جمعہ, 03 مئی 2024

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) ججوں کے ساتھ بدتمیزی کرنے کے بارے میں مقدمے کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے آبزرویشن دی ہے کہ وکلاملک کی عدلیہ کی قبرکھود رہے ہیں۔

جسٹس انورظہیر جمالی کی سربراہی میں فل بینچ نے سماعت کی اور لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بارکے صدرشفقت بھٹی کے خلاف اسلام آبادہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیدیا۔ جسٹس شیخ عطمت سعید نے عدالت میں پیش وکلاسے کہاکہ آپ کا عدالتوں کے ساتھ کیسارویہ ہے۔ یہ دیکھیں ہم بھی سالوں تک بارمیں رہے ہیں اس وقت تو ایسا نہیں ہوتا تھا جتنا نقصان آپ نے عدلیہ کو پہنچایا ہے کسی نے نہیں پہنچایا، ایسی غلطی کوئی ایک ہو تو اور بات ہے مگر یہاں تو ایسے واقعات آئے روز ہو رہے ہیں۔

ایمز ٹی وی (سکھر) ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال دورجدید کی ضرورت بنتا جارہا ہے اور پاکستان میں میڈیا ہاؤسز جلسے جلوسوں کی کوریج کے لیے اس سے استفادہ کرتے ہیں لیکن اب سندھ میں پولیس ڈاکوؤں کو پکڑنے کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی سے مدد حاصل کرے گی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں ایس ایس پی سکھر تنویر حسین تنیو کا کہنا تھا کہ ان کی حدود میں زیادہ تر کارروائیاں کچے کے علاقے میں کی جاتی ہیں جہاں ڈاکوؤں نے اپنی محفوظ پناہ گاہیں بنا رکھی ہیں اور پولیس کی ان مقامات تک رسائی کے وقت فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے جس سے فائرنگ کی سمت کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہوتا ہے اور ایسے میں ڈرون ٹیکنالوجی سمت کے تعین میں کافی مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

ایس ایس پی نے کہا کہ ہدف کی نشاندہی کے لیے ڈرون سب سے بہترین ٹیکنالوجی ہے اس کی مدد سے ڈاکوؤں کے فرار کو نا صرف ممکن بنایا جاسکتا ہے بلکہ غیر ضروری نقصان سے بھی بچاجاسکتا ہے جب کہ اس دوران ڈرون کیمرے کو فائرنگ سےبھی محفوظ رکھنا ضروری ہوگا۔ ایس ایس پی تنویر حسین کا کہنا تھا کہ پولیس نے اپنے تحت ڈرونز کی خریداری کی ہے اور ان کے استعمال اور نگرانی کے لیے ایک خصوصی گاڑی بھی تیار کرائی جارہی ہے۔

ایمز ٹی وی (گلگت) گلگت کی ڈسٹرکٹ جیل سے غیر ملکی سیاحوں کے قتل کے الزام میں گرفتار 2 قیدیوں سمیت 4 ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک ہلاک، ایک زخمی اور 2 فرار ہوگئے جب کہ ہلاک اور فرار ہونے والے قیدی نانگا پربت حملے میں ملوث تھے۔ 

ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل گلگت سے 4 قیدیوں نے رات گئے فرار ہونے کی کوشش کی جن میں نانگا پربت حملے کے 2 ملزمان بھی شامل ہیں۔ جیل کی حفاظت پر مامور اہلکاروں نے قیدیوں کے فرار ہوتے دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں غیر ملکی سیاحوں پر حملے کا ایک ملزم موقع پر مارا گیا جبکہ 2 فرار ہوگئے جن میں سیاحوں کے قتل میں ملوث ملزم بھی شامل ہے اور چوتھا قیدی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری راجہ سکندر سلطان کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے جیل پر حملہ نہیں کیا گیا بلکہ 4 قیدیوں کی جانب سے فرار ہونے کی کوشش کی گئی  جن کے بارے میں جیل میں موجود افراد کا خیال ہے کہ ان کے پاس اسلحہ تھا یا انہوں نے اپنے پاس ہتھیار ہونے کا ڈھونگ رچایا اور فرار کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے نانگا پربت کا ایک قیدی حضرت بلال ہلاک اور دوسرا حبیب الرحمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ آئی جی گلگت بلتستان کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے ملزمان کی گرفتای کے لئے چھاپہ مار کارروائی شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ 22 جون 2013 کو بیس کیمپ پر10غیرملکی کوہ پیماؤں سمیت 11 افراد قتل کردیے گئے تھے جن کا تعلق یوکرائن، چین، امریکا اور روس سے تھا جب کہ قتل کےالزام  میں گرفتار ملزمان کو گلگت کی ڈسٹرکٹ جیل میں رکھا گیا تھا۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ کا نام تو سنا تھا مگر کھوتا (گدھا) ٹریڈنگ پہلی مرتبہ سن رہا ہوں۔

سینیٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ دنیا میں کہیں بھی ایسا نہیں ہوتا کہ ووٹ پر اپنا نام لکھ کر دیا جائے یا ووٹ اوپن ہو یا خفیہ طور پر دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہارس ٹریڈنگ اور کرپشن ختم ہونی چاہیے مگر حکومت کا طریقہ کار ٹھیک نہیں ہے، ٹریڈنگ کا نام تو سنا تھا مگر کھوتا ٹریڈنگ پہلی مرتبہ سن رہا ہوں۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد)  قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے ارکان قومی اسمبلی کو سالانہ20 بزنس کلاس ایئر ٹکٹ کی جگہ اس کے مساوی نقد رقم دینے کی سفارش کردی۔کمیٹی نے ای آفس سسٹم سے متعلق پی ٹی سی ایل سے ڈیٹا ہاؤس سسٹم بنانے کا معاہدہ منسوخ کرکے این ٹی سی کے ذریعے ڈیٹا ہاؤس سینٹر بنانے کی بھی ہدایت کی ہے، اجلاس چیئرمین میاں عبدالمنان کی زیر صدارت ہوا، جس میں ممبران پارلیمنٹ کی تنخواہوں و الاؤنسز کے ایکٹ 1974 میں ترامیم کےبل2015 کا جائزہ لیا گیا۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر سیزفائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کر دی جس سے 14سالہ لڑکی زخمی ہو گئی۔

جمعے کو بھارتی فوج نے ایل او سی پرکوٹلی آزادکشمیر کے علاقے دبہی میں بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 14سالہ لڑکی زخمی ہوگئی۔ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی پر بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔ ادھر بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان کی وارننگ کو اہمیت نہیں دیتے۔

جمعے کو صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے پاکستانی آرمی چیف کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان جو چاہے کہہ سکتا ہے لیکن بھات اپنی سرحدوں کا دفاع کرنے کیلیے مکمل تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ شہریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ بھارت کی سرحدیں محفوظ ہیں۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کرکٹ کی تباہی کے ذمے دار وزیراعظم نواز شریف ہیں۔

اپنے ایک انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ماجد خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین مقرر کر دیا جائے تو پی سی بی کا ڈھانچہ درست ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) سینیٹ انتخابات میں ارکان کی بولی لگا رہی ہے، اسحاق ڈار وزیر خزانہ نہیں ڈپٹی وزیراعظم ہیں جب کہ (ن) لیگ نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا،عمران خان نے کہا کہ مئی 2015 سے پہلے ملک میں بہت کچھ تبدیل ہو جائے گا، حکومت کو گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کرنے نہیں دوں گا۔ حکومت کی مدت کے خاتمے تک لوڈ شیڈنگ کم نہیں ہوگی بلکہ مزید بڑھے گی۔

ایمز ٹی وی (کراچی) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکی اور نیٹو فورسز کے زیراستعمال اسلحے میں سے کچھ پاکستان کو دیدیا ہے جب کہ مزید بھی دیا جائے گا۔ 

کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں پاک امریکا بزنس مواقع سے متعلق کانفرنس سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے رچرڈ اولسن کا کہنا تھا کہ بارودی سرنگیں صاف کرنے کی مشینری پاکستان کو دی گئی ہے جب کہ مزید نیٹو اسلحہ دینے سے متعلق بات چیت جاری ہے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والی پاک امریکا بزنس کانفرنس میں امریکا کی 100 کمپنیاں شرکت کریں گی۔ امریکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر تجارت غلام دستگیر نے کہا کہ امریکا کے ساتھ معاشی اور اسٹرٹیجک تعلقات بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ پاکستان امریکا بزنس کانفرنس اسلام آباد میں 10 سے 12 مارچ تک ہوگی۔ موجودہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے، معاشی استحکام اور غربت کے خاتمے کیلیے بھی کام کر رہی ہے۔

ایمز ٹی وی (موسم) شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ کے الیکٹرک کے کئی فیڈرز ٹرپ ہونے سے متعدد علاقوں کی بجلی بھی منقطع  ہوگئی۔

کراچی کے مختلف علاقوں، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، نئی کراچی، کلفٹن اور صدر سمیت اولڈ سٹی ایریا میں بارش کے بعد شہر میں  ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ سڑکوں پر پھسلن کے بعد کئی موٹرسائیکل سوار گر کر زخمی بھی ہوگئے۔

وزیر بلدیات شرجیل میمن نے بارش کے فوری بعد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لیا، اس موقع پر شرجیل میمن نے کے ایم سی کے افسران کو پانی کی نکاسی فوری طور پر بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب بارش کے فوری بعد کے الیکٹرک کے 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس کے نتیجے میں شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جب کہ بارش کے نتیجے میں لیاری کے علاقے نیا آباد میں مکان کی چھت گرگئی تاہم حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔