اتوار, 19 مئی 2024

 

ایمز ٹی وی(تجارت) سندھ میں گندم کی نئی فصل کی سرکاری خریداری15 مارچ سے شروع ہو جائے گی اس سال بھی گندم کا سرکاری ریٹ 1300 روپے فی من( 40 کلوگرام) برقرار رکھا گیا ہے۔ اس سال 12 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
سندھ میں اس سال11لاکھ 66 ہزارہیکٹرز پر گندم کی فصل کاشت کی گئی ہے۔ ڈگری سب ڈویژن سمیت میرپورخاص ڈویژن میں گزشتہ ماہ فروری کے آخری ہفتے سے گندم کی نئی فصل تیار ہو چکی ،جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی تقریبا گندم کی نئی فصل تیار ہو چکی ہے۔
محکمہ خوراک کی جانب سے تاحال گندم کی سرکاری خریداری کے مراکز قائم نہیں کئے جا سکے ہیں،جس کے باعث چھوٹے آباد گارکم ریٹ پر اپنی فصل فروخت کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں سندھ آباد گار بورڈ نے گندم کے آباد گاروں کے اس اہم مسئلے پر 13 مارچ کو آبادگاروں کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔
چیمبر آف ایگر یکلچر کے رہنماؤں نے بھی سرکاری خریداری مراکز نہ کھولنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ محکمہ خوراک نے صوبے میں 15 مارچ سے گندم کی سرکاری خریداری شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اور اس سال گندم کی سرکاری خریداری کا ہدف 12 لاکھ ٹن( ایک کروڑ 20 لاکھ بوری) مقرر کیا ہے۔
گزشتہ سال 11 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کی گئی تھی۔جبکہ اس سال 12 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کے لئے انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں۔ اس سال گندم کے ریٹ میں اضافہ نہیں کیا گیا اور گزشتہ سال کا ریٹ 1300 سو روپے فی من کا ریٹ ہی برقرار رکھا گیا ہے۔
محکمہ خوراک سندھ کے ڈائریکٹر محمد بچل راھپوٹو کے مطابق لوئر سندھ میں15 مارچ سے گندم کے آباد گاروں کو بادانہ فراہم کر کے گندم کی خریداری شروع کر دی جائے گی،جبکہ یکم اپریل سے اپر سندھ گندم کی خریداری شروع ہو جائے گی۔معلوم ہوا ہے کہ سندھ کے صوبائی وزیر خوراک نثار احمد کھوڑو آئندہ چند روز میں گندم کی سرکاری خریداری کا باقاعدہ اعلان کر دینگے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ اگلے ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی کے لئے ویسٹ انڈیز کا دورہ بہت اہم ہے۔ ٹیم کو 2019 ون ڈے ورلڈکپ تک براہ راست رسائی دلانا ہدف ہے جس کے حصول کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہوگی۔
فتوحات سمیٹنے کیلئے کھلاڑیوں کو دفاعی انداز بدل کر جارحانہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ خیال رہے کہ پی سی بی نے دورے کیلئے ٹریننگ کیمپ کیلئے 31 کھلاڑیوں کو منتخب کیا جو ہفتے سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تربیت کا آغار کریں گے۔
اظہر علی کی جگہ ون ڈے قیادت سنبھالنے والے سرفراز نے اس حوالے سے ایک انٹریو میں کہا کہ قومی ٹیم کا کپتان مقرر ہونا میرے لئے باعث اعزاز ہے۔ پی سی بی حکام نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے اس پر ان کا شکرگذار ہوں، کوشش ہو گی کہ ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے اسے دوبارہ کامیابیوں کے سفر پر گامزن کروں۔
اس وقت ٹیم کو 2019 ورلڈکپ کوالیفکیشن سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں 300رنز کا ہدف بھی محفوظ نہیں، ہماری ٹیم کا ہدف کے تعاقب میں ریکارڈ اچھا نہیں، کھلاڑیوں کو کھیلنے کا انداز بدلنا ہوگا۔ دریں اثنا قومی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز سے سرزمین پر سامنے کرنے کے لئے اپنی تیاری ہفتے سے شروع کرے گی۔
کیمپ کے اختتام پر دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔ ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے ٹریننگ کیمپ میں طلب کیے جانے کو انٹرنیشنل کرکٹ میں نئی زندگی سے تعبیر کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ میرے نئی زندگی اور انٹرنیشنل کیریئر کیلئے امید کی نئی کرن ہے۔ میں نے اس موقع کے حصول اور قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے کیلئے بہت سخت محنت کی اور کیمپ کیلئے منتخب کرنے پر میں سلیکٹرز کا شکر گزار ہوں۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کھیل پیش کرنے کے بعد پی ایس ایل میں بھی عمدہ کارکردگی کیلئے بے چین تھا اور میں اس کارکردگی کا سہرا کپتان ڈیرن سیمی اور کوچ محمد اکرم کے سر باندھتا ہوں جنہوں نے مجھے اوپر کے نمبروں پر کھلایا ۔
انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور کپتان کی موجودگی میں اسپیشلسٹ بیٹسمین کی حیثیت سے اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا اوراور موقع ملا تو ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کی کوشش کروں گا۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی کے کامران اکمل 353 رنز بنا کر پی ایس ایل ٹو کے سب سے کامیاب بیٹسمین رہے تھے۔ انہوں نے وکٹوں کے پیچھے 12 شکار بھی کئے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ کے معاملہ پر ایف آئی اے کی ابتدائی رپورٹ وزیرِ داخلہ کو پیش کردی گئی ،جس میں پی ایس ایل کے دوران اسپاٹ فکسنگ کی روک تھام کے حوالہ سے کئے گئے اقدامات اور کھلاڑیوں کے ملوث ہونے کے خدشات سے متعلق اہم نکات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے مہیا کردہ معلومات اور موجود شواہد کا فرانزک جائزہ لے کر ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کے موبائل فونز سے پیغامات مٹائے جانے کے معاملہ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اس بات کی تحقیقات کی جا سکیں کہ کن کھلاڑیوں کا بکیوں سے رابطہ تھا اور ان کے درمیان کیا معاملات طے پائے تھے۔
وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ معاملہ محض چند کرکٹرز کے ذاتی فعل اور بد عنوانی کا ہی نہیں بلکہ ایسی خبروں سے ملک کی نیک نامی متاثر ہوتی ہے لہٰذا اس مسئلہ کی مفصل اور ہر زاویے سے تحقیقات ضروری ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے کسی دبائو یا اثر و رسوخ سے متاثر ہوئے بغیر معاملہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے۔
انہوں نے ایف آئی اے کو تحقیقات جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ دوسری جانب پاکستان کر کٹ بورڈ نے پی ایس ایل میں سامنے والے اسپاٹ فکسنگ کیس میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے شر جیل خان اور خالد لطیف کے بعد مزید دو کھلاڑیوں شاہ زیب حسن اور محمد عرفان کو بھی اس میں شامل کر لیا ہے۔
پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے پاکستان سپر لیگ کے دوران سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے فاسٹ بولر محمد عرفان اور شاہ زیب حسن کو طلب کر لیا ہے۔ پی سی بی نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے ان دونوں کھلاڑیوں کو پیش ہونے کا نوٹس بھیج دیا ہے ۔ دونوں کھلاڑی اگلے ہفتے پی سی بی کے ٹریبونل کے سامنے پیش ہوں گے اور کھلاڑیوں اسپاٹ فکسنگ میں مبینہ طورپر بکیز سے رابطوں کے حوالے سے سوالات پوچھے جائیں گے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا امجد حسین نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ محمد عرفان پیر کو پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوں گے جبکہ شاہ زیب حسن منگل کو پیش ہوں گے، انہوں نے کہاکہ اینٹی کرپشن یونٹ دونوں کھلاڑیوں سے سوال جواب کے بعد چارج شیٹ کا فیصلہ کرے گا۔
انھوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کو ان کے خلاف انکوائری اور ثبوت کے حوالے سے جواب دینا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خالد لطیف اور شرجیل خان کے خلاف ٹریبیونل کی تفتیش اگلے ہفتے متوقع ہے۔
 
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) آسٹریلین فاسٹ بولر مچل اسٹارک فٹنس مسائل کی وجہ سے بھارت کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق مچل اسٹارک دائیں پائوں میں اسٹریس فریکچر ہوا ہے، ان کی انجری سنجیدہ نوعیت کی ہے۔
ٹیم فزیو ڈیوڈ بیکلے کا کہنا ہے کہ مچل اسٹارک کو بنگلور ٹیسٹ کے دوران پائوں میں تکلیف شروع ہوئی جس کے بعد ان کا اسکین کرایا گیا۔ان کے پائوں میں اسٹریس فریکچر آیا ہے، انہیں علاج کی غرض سے وطن واپس بھیج دیا گیا ہے۔
 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے انٹرنیشنل کی نئی رینکنگ جاری کردی، اے بی ڈی ویلیئرز ایک بار پھر نمبر ون بن گئے ہیں۔ون ڈے انٹر نیشنل رینکنگ میں جنوبی افریقی بیٹسمین ڈی ویلیئرز 875 پوائنٹس کے ساتھ دوبارہ نمبر ون بن گئے، انہوں نے ڈیوڈ وارنر کو نمبر 2 پر دھکیل دیا ہے۔
ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر آ گئے، جوئے روٹ چوتھے، فاف ڈوپلیسی اور کوانٹن ڈی کاک ایک ایک درجہ تنزلی کے ساتھ پانچویں اور چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ مارٹن گپٹل ساتویں، کین ولیمسن آٹھویں اور پاکستان کے بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے ساتھ 9 ویں نمبر پرآگئے جب کہ اسٹیو اسمتھ دسویں نمبر پر ہیں۔
ون ڈے ٹیموں کی درجہ بندی میں پاکستان کیلئے بظاہر کوئی تبدیلی نہیں ہے اور بدستور آ ٹھویں پوزیشن پر ہے،پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران ون ڈے سیریز جیت گئی تو ورلڈ کپ 2019ء میں براہ راست کوالیفائی کیلئے کرنے کی جانب ایک اور قدم بڑھے گا ۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے پوائنٹس 89 ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے پوائنٹس 84 ہیں اور اگر پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز جیت لی تو ورلڈکپ 2019میں براہ راست کوالیفائی کرنے کی راہ مزید ہموار ہو جائے گی جبکہ ویسٹ انڈیز شدید مشکلات سے دوچار ہو جائے گا۔
نئی درجہ بندی میں جنوبی افریقی ٹیم نے آسٹریلیا سے پہلی پوزیشن چھین کر اس پر قبضہ کرلیا نمبر ون ٹیم آسٹریلیا دوسرے نمبر پر آ گئی ہے جبکہ نیوزی لینڈ تیسرے، بھارت چوتھے، انگلینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، پاکستان آٹھویں، ویسٹ انڈیز نوویں اور افغانستان دسویں نمبر پر موجود ہے۔
دوسری جا نب پاکستان پوائنٹس ٹیبل پرآٹھویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کا نواں نمبر ہے۔ بولنگ میں عمران طاہر بدستور سرفہرست ہیں، پاکستان کا کوئی بولر ٹاپ 10 میں شامل نہیں، محمد عرفان ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 18 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن ٹاپ پر موجود ہیں جب کہ محمد حفیظ کی چوتھی پوزیشن برقرارہے۔
 

 

ایمزٹی وی(کراچی)100 روزہ صفائی مہم کے اختتام پر کراچی کے مئیر وسیم اختر کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی کی21 یوسیز میں صفائی مہم شروع کی گئی تھی اور سندھ حکومت نے مہم میں ساتھ دینے اور تعاون کا یقین دلایا تھا لیکن معاملہ اس کے برعکس ہوا وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ہمارا ساتھ نہ دیا بلکہ کنٹونمنٹ کا کچرا بھی ہمارے حصے میں ڈال دیا گیا اور وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے صفائی مہم و میئر کو ناکام بنانے کی سازشیں شروع کردی گئیں اور مہم کو ناکام بنانے کے لئےصرف سرخ فیتے کا استعمال کیا گیا۔
 
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ 100 روزہ صفائی مہم کے لئے ہمیں کسی قسم کے وسائل نہیں دیئے گئے اختیارات اورمحدود وسائل کے ساتھ بھی ہماری پوری ٹیم نے کام کیا اور 21 یونین کونسلز سے 10 لاکھ ٹن کچرا اٹھایا گیا گجر نالے سے تجاوزات ختم کر دی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کوئی چیز چھپانا نہیں چاہتے ہم حقائق عوام کے سامنے لانا چاہتے ہیں، ہمیں جومینڈیٹ دیا گیا ہے اسی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ کراچی اپنے صوبے کو 85 فیصد بجٹ فراہم کرتا ہے، کراچی کومحروم رکھنے کے لیے سندھ حکومت کو 100 میں سے 100 نمبر ملنے چاہییں۔
مئیر کراچی کا کہنا تھا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ مئیر کی ناکامی کی وجہ سے آئندہ عام انتخابات میں عوام میں پذیرائی حاصل کرلیں گے وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں کیوں کہ عام انتخابات میں ہم گزشتہ انتخاب سے زیادہ کامیابی حاصل کریں گے۔ حکومت کو سمجھنا چاہئے کہ مئیر کی ناکامی وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی بھی ناکامی ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹھیکے دینےمیں ہماری کوئی دلچسپی نہیں، ٹھیکے دینے کے بعد دبئی چلے جانے سےمسائل حل نہیں ہوں گے، ہم نہیں چاہتے کہ پیسے کا ضیاع ہو ہم کسی بھی ضلع میں کوئی غلط کام نہیں ہونے دیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)لانڈھی انڈسٹریل ایریا میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے شہر بھر کا فائر بریگیڈ عملہ مصروف ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں گارمنٹس فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی، واقعہ کے بعد فائر بریگیڈ کو طلب کرلیا گیا جس نے آگ بجھانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیاں اور 2 واٹر باؤزر آگ بجھانے میں مصروف ہیں، آگ تیسرے درجے کی شدت اختیارکرگئی ہے اور شہر بھر سے فائر بریگیڈ کا عملہ اور آلات طلب کرلیے گئے ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں مزدوروں کی بڑی تعداد کام کرتی ہے تاہم نماز جمعہ کی وجہ سے فیکٹری میں کم لوگ موجود تھے جب کہ آگ لگنے کے وقت جو لوگ فیکٹری میں موجود تھے انہوں نے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر داخلہ چوہدری نثار نے گزشتہ ایک برس کے دوران قتل اور اقدام قتل کے واقعات میں اضافے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں خواتین کی عزت نہیں رہی۔
سینیٹ اجلاس کے دوران وفقہ سوالات پر تحریری جواب جمع کراتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بتایا کہ 2015 میں خواتین کے ساتھ زیادتی کے 15 واقعات رپورٹ ہوئے جب کہ 2016 میں خواتین کے ساتھ زیادتی کے 39 واقعات رپورٹ ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں خواتین کی عزت محفوظ نہیں رہی، گزشتہ ایک برس کے دوران اسلام آباد میں خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں 160 فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سال کے دوران 9 بچوں کو بازیاب کرایا گیا جب کہ 7 بچے تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
اس کے علاوہ وزرات داخلہ کی جانب سے 2016 میں ملک بھر سے گرفتار کئے گئے دہشت گردوں کی تفصیلات بھی سینیٹ میں جمع کرائی گئیں جس میں بتایا گیا کہ گزشتہ برس خیبر پختونخوا سے 799 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا جب کہ پنجاب سے 418، سندھ سے 178 اور بلوچستان سے 40 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات پر بتایا کہ تخریب کاری کے لئے دہشت گردوں کو رقوم کی فراہمی روکنے کے اقدامات کئے گئے، نیشنل ایکشن پلان کے تخت دہشت گرد تنظیموں کو رقوم کی فراہمی روکنے کے لیے سب کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کالعدم تنظیموں پر بینک اکاوٴنٹس کھولنے یا مالیاتی سہولت حاصل کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے، انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت 4 ہزار 461 بینک اکاوٴنٹس منجمد کئے گئے جن میں 40 کروڑ روپے موجود ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سینیٹ نے توہین رسالت کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ سینیٹ کے اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ق) کے سینیٹر کامل علی آغا نے توہین رسالت کے خلاف قرارداد پیش کی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان کا قانون ناموس رسالت، ناموس انبیاء اور ناموس صحابہ کو تحفظ دیتا ہے، ہم انبیاء کی توہین کی اجازت نہیں دے سکتے، حالیہ دنوں میں کچھ عناصر نے قانون کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے شان رسالت میں گستاخی کی، حکومت ایسے گستاخانہ مواد کو روکے، گستاخانہ مواد پھیلانے والے اور ان کے سہولت کاروں کو نشان عبرت بنادیں۔ جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔
قرارداد کی منظوری سے قبل قائد حزب اختلاف بیرسٹر اعتزاز احسن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جلوس اور ویب سائٹس کی بندش اس معاملے کا حل نہیں، شیطانی حرکتیں کرنے والوں کے ہاتھوں یر غمال نہیں ہوسکتے، ہمیں ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جن سے اہداف کا حصول ممکن ہو، اس سلسلے میں ایوان بالا قوم کی رہنمائی کرے.
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے آرمی ایکٹ 2017 کے ترمیمی بل کی حمایت سے انکار کردیا۔
 
قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے آرمی ایکٹ 2017 میں ترمیم کے بل پر اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب، قبیلہ یا ملک نہیں لیکن آرمی ایکٹ 2017 ترمیمی بل میں مذہب و فرقے کا
ذکر کیا گیا ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے پروں کے نیچے منظم تنظیمیں ہوں تو یہ کیسی دہشت گردی کی جنگ ہے، خدارا ان منظم مسلح تنظیموں سے جان چھڑائی جائے اور بتایا جائے کہ نوجوانوں کے کندھے پر لانچر اور بندوق کس نے رکھی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کے ساتھ ہیں لیکن دہشت گردی کا جب بھی ذکر ہو اسے اسلام سے جوڑا جاتا ہے، دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنا کسی طور پر بھی منصفانہ نہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ریاست کو چیلنج کرے تو نمٹنا ریاست کا کام ہے لیکن امتیازی طور پر قوانین کا استعمال اچھا تاثر نہیں اس لئے بل تسلیم نہیں کر سکتے۔