جمعرات, 16 مئی 2024

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ اوپنر ناصر جمشید کے خلاف برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی وسیع پیمانے پر تحقیقات کررہی ہے۔
ناصر جمشید کانام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر ڈال دیا گیا ہے۔ تحقیقاتی اداروں نے ان کا پاسپورٹ اپنی تحویل میں لے لیا ہے انہیں برطانیہ چھوڑنے کی اجازت نہیں ہے۔
شہریار خان نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں ابھی تک تین ہی نام شامل ہیں۔ کچھ اور کرکٹرز کے بارے میں قیاس آرائیاں غلط ہیں۔ کوئی اور پاکستانی کرکٹر اس اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں شامل نہیں ہے۔
برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے کرکٹ اسپاٹ فکسنگ کے معاملے میں جاری تحقیقات کے تناظر میں ناصر جمشید سمیت تین افراد کو حراست میں لیا تھا۔
ان گرفتاریوں کا تعلق پاکستان سپر لیگ کےمیچ فکسنگ اسکینڈل سے ہے انھیں اب اپریل 2017تک ضمانت پر رہائی دی جا چکی ہے۔ این سی اے کے بیان میں ان افراد کی شناخت اور قومیت ظاہر نہیں کی گئی۔
ایک انٹر ویو میں شہریار خان نے کہا کہ خالد لطیف اور شرجیل کے خلاف پی سی بی کا تحقیقاتی ٹریبونل اگلے چند دن میں اپنی تحقیقات شروع کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریبونل کیلئے قوانین بنائے جائینگے اور پہلی سماعت میں کرکٹرز کو طلب کیا جائے گا۔ امید ہے کہ دو ہفتے میں تحقیقات مکمل ہوجائیں گی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) اسمارٹ فونز کے ذریعے جاسوسی کے معاملے پر ٹیکنالوجی کمپنیوں کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
آئی فون بنانے والی ایپل انکارپوریٹڈ کا کہنا ہے کہ وکی لیکس میں سامنے آنے والی آئی او ایس کی زیادہ تر کمزوریاں دور کرلی ہیں، باقی پر کام جاری ہے۔
سام سنگ کا کہنا ہے کہ صارفین کی معلومات کا تحفظ اولین ترجیح ہے، وکی لیکس میں سامنے آنے والے تازہ معاملے کو جلد حل کرلیں گے۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ وکی لیکس میں سامنے آنے والے معاملے سے آگاہ ہیں، آپریٹنگ سسٹم کی کمزوریاں دور کر لیں گے۔
گوگل اور لینکس نے وکی لیکس کے والٹ سیون انکشافات پر بات کرنے سے انکار کردیا۔
سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ حالیہ لیکس میں ان کمپنیز پر سی آئی سے پیسے لے کر آپریٹنگ سسٹم میں خامیاں چھوڑنے کا الزام لگایا گیا ہے لیکن ان کمپنیز نے ان الزامات کی اب تک تردید نہیں کی ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا ہے، اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کرنے والوں کی نشاندہی کرنے والوں کو 5لاکھ روپے تک کا انعام دینے کی سفارش کردی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبے بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا، ذرائع کے مطابق دودھ، مکھن، دیسی گھی، چائے کی پتی، آئس کریم، کیچپ، اچار، ہلدی، سرخ مرچ اور دیگر مصالحہ جات میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس ضمن میں فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کی نشاندہی کرنے والوں کے لیے 5لاکھ روپے تک کا انعام دینے کی بھی سفارش کی ہے، یہ فیصلہ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نور الامین مینگل کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
ادھر ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں مردہ گوشت پکڑنے والی ڈولفن فورس کی ٹیم کے لیے 50ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔
نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ اگر پولٹری فارم مردہ گوشت بیچنے میں ملوث ہو تو اس کا لائسنس فوری کینسل کیا جائے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس پولٹری فارم کے مالک نے مردہ گوشت بیچاہے اس کے مالک کے خلاف پرچہ درج ہو گا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) سیکرٹری پانی و بجلی کی جانب سے پبلک اکائونٹس کمیٹی کو چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت جاری بجلی کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
سیکریٹری پانی و بجلی نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ پورٹ قاسم پر درآمدی کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا 1320 میگاواٹ کا منصوبہ دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔
خورشید شاہ کی زیر صدارت ہونے والے پبلک اکاونٹس کمیٹی کے اجلاس میں سیکریٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگہ کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت 12 ہزار 114 میگا واٹ کے بجلی کے 19 منصوبے ہیں، یہ سارے منصوبے چینی سرمایہ کاری سے مکمل ہوں گے، ان پر حکومت کو کچھ ادا نہیں کرنا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے پہلے شمسی توانائی منصوبے کا افتتاح
سیکریٹری پانی و بجلی نے بتایا کہ سی پیک میں کوئلے کے 3ہزار 960 میگا واٹ کے منصوبے، 2714 میگا واٹ کے ہائیڈرو ، 9 سو میگاواٹ سولر اور درآمدی کوئلہ کے 4260 میگا واٹ کے منصوبے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پورٹ قاسم پر 1320 میگا واٹ درآمدی کوئلے کا منصوبہ رواں سال دسمبر میں مکمل ہو جائے گا۔
یونس ڈھاگہ نے بتایا کہ پورٹ قاسم پاور پلانٹ کا پیشگی ٹیرف 8.3 سینٹ ہے جبکہ ہائیڈرو کے علاوہ تمام توانائی کے منصوبوں کا اپ فرنٹ ٹیرف ہو گا۔
سیکرٹری پانی و بجلی نے بتایا کہ پورٹ قاسم میں کوئی پاکستانی کمپنی نہیں ہے، پورٹ قاسم پر قطری اور چینی کمپنی کام کر رہی ہے۔
کمیٹی کے رکن شیخ رشید نے قطری اور چینی کمپنیوں کے مالکان کے بارے میں استفسار کرتے ہوئے کہا کہ ہر چینی کمپنی کے پیچھے کوئی نہ کوئی چہرہ ہے۔
سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگہ نے بریفنگ میں بتایا کہ گوادرمیں ہمیں بہت بڑی سرمایہ کاری کی امید ہے، 300 میگا واٹ کے منصوبے پر چینی کمپنی کام کرے گی۔
سیکرٹری پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ ابھی تک گوادر نیشنل گرڈ سے منسلک نہیں، پہلے یہ ایران سے آنے والی ٹرانسمیشن لائن سے منسلک تھا، وزیراعظم نے گوادر کو نیشنل گریڈ سے منسلک کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس میں ڈیڑھ سال لگے گا۔
سیکرٹری پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ اس وقت ایران سے 105 میگا واٹ بجلی درآمد کی جا رہی ہے، تھر میں کوئلے کے منصوبے میں 70 میٹر تک کھدائی ہو چکی ہے 130 میٹر پر کوئلہ نکلے گا۔
چیئرمین پی اے سی خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ چین سے لیا گیا کل قرضہ 35 ارب ڈالر ہے، یہ بھی بتایا جائے کہ قرض کی کیا شرائط ہیں اور اس پر شرح سود کتنا ہے، چین دیگر ممالک میں سرمایہ کاری پر شرح سود کتنا وصول کرتا ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہاکہ پارلیمنٹ کے لان میں جمہوریت کیلئے قربانیاں دینے والے شہداءکی یاد میں یادگار تعمیر کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کے لان میں جمہوریت کیلئے قربانیاں دینے والوں کی یاد میں یاد گار کا افتتاح کرنے کی تقریب کے موقع پر اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ یاد گار کی تعمیر کا سہرا چیئرمین سینیٹ رضاربانی کوجاتاہے، آج ہمیں جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کا عہد کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل کے واقعے سے پارلیمنٹیرینز کے سر جھکے ہوئے ہیں، ہمیں پارلیمنٹ سمیت ہرجگہ سننے اوربرداشت کرنے کی پالیسی اپنانا ہوگی، اس واقعے سے ان لوگوں کے ہاتھ مضبوط ہوئے جو جمہوریت نہیں چاہتے، ہمیں اپنے رویوں سے جمہوریت کو مستحکم کرنا ہے۔ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ دیکھنا یہ ہے کہ ہم یہاں ہاتھا پائی کر نے آئے ہیں یا عوامی مسائل حل کرنے۔ یادگار جمہوریت کیلئے قربانیاں دینے والوں کی یاد میں بنائی گئی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) اگر تو آپ واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں تو بہت جلد آپ کو مختلف کاروباری اداروں سے رابطوں کا سامنا ہوگا۔
جی ہاں فیس بک نے واٹس ایپ سے آمدنی کے حصول کا فیصلہ کیا ہے اور کاروباری ادارے اب براہ راست اس ایپ کے ایک ارب سے زائد صارفین سے رابطہ کرسکیں گے۔
واٹس ایپ نے اپنے نئے بزنس ٹول کی آزمائش شروع کردی ہے اور یہ کمپنی کاروباری اداروں سے صارفین سے رابطہ کرنے کے لیے فیس لے گی جبکہ صارفین کو اسپام پیغامات کے سیلاب کے لیے تیار ہونا پڑے گا۔
واٹس ایپ نے گزشتہ سال اپنے صارفین سے ٹوکن فیس لینے کا سلسلہ ختم کردیا تھا جبکہ فیس بک 2014 میں اس ایپ کو خریدنے کے بعد سے اسے آمدنی کے لیے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔
اس بزنس چیٹ ٹول سے صارفین کو اپنے بینک سے رابطہ یا فضائی کمپنیوں سے پروازوں کے بارے میں جاننے کا موقع مل سکے گا۔
واٹس ایپ نے یہ بزنس ٹول وائے کومبنیٹر کے اشتراک سے متعارف کرایا ہے جس کے صدر کا کہنا ہے کہ وہ واٹس ایپ کے اس ٹیسٹ واقف تو نہیں مگر ہم نے دیکھا ہے کہ متعدد کمپنیاں اس ٹول کے ذریعے اپنی مصنوعات کی تشہیئر کرنا چاہتی ہیں۔
ایک کمپنی نے اس حوالے سے بتایا کہ یہ بہت بڑا موقع ہے کیونکہ اس سے بھارت، برازیل اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں کاشتکاروں کو واٹس ایپ کے ذریعے صارفین تک رسائی کا موقع مل سکے گا'۔
ابھی یہ آزمائش ابتدائی مراحل میں ہے مگر توقع کی جارہی ہے کہ اس کا اطلاق ان علاقوں میں زیادہ ہوگا جہاں واٹس ایپ بہت زیادہ مقبول ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(صحت / میرپورخاص) میرپورخاص میں بھی گُردوں کا عالمی دن منایا گیا۔ اس موقع پرمختلف تنظیموں اور اداروں کے تعاون سے گردوں سے متعلق عوام کی آگا ہی کے سلسلہ میں سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس سے میمان خصوصی کمشنر شفیق احمد مہیسر،ڈی آئی جی جاوید عالم اوڈھو،اور مختلف ماہرین جگر امرض نے خطاب کیا۔

 

 

کراچی (کراچی/تعلیم) محکمہ تعلیم کالجز سندھ نے وزیر اعلیٰ سند ھ کی منظوری کے بعد گورنمنٹ گرلز کالج متصل اپوا اسکول لیاقت آباد کو پاکستان کی پہلی شہید پائلٹ آفیسر مریم مختار کے نام سے موسوم کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد سپر مارکیٹ سے متصل نو تعمیر شدہ گورنمنٹ گرلز کالج کو گورنمنٹ مریم مختار گرلز ڈگری کالج، لیاقت آباد کا نام دیدیا گیا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ گورنمنٹ ڈگری کالج کے ایم سی پارک لیاقت آباد میں400سے زائد طالبات زیر تعلیم ہیں اور یہ کالج پہلے قائد ملت کالج (شام) لیاقت آباد سندھی ہوٹل کی عمارت میں صبح میں چل رہا تھا .

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی ) اعلیٰ تعلیم کی سطح پر اردو کو ذریعہ تعلیم بنانے کے لیے انگریزی میں مشتمل سائنسی، تکنیکی اور دیگر علمی اصطلاحات کو اردو میں اسی طرح اختیار کیا جائے۔ تاکہ اصطلاحات کے ترجمے کی بحث کا خاتمہ ہو، اس موضوع پر کیسبٹ میں ایک سیمینار منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی ایچ سی جے کے ڈائریکٹر ایم اقبال چوہدری تھے۔ مقررین میں پروفیسر کرامت اللہ حسینی، ڈاکٹر وسیم قاضی، پروفیسر ڈاکٹر منصور احمد اور ڈاکٹر زبیر احمد شامل تھے۔ سیمینار کی صدارت کیسبٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد رئیس علوی نے کی، سیمینار میں ڈاکٹر اقبال چوہدری نے کہا کہ اردو میں انگریزی اصطلاحات کے ترجمے کی ضرورت نہیں ہے ۔ حقیقت پسندانہ نقطہ نظریہ ہے کہ تعلیم اردو میں دی جائے تاکہ طلبہ کو تفہیم میں آسانی ہو اور صحیح بات مکمل طور پر ان کے ذہن نشین ہو سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ اخلاقی طور پر بھی ہمیں اصطلاحات کا ترجمہ نہیں کرنا چاہیے اور انہیں اردو میں اسی طرح اختیار کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر وسیم قاضی نے کہا کہ اردو میں اصطلاحات کے ترجمے میں بہت وقت ضائع ہو چکا ہے اور پھر ترجموں کی نوعیت بھی کبھی کبھی قابل قبول نہیں ہوتی اس لیے انگریزی اصطلاحات کو اردو میں ترجمہ کرنے کی مشقت سے گریز کیا جائے اور انگریزی اصطلاحات کو بعیں ہی اختیار کیا جائے، ڈاکٹر منصور نے موضوع کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ انگریزی اصطلاحات کو آسانی سے قبول کرلے گاْ۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ خود طلبہ کو اردو زبان میں اس طرح پڑھاتے ہیں کہ انگریزی اصطلاحات کو انگریزی میں ہی بتاتے ہیں اور اس طرح سمجھانے میں طلبہ زیادہ بہتر طور پر سمجھتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد زبیر احمد نے موضوع کے حق میں تقریر کرتے ہوئے اصطلاحات کا ترجمہ کیے بغیر پڑھانے کی تائید کے بعد اردو کو ذریعہ تعلیم، تدریس بنانے میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہتی، اورک کے ڈاکٹر کرامت علی حسینی نے موضوع کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کرتے ہوئے کئی اہم سوالات اُٹھائے، اُنہوں نے کہا کہ دنیا میں قومیں اپنی زبان میں کام کرتی ہیں اور تعلیم دیتی ہیں، انگریزی زبان کو ہم واحد ترقی کا ذریعہ سمجھتے ہیں، یہ بات ہماری ترقی میں رکاوٹ ہے، ہمیں ان قوتوں کی طرف دیکھنا چاہیے جو اپنی زبانوں میں تعلیم دے کر دنیا میں صف اول میں کھڑی ہیں۔ سیمینار کے صدر ڈائریکٹر کیسبٹ پروفیسر محمد رئیس علوی نے نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر عبدالسلام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی یونیورسٹی میں ڈاکٹر عبدالسلام کی آمد پر ذریعہ تعلیم کے مسئلے پر جب اُن سے بات کی گئی تو اُنہوں نے کہا کہ اردو کو ذریعہ تعلیم بنایا جائے اور انگریزی اصطلاحات کو اردو میں اسی طرح اختیار کیا جائے، پروفیسر رئیس علوی نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالسلام کی رائے کو حتمی سمجھنا چاہیے اور بلا کسی تعمل کے اصطلاحات کے ترجمے کا عذر ختم کر کے انگریزی اصطلاحات کو ہمیں بھی اختیار کر کے آگے بڑھنا چاہیے کیوں کہ جاپان اور دیگر ممالک نے بھی انگریزی اصطلاحات کو اسی طرح رکھا مگر اپنی زبان میں ان کو جذب کرلیا ہم بھی یہی کر سکتے ہیں اور اس کے بعد اردو کو ذریعہ تعلیم، تدریس بنانے میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہتی، آخر میں پروفیسر رئیس علوی نے تجویز پیش کی کہ ایوان کی رائے لی جائے، کیسبٹ کے رجسٹرار نعمان عادل نے قرارداد پڑھ کر سنائی اور پورے ایوان میں متفقہ طور پر قرارداد کو منظور کرلیا۔