مددگا ر ثابت ہورہی ہیں ،آج کوئی شخص کہیں بھی ہو ان ایجادات کی بدولت سب سے جڑا اور قریب تر ہے۔

ایمز ٹی وی ﴿سپورٹس﴾  زمبابوے سے سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈز کی ابتدائی فہرست تیار کرلی گئی، کوچ وقار یونس اور ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی سے مشاورت کا عمل مکمل ہوگیا،ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے قائد شاہد آفریدی سے ٹیلی فون پررائے لی جائے گی۔

 

تفصیلات کے مطابق زمبابوے کیخلاف میچزکے لیے دونوں فارمیٹ کی پاکستانی ٹیموں کا اعلان پیر کو متوقع  ہے،ذرائع کاکہنا ہے کہ ابتدائی فہرستیں تیار کی جا چکی ہیں، اس حوالے سے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی فیصل آباد میں سپر ایٹ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران روزانہ کھلاڑیوں کے ناموں پر غور کررہی ہے، کوچ وقار یونس اور ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی سے مشاورت مکمل ہوچکی،ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے قائد شاہد آفریدی سے ٹیلی فون پررائے لینے کے بعد چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی منظوری سے اسکواڈز کا اعلان کردیا جائے، ذرائع کے مطابق سابق کپتان شعیب ملک اور عمراکمل کو منتخب کیے جانے کا امکان ہے۔

 

آل راؤنڈر نے ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، آئندہ سال بھارت میں شیڈول ٹوئنٹی 20ایونٹ میں تجربہ کار کھلاڑی کا خلا پُر کرنے کے لیے انھیں موقع دیا جاسکتا ہے، عمراکمل نے بھی فیصل آباد وولفز کے خلاف85رنز بنانے کے بعد ہفتے کو ملتان ٹائیگرز سے میچ میں 95رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی،اس سے نوجوان بیٹسمین کا کیس بھی مضبوط نظر آتا ہے۔ دوسری جانب سلیکٹرز مستقبل کے لیے کھلاڑیوں کا پول تیار کرنے کے لیے ڈیٹا اکٹھا کررہے ہیں، چیئرمین پی سی بی کی خصوصی ہدایت پر فٹنس کو خاص طور پر پیش نظر رکھا جارہا ہے۔

ایمز ٹی وی ﴿ایجوکیشن﴾ پنجاب کےدارالحکومت لاہورسےمحض پون گھنٹےکی مسافت پرتحصیل کامونکی کاایک گاؤں ایسابھی،جہاں کا اسکول شاید گدھوں، بھینسوں اور بکریوں کے لئے بنایا گیا ہے۔ 4ہزار سے زائد نفوس پر مشتمل اس گاؤں میں سرکاری اسکولوں کی حالت ِ زار دیکھ کر عبرت ہوتی ہے۔ 

 

گوجرانوالہ کی تحصیل کامونکی کا گاؤں نولاں والی، جہاں لڑکوں کا سرکاری انگلش میڈیم پرائمری اسکول تو ہے، مگر کلاس رومز پر قابض ہیں، گدھے، بھینسیں اور بکریاں، ٹوٹی جالیاں، بکھری کتابیں، لٹکتےجالے اور ٹوٹا فرنیچر۔ یہ ماحول محکمہ تعلیم کی تعلیم سےعدم دلچسپی کی گواہی دے رہاہے۔ اب چلتے ہیں لڑکیوں کےسرکاری پرائمری اسکول کی جانب، جہاں لڑکے اور لڑکیاں اکٹھےزمین پر بیٹھ کرتعلیم حاصل کررہے ہیں۔ گرلز پرائمری اسکول میں تعلیمی سہولتوں کےبھی کیا کہنے؟ واحد ٹیچر، خود ہی ہیڈ مسٹریس ہیں، خود ہی ہیلپر اور خود ہی چوکیدار، بچوں کو پیاس لگے تو ہینڈ پمپ منہ چڑانے لگتا ہے۔

ایمز ٹی وی ﴿ایجوکیشن﴾ پولیس نے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے تحت شہر میں 167 غیر رجسٹرڈ مدارس سیل کردیئے۔

 

ذرائع کےمطابق قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے تحت سندھ پولیس کی کارکردگی رپورٹ وزارت داخلہ اور اعلیٰ حکام کو بھجوادی گئی ہے جس کے تحت جنوری 2015 سے 13 مئی 2015 تک پولیس نے 8 ہزار 895 کارروائیاں کیں جس میں کراچی میں بم بنانے کی 2 اور شکارپور میں ایک فیکٹری پکڑی گئی جب کہ مختلف علاقوں میں کارروائیوں کےدو ران 11 بم اور 265 ہینڈ گرینیڈ بھی برآمد کیے گئے۔

 

رپورٹ کے مطابق پولیس کی کارروائیوں میں مجموعی طور پر القاعدہ، کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دیگر کالعدم تنظیموں کے 112 دہشت گرد ہلاک اور 58 کو گرفتار کیا گیا جب کہ قومی ایکشن پلان کے تحت کراچی میں 167 غیر رجسٹرڈ مدارس کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ قومی ایکشن پلان کے تحت لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر 345 افراد کو گرفتار کیا گیا جب کہ اس عرصے کے دوران سندھ پولیس کے 53 اور کراچی پولیس کے 42 اہلکار شہید ہوئے۔

ایمز ٹی وی ﴿ایجوکیشن﴾ میرپورخاص تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے امتحانات 15روز جاری رہنے کے بعد ختم تو ہوگئے، تاہم بد انتظامی کے ساتھ نقل کے بڑھتے رحجان نے ایک نئی داستان رقم کی۔ 

 

میرپور خاص انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن بورڈ کے تحت ہونے والے امتحانات، محکمہ تعلیم کے لیے امتحان ثابت ہوئے۔ جس میں محکمے کی انتظامیہ مکمل طور پر فیل دکھائی دی، کیونکہ کمرہ امتحان میں موبائل فون، پاکٹ گائیڈ اور نوٹس سمیت ہر طریقے سے نقل ہوتی نظر آئی، نقل کا یہ عالم رہا کہ طلبہ کو بھی نقل کی لامحدود آزادی پر اعتراض کرنا پڑا۔ نقل اس سال سب سے زیادہ ہو رہی ہے، ٹیمیں بہت تاخیر سے آرہی ہیں، جب پیپر ختم ہوتا ہے تو ٹیم آتی ہے۔ امتحانی مراکز میں بیٹھنے کے نامناسب انتظامات پر بھی امیدوار متعلقہ حکام کی نااہلی کا شکوہ کرتے رہے اور شدید گرمی میں جاری لوڈ شیڈنگ نے بھی کوئی کسر نہ چھوڑی۔ جب پیپر دینے آتے ہیں لائٹ چلی جاتی ہے، جب پیپر دے کر جاتے ہیں لائٹ آجاتی ہے۔ یہ کیا انتظام ہے پانی نہیں ہے ہم بے ہوش ہوجاتے ہیں۔ لوڈ شیڈنگ بہت ہورہی ہے اور پانی کی بھی سہولت نہیں ہے۔ 

 

میرپورخاص انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن بورڈ کے تحت ہونے والے امتحانات کی نگرانی کے لیے ایک درجن سے زائد ویجیلنس ٹیمیوں بنائی گئیں، جنہوں نے روزانہ کی بنیاد پر بارہ سے پندرہ طلبہ کو نقل کرتے ہوئے پکڑا اور بیس سے زائد جعلی امیدواروں کو رنگے ہاتھوں پکڑا۔