ھفتہ, 18 مئی 2024

ایمز ٹی وی ﴿فارن ڈیسک﴾ وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید مہنگی پڑگئی، بھارت کی یونیورسٹی میں طلبہ کے ایک گروپ کو معطل کردیا گیا۔وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرنے اور انہیں آئینہ دکھانے کے الزام میں بھارتی یونیورسٹی میں ایک طلبہ گروپ کو معطل کردیا گیا ہے ۔ 

 

چنائے کی ایک انجینئرنگ یونیورسٹی میں زیر تعلیم بائیں بازو نظریات کے حامل ایک طلبہ گروپ کو اس الزام کے تحت معطل کیا گیا ہے کہ وہ نریندر مودی کیخلاف نفرت پھیلارہے ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ایک ای میل میں بتایا گیا ہے کہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی مدراس کے طلبا کے ایک گروپ کو نوٹس جاری کیا گیا ہے اور تنظیم کی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں جبکہ یونیورسٹی کے متعدد طلبہ کی جانب سے بھی مرکزی حکومت کو خط ارسال کیا گیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ گروپ نریندر مودی اور ہندوئوں کیخلاف نفرت کو فروغ دے رہا ہے۔

 

مذکوره گروپ کے ایک رہنما کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذہبی انتہاپسند مرکز میں حکومت کی مدد لے کر مخالف آوازوں کو دبانا چاہتے ہیں اور مودی حکومت ملٹی نیشنل کمپنیوں کو ملک لوٹنے میں مدد دے رہی ہے ۔ طلبا گروپ کو معطل کرنےکےیونیورسٹی انتظامیہ کے فیصلے کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے جبکہ مودی حکومت نے کسی بھی کارروائی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ طلبا گروپ کیخلاف یونیورسٹی ایکشن لے رہی ہے اور اس میں حکومت کا کوئی ہاتھ نہیں۔

ایمز ٹی وی ﴿اسپورٹس﴾ قیادت سنبھالتے ہی ریکارڈز اظہر علی کی جھولی میں گرنے لگے، وہ ہدف کے کامیاب تعاقب میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی قائد بن گئے، انھوں نےدورقیادت میں 2تھری فیگر اننگز کھیلنے والے انضمام الحق اور شاہد آفریدی کو بھی جوائن کرلیا،گذشتہ 5میچز کے دوران اوسط اور رن ریٹ میں بھی نمایاں بہتری آگئی۔

 

اظہر علی کیلیے قیادت کا تاج بطور بیٹسمین بھی بڑا مبارک ثابت ہوا، انھوں نے ٹیم کی کمان سنبھالتے ہی رنز کے انبار لگانا شروع کردیے ہیں،اوپنرنے جمعے کو زمبابوے کیخلاف 102 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی، یوں انھیں ہدف کے کامیاب تعاقب میں سنچری بنانے والے پہلا پاکستانی کپتان بننے کا اعزاز حاصل ہوگیا،اس سے قبل عامر سہیل نے بھارت کیخلاف ٹورنٹو میں 1998میں کھیلے گئے میچ میں 97رنز بنائے تھے۔ اظہر نے دورقیادت میں 2تھری فیگر اننگز کھیلنے والے سینئرز کو بھی جوائن کرلیا،ان سے قبل انضمام الحق 87اور آفریدی38میچز میں یہ سنگ میل 2،2 بار عبور کرنے میں کامیاب ہوئے تھے،پاکستان کی جانب سے مجموعی طور ون ڈے کرکٹ میں 170سنچریاں اسکور کی گئیں، ان میں سے صرف 11 کپتانوں کی جانب سے تھیں۔

 

یاد رہے کہ اظہر علی نے قیادت سنبھالنے سے قبل 14میچز میں 41.09کی اوسط اور 64.84 کے اسٹرائیک ریٹ سے 452رنز اسکور کیے تھے، ان میں 4 ففٹیز شامل رہیں، بعد ازاں کھیلے گئے 5میچز میں وہ 78.00 کی اوسط اور 91.76کے اسٹرائیک ریٹ سے 390رنز بنا چکے، اس میں2 ففٹیزاور اتنی ہی تھری فیگر اننگز شامل ہیں۔

ایمز ٹی وی ﴿کراچی﴾  ٹریفک پولیس کی جانب سے کراچی میں موٹرسائیکل پر سفر کے دوران خواتین پر ہیلمٹ کے استعمال کی پابندی کے حکم کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔

 

سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین میں موٹر سائیکل پر سوار دوسرے شخص پر ہیلمٹ پہننے کی پابندی کا کوئی قانون موجود نہیں اس کے علاوہ خواتین کے ہیلمٹ سے متعلق احکامات کا فائدہ دہشت گرد اٹھا سکتے ہیں، اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ حکومت کے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

 

واضح رہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے 8 جون سے موٹر سائیکل پر سفر کرنے والے افراد کو ہیلمٹ استعمال کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جن میں خواتین کو بھی لازمی طور پر ہیلمٹ پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایمز ٹی وی ﴿اسلام آباد﴾ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے انہیں تسلی بخش قراردیا ہے۔

 

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بلدیاتی انتخابات پر اظہار اطمینان اور تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صوبے میں صاف اور شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ تھا تاہم سیکیورٹی کا چیلنج درپیش تھا جس میں الیکشن کمیشن کافی حد تک کامیاب بھی رہا جب کہ انتخابات کے حوالے سے کچھ شکایات بھی موصول ہوئیں جن پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

 

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے صوبے بھر میں 11 ہزار 211 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے اور 7 کروڑبیلٹ پیرز چھاپے گئے جب کہ انتخابات میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے 80 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں اورفوج کی 35 کمپنیز نے فرائض سرانجام دیئے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ پولنگ اسٹاف، سیکیورٹی اہلکار، پاک فوج، آراوز اور ڈی آراوز کا انتخابات کے لیے کردارقابل تعریف رہا جب کہ خیبرپختونخوا کی خواتین ووٹرزکا حق رائے دہی کےلیے نکلنا بھی قابل تحسین ہے۔