ھفتہ, 18 مئی 2024

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ کے باولنگ ایکشن کے بائیو مکینک ٹیسٹ کیلئےآئی سی سی سے درخواست کر دی ہے۔  پہلے تو بورڈ کاخیال تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بعد محمد حفیظ کا ٹیسٹ کرایا جائے، لیکن اس کی رپورٹ 14 روز میں موصول ہوتی،اس طرح وہ ورلڈ کپ کے 2 میچوں میں باولنگ نہیں کر سکیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا ری اسسمنٹ بہت جلد کرانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ پی سی بی چاہتاہے کہ حفیظ کے ٹیسٹ کیلئے 28 جنوری کی تاریخ مل جائے، تاکہ ورلڈ کپ سے پہلے ہی فیصلہ ہو جائے ۔ اگر ایکشن کلئیر ہو جاتا ہے تو حفیظ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے خلاف اہم میچز میں باولنگ کر سکیں گے۔

 ایمز ٹی وی (سائنس و ٹیکنالوجی) جاپانی سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بہت جلد تھری ڈی پرنٹر کے ذریعے اپنی مرضی کے مطابق انسانی جلد، ہڈیاں اور جوڑ تیار کر سکیں گے۔ سویوشی ٹکاٹو (Tsuyoshi Takato) ٹوکیو ہاسپٹل یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں۔ ٹکاٹو کے مطابق ان کی ٹیم ایک ’نیکسٹ جنریشن بائیو تھری ڈی پرنٹر‘ کی تیاری پر کام کر رہی ہے، جو بائیو میٹریل کی بہت باریک تہیں بنائے گا، جن کی مدد سے اپنی مرضی کے مطابق اعضاء تیار کیے جا سکیں گے۔ ان کی ٹیم کے ماہرین اسٹیم سیل، پروٹو سیل جو جسم کے کسی بھی حصے کی شکل اختیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ایسی پروٹینز کو ملاتے ہیں، جو نشوونما میں اضافے میں مدد کرتے ہیں۔ ان میں انسانی کولیجن جیسا سنتھیٹک مادہ بھی شامل کیا جاتا ہے۔ کولیجن ہڈیوں کے گودے میں موجود ہوتا ہے۔

ٹکاٹو کے مطابق ایک تھری ڈی پرنٹر کے استعمال سے یہ ماہرین ایک جسمانی عضو کے اسٹرکچر کی طرز پر اعضاء تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جن میں سخت سطح کے علاوہ ہڈیوں کے اندر موجود اسپونج کی طرح کا مادہ بھی شامل ہو گا۔

سویوشی ٹکاٹو کے مطابق، ’’ہم عام طور پر کارٹیلیج (Cartilage) یعنی کُرکری ہڈی یا ہڈی مریض کے ہی جسم سے لیتے ہیں، لیکن جس منصوبے پر ان کی ٹیم کام کر رہی ہے، اس میں بنیادی مواد مریض کے جسم سے لینے کی ضرورت نہیں ہو گی۔‘‘

اس ٹیکنالوجی میں کامیابی ایسے بچوں کے لیے بھی امید کی ایک کرن ثابت ہو گی، جو ہڈیوں یا کارٹیلیج کے مسائل کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔ چونکہ ایسے بچوں کی نشو ونما کی شرح بہت زیادہ نہیں ہوتی، اس لیے ان کے لیے ریگولر سنتھیٹک امپلانٹس فائدہ مند نہیں ہوتے۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان عمرہ کرکے بھی جھوٹ بولنے سے باز نہیں آئے، انتخابات کو 70 ہزار مبصرین نے شفاف قرار دیا اس لئے عمران خان بھی اسے تسلیم کر لیں اور خدا کے گھر میں اپنے لئے سچ بولنے کی دعا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جوڈیشل کمیشن کے قیام کی بات کرتے ہیں تو کمیشن کے دائرہ کار میں لفظ منظم دھاندلی شامل کرنے سے کیوں گھبراتے ہیں اور نہ جانے فوجی عدالتوں کی مخالفت کرنے والے دہشت گردوں کو نیست ونابود کرنے کی دعا کب مانگیں گے

ایمز ٹی وی(نیوز ڈیسک) اپنی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان میں ایران کے رہبر اعلیٰ نے کہا کہ وہ یورپ اور شمالی امریکہ کے نوجوانوں کے لیے یہ پیغام اس لیے لکھ رہے ہیں کہ وہ اپنے ممالک کا مستقبل ہیں۔

مغربی ممالک کے نوجوانوں کے نام کھلے خط میں آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ وہ متعصب رویوں پر کان دھرنے کی بجائے قرآن پڑھیں اور پھر ’غیر جانبدارانہ فیصلہ‘ کریں۔

انھوں نے کہا کہ وہ فرانس میں حالیہ واقعات کی وجہ سے یہ خط لکھنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

اس ماہ کے آغاز میں پیرس میں ہونے والے دو حملوں میں اسلامی جنگجوؤں نے سترہ افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ وہ اسلام کی ’مناسب، درست اور غیر متعصب‘ سمجھ بوجھ حاصل کریں اور اس مذہب کے متعلق اپنا نظریہ بنائیں۔

ایران نے چارلی ہیبڈو کے دفتر پر حملے کی مذمت کی لیکن اس کے ساتھ ساتھ گزشتہ ہفتے میگزین کی جانب سے پیغمبرِ اسلام کا خاکہ چھاپنے کی بھی مذمت کی ہے۔

ایمز ٹی وی(نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست بہار میں ایک عدالت کے احاطے میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

یہ واقعہ جمعے کو مشرقی بھارت میں ضلع بھوج پور میں پیش آیا جہاں پولیس کے مطابق عدالت کو دیسی ساختہ بم حملے میں نشانہ بن

بھوج پور کے سینیئر پولیس سپرنٹنڈنٹ محمد ساجد نے کہا کہ ہلاک شدگان میں ایک عورت بھی شامل ہے اور دس افراد دھماکے میں زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں پولیس کا ایک جوان بھی شامل ہے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی مقامی مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ پولیس جوانوں کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔

دھماکہ عدالتی احاطے کے اس حصے میں ہوا جہاں زیر سماعت مقدمات کے قیدیوں کو جیل سے لا کر رکھا جاتا ہے۔

ایمز ٹی وی(کراچی) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی کےطابق انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس (ریگولر)، ہیومینیٹیز (ریگولر) اور ہوم اکنامکس گروپس کے ضمنی امتحانات برائے 2014ء کی مارکس شیٹس تیار کردی گئی ہیں۔ طلباء اپنے کالجوں سے مارکس شیٹس حاصل کرسکتے ہیں۔ محمد عمران خان چشتی نے مزید بتایا کہ سائنس، کامرس اور ہیومینیٹیز کے پرائیویٹ اُمیدواروں کی مارکس شیٹس ان کے گھروں کے پتہ پر روانہ کردی گئی ہیں جب کہ کالج کے نمائندے بروز بدھ 21 جنوری 2015ء کو کالج کے اتھارٹی لیٹر کے ساتھ بورڈ کے متعلقہ سیکشن سے حاصل کرسکتے ہیں۔

ایمز ٹی وی(کراچی) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے انٹرمیڈیٹ سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس ریگولر، کامرس پرائیویٹ، آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ اور ہوم اکنامکس گروپ کے ضمنی امتحانات برائے 2014ء کے اسکروٹنی فارم جمع کرانے کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔محمد عمران خان چشتی کے مطابق ان تمام گروپس کے اسکروٹنی فارم متعلقہ سیکشن سے ضروری تصدیق کے بعد بروز جمعرات 22 جنوری 2015ء سے بروز پیر 23 فروری 2015ء تک انٹربورڈ میں واقع بینک برانچ میں جمع کرائے جاسکتے ہیں، تاریخ گزرنے کے بعد اسکروٹنی فارم قابل قبول نہیں ہوں گے۔ محمد عمران خان چشتی نے مزید باتیا کہ انٹرمیڈیٹ کے ان تمام گروپس کے ریگولر امیدواروں کی مارکس شیٹس کالجوں کو روانہ کردی گئی ہیں ، ریگولر طلباء اپنے کالجوں سے مارکس شیٹس حاصل کرسکتے ہیں جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کی مارکس شیٹس ان کی جانب سے دیئے گئے پتوں پر روانہ کردی گئی ہیں۔

ایمز ٹی وی(کراچی) ثانوی تعلیمی بورڈ، کراچی کے ناظم امتحانات نعمان احسن کے اعلامیہ کے مطابق میٹرک کے ضمنی امتحان برائے سال 2014کے نتائج کا اعلان 23جنوری 2015بروز جمعہ سہ پہر 03بجے کیا جائے گا۔

ایمز ٹی وی(کراچی) جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کے اعلامیہ کے مطابق بی اے ریگولروپرائیوٹ کے سالانہ امتحانات 2014 ء جمعہ 23 جنوری 2015 ء سے شروع ہورہے ہیں۔ طلبا ء کیلئے جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں19 امتحانی مراکز جبکہ طالبات کیلئے شہر کے مختلف کالجزمیں29 سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امسال بی اے ریگولروپرائیویٹ کے امتحان میں34665طلباء وطالبات شرکت کریں گے جس میں بی اے ریگولر سال اول کے1250طلباء اور 9150 طالبات شامل ہیں جبکہ سال دوئم میں750طلباء اور6370طالبات شامل ہیں۔ اسی طرح بی اے پرائیویٹ سال اول کے امتحانات میں 4004طلباء اور6074 طالبات شامل ہیں،جبکہ سال دوئم میں2922 طلباء اور4415 طالبات شامل ہیں۔ واضح رہے کہ امتحانات دوپہر 2:00 تاشام 5:00 بجے جبکہ بروز جمعہ دوپہر 2:30 تاشام 5:30 بجے منعقد ہونگے۔

ایمز ٹی وی (کوہاٹ): جمعرات کو پولیو کے ایک نئے کیس کا انکشاف ہونے کے بعد کوہاٹ انتظامیہ نے بچے کے والد کو پولیو کے قطرے نہ پلوانے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

دو ہیلتھ سپروائزروں اور ایک پٹواری کو بھی اپنے فرائض میں غفلت برتنے پر تحویل میں لے لیا گیا۔

یاد رہے کہ تین سالہ محمد رواں سال ضلع کوہاٹ کے علاقے ڈھوڈھا میں پولیو کا شکار ہونے والا دوسرا کیس ہے۔

کوہاٹ کے ڈپٹی کمشنر ریاض خان محسود نے ڈان کو بتایا کہ انکوائری کے بعد جب انھیں علم ہوا کہ بچے کے والد ملا محمد یوسف نے پولیو رضاکاروں کو اپنے بچے کو قطرے پلانے کی اجازت نہیں دی تھی تو انھوں نے بچے کے والد کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے۔

گرفتار کیے گئے سرکاری افسران میں سپروائزر شہزاد میر اور زر جانان جبکہ پٹواری محسن اقبال شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد کو ایم پی او (خدشہ نقص امن) کے سیکشن 3 کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان جیل بھیج دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے سے انکار کرنے پر رواں سال 56 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

جمعرات کو بھی کوہاٹ میں بچوں کو پولیو کے قظرے پلوانے سے روکنے والے دو افراد کو گرفتار کیا گیا، جن کی شناخت عامر خان اور حسن خان کے نام سے ہوئی۔