جمعہ, 03 مئی 2024

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیر اعظم نواز شریف نے سینیٹ کے انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے اور ہارس ٹریڈنگ کی حوصلہ شکنی کیلیے 22  ویں آئینی ترمیم پر کل جماعتی کانفرنس (آل پارٹیز کانفرنس) بلانے پر مشاورت شروع کر دی تاکہ سینیٹ کے الیکشن پر اتفاق رائے پیدا کیا جاسکے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم چاہتے ہیں کہ آئین کی 8 ویں ترمیم اور ایل ایف او 2002 کو ختم کر کے سینیٹ کے الیکشن کیلیے آئین کے اصل رولز کو بحال کیا جائے جس کے تحت سینیٹ کا الیکشن خفیہ رائے شماری کے بجائے اوپن طریق کار کے مطابق ہو۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطہ کے سلسلے میں قائم کی گئی 2کمیٹیوں نے بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں نواز شریف کے ساتھ ملاقات کی اور اپنی رپورٹس پیش کیں۔ ایک کمیٹی نے آئین میں 22 ویں ترمیم کا ابتدائی مسودہ پیش کیا جس کے تحت آرٹیکل 59 (1) ، 63 اے اور 226 میں تبدیلی کی سفارشات شامل ہیں۔ مجوزہ بل کے تحت وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ کے طریقہ انتخاب کی طرح سینیٹ کے الیکشن کیلیے خفیہ رائے شماری کی شرط ختم کردی جائے۔

اسی طرح فاٹا کا ہر رکن صرف ایک ووٹ ڈال سکے گا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کمیٹیوں کے ارکان سے کہا کہ وہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ اپنے روابط میں اضافہ کریں تاکہ درکار آئینی ترمیم سمیت سینیٹ انتخابات سے قبل ہارس ٹریڈنگ کی روک تھام کیلیے ضروری طریقہ کار پر اتفاق ہو سکے۔ حکام نے بتایا کہ ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کیلیے آئینی ترمیم کے بارے میں متعدد سیاسی جماعتوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ جس کے باعث حکومت نے شو آف ہینڈ اور ڈویژن کے طریقہ کار کے تحت الیکشن کرانے کے بجائے بیلٹ پیپرز پر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کے نام اور امیدواروں کیلیے پہلی اور دوسری ترجیح لکھنے کی تجویز کا بھی جائزہ لینا شروع کردیا۔ حکام کے مطابق مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف کے درمیان بیک چینل رابطوں کو مزید بہتر بنانے پر کام جاری ہے اور ان رابطوں کے نتیجے میں آئندہ 48 گھنٹوں میں وزیر اعظم کی عمران خان سے ٹیلی فون پر رابطے کا بھی امکان ہے۔

ایمز ٹی وی (ہیلتھ ڈیسک)  اقوام متحدہ کےادارہ برائے صحت ( ڈبلیو ایچ او)نے خطرناک مرض ایبولا کے لیے ایک ایسا کامیاب ٹیسٹ متعارف کرایا ہے جو چند منٹ میں ہی مرض کی تشخیص کرسکے گا۔

ایبولا وائرس جو اب تک دنیا بھر میں 93 ہزار افراد کو موت کے منہ میں دھکیل چکا ہے جب کہ 23 ہزار 250 سے زائد افراد اس مرض کا شکار ہیں لیکن اب اس خطر ناک مرض کے لیے ڈبلیو ایچ او کی جانب سے ایک ایسا ٹسٹ متعارف کرایا گیا ہے جو محض چند منٹوں میں یہ بتا سکتا ہے کہ مریض میں ایبولا کے وائرس ہیں یا نہیں جب کہ پہلے ٹیسٹ کے نتائج حاصل کرنے میں  12 سے 24 گھنٹے لگ جاتے ہیں۔

ٹیسٹ ’’ری ایبوو‘‘ کو یو ایس کمپنی کورگنکس نے متعارف کرا یا ہے جب کہ اس ٹیسٹ کا آزمائشی تجربہ  مغربی افریقا میں  کیا گیا جہاں حیران کن نتائج کے مطابق 92 فیصد افراد میں ایبولا کے وائرس پائے جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس ٹیسٹ کےعمل اور نتائج کے لیے نہ بجلی درکار ہو تی ہے اورنہ ہی لیبارٹری اور یہ ٹیسٹ با آسانی دیہی علاقوں میں بھی کیا جاسکتا ہے۔

 

ایمز ٹی وی (سائنس اینڈٹیکنالوجی) دنیا میں سوشل میڈیا کی مقبولیت اور اہمیت سے متاثر ہوکر مسلمان کاروباری شخصیات نے ’’مسلم فیس‘‘ کے نام سے سماجی رابطوں کی ایک متبادل ویب سائٹ تیار کی ہے جسے جلد ہی لانچ کردیا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق تکنیکی ماہرین نے ابتدائی اور تجرباتی طور پر ’’مسلم فیس‘‘ کوایک ہزار صارفین کے لیے تیارکیا ہے تاکہ اس کے نیٹ ورک کو باضابطہ طور پر عالمی سطح پرپھیلانے سے قبل فنی رکاوٹوں کودور کیاجا سکے۔’’مسلم فیس‘‘ کے بانی ارکان کا دعویٰ ہے کہ وہ ایک ایسا سوشل نیٹ ورکنگ فورم متعارف کرا رہے ہیں جس میں سچائی اور حقائق پرمبنی مواد کی اشاعت کے ساتھ ساتھ اسلام کے ضابطہ اخلاق اور اسلامی اقدار کی بھی پابندی کی جائے گی۔

ایسا مواد پوسٹ یا پبلش کرنے کی اجازت نہ ہوگی جس سے مسلمانوں یا کسی بھی دوسرے طبقے کی دل آزاری کا اندیشہ ہو، فی الوقت یہ ویب سائٹ تیاری کے مراحل میں ہے جسے انگریزی، فارسی، عربی، اردو، ملائے، ترکی اور بھاسا انڈونیشئن زبانوں کے علاوہ بعض دوسری زبانوں پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔’’مسلم فیس‘‘ کے ایک بانی رکن شعیب فدائی نے بتایا کہ یہ صرف مسلمانوں کی نہیں دیگر مذاہب کے پیروکاروں کے لیے بھی ایک کھلا فورم ہوگی۔

 

ایمز ٹی وی (بزنس) سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے چھوٹے شہروں میں کیپٹل مارکیٹ حب قائم کرنے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو چھوٹے شہروں میں کیپٹل مارکیٹ کے فروغ کے پائلٹ پروجیکٹ پر کام کرے گی۔

سینٹرل ڈپازٹری کمپنی (سی ڈی سی) نے ملک میں حصص کی تجارت کے فروغ کے لیے درمیانے شہروں میں کیپٹل مارکیٹ حب قائم کرنے کی تجویز دی تھی جس کے تحت ابتدائی طور پرایبٹ آباد اور سیالکوٹ میں کیپٹل مارکیٹ حب قائم کیے جائیں گے جہاں حصص کی تجارت میں شمولیت کے خواہش مندوں کی سہولت کے لیے اسٹاک ایکس چینج، سی ڈی سی، بروکرز اور میوچل فنڈز کے نمائندے بھی دستیاب ہوں گے۔

سینٹرل ڈپازٹری کمپنی کے سربراہ حنیف جھکورا نے بتایا کہ سی ڈی سی اپنے اکاؤنٹ ہولڈز کی سہولت کے لیے آئندہ ماہ آن لائن ٹرانزیکشن متعارف کرادے گی، فی الوقت سی ڈی سی میں 3 لاکھ سے زائد سرمایہ کار رجسٹرڈ ہیں جن میں 52ہزار انویسٹرز جبکہ 2لاکھ 50 ہزار سب اکاؤنٹ ہولڈر شامل ہیں، آ ن لائن ٹرانزیکشن سروس کے ذریعے سرمایہ کار اپنے شیئرز ایک اکاؤنٹ سے دوسرے اکاؤنٹ میں منتقل کرسکیں گے۔

ایک سوال پر انھوں نے بتایا کہ بچت اسکیموں میں 5 تا 10فیصد شرح منافع کے برعکس گزشتہ 20سال سے اسٹاک ایکس چینج میں سرمایہ کاری پر اوسطاً 20 فیصد منافع حاصل ہورہا ہے لیکن آبادی کے بیشتر حصے کو حصص کی تجارت اور سی ڈی سی کی آگہی نہ ہونے سے خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستانی اسٹاک ایکس چینج میں مطلوبہ سرمایہ کاری کا فقدان ہے، پاکستان میں عام طور پر سرکاری قومی بچت اسکیموں، پراپرٹی اور گولڈ میں سرمایہ کاری کا رحجان غالب ہے، اگر سرمایہ کار تحقیق کی بنیاد پر میوچل فنڈز میں طویل المدت سرمایہ کاری کریں تو انھیں بہترین مواقع مل سکتے ہیں۔

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بھارتی اداکار نصیر الدین شاہ نے کہا کہ تھیٹر لوگوں میں رابطے کا ذریعہ ہے جو کبھی بھی ختم نہیں ہوسکتا اسٹیج کی عزت ماتھے ٹیکنے سے نہیں ہوتی اس کے لیے پسینہ بہانا ہوگا۔

یہ بات انھوں نے گزشتہ روز آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں یوتھ فیسٹیول ،تھیٹر ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر آرٹس کونسل کے سیکریٹری احمد شاہ ،صدر اعجاز احمد فاروقی ،جوائنٹ سیکریٹری ہمامیر ،خازن شہناز صدیقی،گورننگ باڈی کے اراکین اقبال لطیف ،کاشف گرامی، ڈاکٹر ایوب شیخ ،ثمینہ کمال ودیگربھی موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ آرٹس کی زندگی بہت اکیلی ہوتی ہے جو کچھ آپ نے سیکھنا ہے وہ آپ کو خود ہی بٹورنا ہوگا ۔فلم لوگوں کو آئس کریم کی طرح تیار ملتی ہے جب کہ تھیٹر انسان کوسوچنے پر مجبور کرتا ہے جس کے باعث لوگ تھیٹر دیکھنے نہیں آنا چاہتے یہ کڑوی گولی ہمیں کھانی پڑے گی ۔

اس موقع پر سیکریٹری آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے نصیر الدین شاہ کو آرٹس کونسل کی اعزازی ممبر شپ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نصیرالدین شاہ کو اسکول کالجوں سے آنیوالے نوجوانوں کو تربیت کے لیے بلایاجائے گا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نصیرالدین شاہ نے کہا کہ جس طرح بھارتی فلمیں پاکستانی سنیماؤں میں دکھائی جارہی ہیں اور لوگ انھیں پسند کررہے ہیں پاکستانی فلموں کی بھارتی سنیماؤں میں نمائش ہونی چاہیئے۔

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) طالبعلموں کاتحفظ، ذمہ داری کس کی  کے عنوان سے 24 فروری کوایک فورم کا انعقاد کیا گیا۔ فورم میں میزبانی کے فرائض فروا حسن اورغضنفر عباس نے کی۔ جس میں  کنونئیر تعلیم بچاوایکشن کمیٹی انیس الرحمان،  پیک پرا ئیوٹ مینجمٹ حیدرعلی اورپیک پریذیڈنٹ پرائیوٹ اسکول اسوسییشن  سید شہزاد اختر نے اسپیکر کی حیثیت سے شرکت کی۔

انیس الرحمان نےاس حساس موضوں پر فورم کرنے کو اچھا اقدام قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد حکومت اور پرائیوٹ شعبہ تعلیم کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بچے بچے ہوتے ہیں چا ہے امیر کے ہوں یا غریب کے ان میں فرق روا رکھنا مناسب نہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کے پرائیوٹ اسکولوں کے پاس وسائل ہیں مگر سرکاری اسکولوں میں  وسائل کافقدان ہوتاہے،جب کے ملک دہشتگردی کے دھانے پر ہے

حیدر علی کا کہنا تھا کہ یہ ایک نازک موضوں ہے  اور دہشتگردی کے اثرات اب اسکولوں تک آگئے ہِیں اس کے خاتمے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جن میں حکومت  ادارے ٘محکمہ تعلیم  اسکول انتظامیہ اور والدین شا مل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم حادثے کے بٰعد جاگتے ہیں اور احساس ہوتا ہے۔

 تجاویر میں شرکاء  کا کہنا تھا کہ بارودی سامان کی کھلے عام فروخت پر پابندی لگائی جائے

میرٹ پر لوگوں کو آگے لایا جائے، ہمیں سنگین خطرات کا سامنا ہے فوری اقدامات کی سخت ضرورت ہے اور اسکولوں کو سہولیات فراہم کی جائے۔ حب الوطنی اور نظریہ پاکستان کے مطابق قومی زبان میں تعلیم دی جائے۔

 ایمز ٹی وی (اسلام آباد)  ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیزصدیقی پرمشتمل سنگل بینچ نے ڈرون حملوں کی ایف آئی آردرج نہ ہونے کے خلاف توہین عدالت درخواست کی سماعت کے دوران ایف آئی آردرج کرنے کاحکم برقرار رکھتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو کہا ہے کہ عدالت کے حکم پر ہرصورت میں عملدرآمد کرنا ہوگا۔

آئی جی اسلام آباد نے ایف آئی آر درج نہ ہونے کی تفصیلی رپورٹ جمع کرادی۔ عدالت نے شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاکہ قبائلی عوام کوکیڑے مکوڑوں کی طرح ماردیا جاتاہے، ڈرون حملوں میں بیگناہوں کی ہلاکت پرافسوس تک نہیں کیا جاتا۔ فاضل جج نے کہاکہ لوگ پوچھتے ہیں قبائلی علاقوں میں مارے جانے والے بچوں کے لواحقین کا مداواکون کرے گا، ڈرون حملے کے متاثرین صرف اپنی شکایات درج کراناچاہتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاق کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ وہ آئی جی اسلام آبادکو بعض خفیہ معلومات چیمبرمیں بتانا چاہتے ہیں، یہ 2ملکوں کے درمیان تعلقات کا معاملہ ہے۔ دفتر خارجہ کو سنے بغیرایف آئی آردرج نہ کی جائے۔ جسٹس شوکت نے کہاکہ دکھ کی بات ہے حکومت کے نزدیک اپنے شہریوں کے جان ومال کی حفاظت کی کوئی اہمیت نہیں۔ عدالت نے آئی جی طاہرعالم کی جانب سے مقدمہ درج نہ کیے جانے کی وجوہ پرمبنی رپورٹ مستردکرتے ہوئے انھیں 25 فروری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

ایمز ٹی وی (شیخوپورہ) آبادی بھدرو مینارہ میں ناقص مشروب پینے سے 2کمسن بہنیں جاں بحق ہوگئیں جبکہ ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

ذرائع کے مطابق شیخوپورہ کے علاقے بھدرو مینارہ میں ناقص مشروب پیتے ہی 8 سالہ عطیہ اور 7 سالہ نور فاطمہ چل بسیں جب کہ ان کی 3 سالہ بہن لائبہ کی حالت غیر ہوگئی جسے تشویشناک حالت میں چلڈرن اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بچیوں کے والد محمد خالد کے مطابق واقعہ بازار سے لائے جانے والے مشروب کی بوتل پینے کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے دکاندار مصطفیٰ کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے جب کہ چند روز قبل لاہور روڈ کے علاقہ قلعہ ستار شاہ سے جعلی بوتلوں کی فیکٹری پکڑی گئی تھی۔