پیر, 13 مئی 2024

 

ایمز ٹی وی(ورجینیا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سب سے بڑے امریکی بحری بیڑے کا افتتاح کر دیا۔ یہ بیڑہ 70 لڑاکا طیاروں سمیت دفاعی سازو سامان لیجانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
نیوپورٹ ورجینیا میں ہونے والی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بحریہ کو مضبوط کرنے کیلئے تمام وسائل مہیا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ قوم کو مایوس نہیں کریں گے

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) وزیراعظم میاں نواز شریف سے چینی بحری جہازسازکمپنی کے چیئرمین نے ملاقات کی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کوبراہ راست راغب کرناہماراہدف ہے،پاکستان کی معاشی بحالی کا اعتراف عالمی سطح پر کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چینی بحری جہاز کمپنی کے چیئرمین سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4سال میں ملک کی معاشی صورتحال میں واضح بہتری آئی، ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ اورزرمبادلہ کے ذخائراورترسیلات زرمیں بہتری آئی ہے، زراعت،صنعت اورخدمات کے شعبوں پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نوازشریف آج شمالی وزیرستان کا دورہ کریں گے اور کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس کی تعمیر سے خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع کی ہزاروں ایکڑبنجر زمین کاشت کے قابل ہو سکے گی۔ڈیم سے ماحول دوست اور کم قیمت83.4میگا واٹ بجلی بھی پیدا کی جاسکے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کرم تنگی ڈیم میں12 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہو گی۔اس پانی سے شمالی وزیرستان ایجنسی اور خیبر پختون خوا میں فصلوں کو سیراب کیا جا سکے گا ۔کرم تنگی ڈیم بنوں اور شمالی وزیرستان کے سنگم پر ہے۔
ڈیم کی تعمیر کے لیے امریکی ادارہ یوایس ایڈ 8ارب روپے فراہم کرے گا۔ڈیم کو دو مراحل میں مکمل کیاجائےگا۔پہلا مرحلہ 3سال میں مکمل کیا جائے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی(سیالکوٹ) ظالم شوہر نے بیٹی کو سسرال بھیجنے کے انکار پر بہنوں کے ہمراہ بیوی پر تشدد اور سر کے بال مونڈ کر اسے بچوں سمیت گھر سے نکال دیا۔ خاتون دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبورہو کر ڈی پی او آفس سیالکوٹ میں پہنچ گئی۔
سیال جٹاں کے رہائشی لعل دین نے اپنی بیٹی نسرین بی بی کی شادی 24سال قبل تھانہ پھلورہ کے قصبہ چونڈہ کے رہائشی محمد شبیر حجام کے ساتھ کی۔ جس سے ایک بیٹی زینب زہرہ اور دوجڑواں بیٹی اوربیٹا پیدا ہوئے ۔محمد شبیر حجام نے تین سال قبل اپنی 12سالہ نابابغ بیٹی زینب زہرہ کی شادی ڈھلم کاہلوں کے رہائشی امانت کے بیٹے 40سالہ امین تبسم سے کردی جس نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دے رکھی تھی۔ تاہم دونوں کے درمیان اکثر ناچاقی رکھتی اور زینب زہرہ ناراض ہو کر میکے آجاتی۔ منگل کے روز زینب زہرہ کا خاوند اسے لینے کیلئے چونڈہ آیا تو اس کی ساس نسرین بی بی نے اپنی بیٹی زینب زہرہ کو خاوند کے ساتھ بھیجنے سے انکار کردیا۔ جس پر محمد شبیر حجام نے اپنی بہنوں کے ہمراہ اپنی بیوی نسرین بی بی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے سر کے بال مونڈ کر ماں بچوں کو گھر سے نکال دیا۔ جس پر نسرین بی بی نے مقدمہ کے اندراج کیلئے تھانہ پھلورہ کو درخواست دی تو پولیس نے کارروائی نہ کی۔ جس پر نسرین بی بی اپنی بیٹی زینب زہرہ اور دیگر دو بچوں کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ پہنچ گئی۔
اس موقعہ پر’’آئی این پی ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے نسرین بی بی اور زینب زہرہ نے بتایا کہ شبیر حجام اور اس کی بہنوں نے ان پر تشدد کیا ،سر کے بال مونڈ دئیے اور گھر سے نکال دیا۔ ہم در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ زینب زہرہ نے بتایا کہ اس کا با پ کوئی کام نہ کرتا ہے اور اس کی والدہ چونڈہ کے ایک کالج میں کھانا بناتی ہے۔ اور گھر کا نظام چلاتی ہے۔ میرے باپ نے 2012ء میں جب میں 12سال کی تھی زبردستی میری شادی 40سالہ شخص سے کردی تھی۔ حالانکہ میری ماں انکار کرتی رہی جس پر اس وقت بھی میرے باپ اور اس کی بہنوں نے ہم ماں بیٹیاں پر تشد د کیا تھا۔ دوسری طرف پھلورہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو پولیس چوکی چونڈہ میں طلب کیا تھا جہاں اس کے ساتھ 100کے قریب محلہ کے رہائشی لوگ آئے تھے جنہوں نے بتایا کہ شبیر حجام نے نسرین بی بی کو بد کردار ہونے کی بناء پر طلاق دے دی ہوئی ہے۔ اور بال کانٹے اور تشد د کرنے کا واقعہ ان کے محلہ میں نہ ہوا ہے۔ دونوں ماں بیٹیاں سیالکوٹ جاکر ڈرامہ کررہی ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) لاہور میں پاکستان سپر لیگ ٹو کے فائنل پرشائقین کرکٹ پرجوش ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم میں فائنل کے تمام انتظامات مکمل ہیں جبکہ شائقین کرکٹ کی تیاریاں بھی خوب زور و شور سے جاری ہیں۔ دوسری جانب آج بھی بینکوں کے باہر قطار میں موجود لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹکٹ لے کر ہی جائیں گے حالانکہ بینکوں میں گزشتہ روز ہی ٹکٹ ختم ہوگئے تھے۔
دوسری جانب کون سی ٹیم فائنل میں جائے گی اور کون واپسی کا ٹکٹ کٹوائے گا اس کا فیصلہ پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کے آخری میچ میں آج ہوگا جو پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا ۔ جیتنے والی ٹیم اتوار کو فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ٹکرائے گی۔ فائنل میں پہنچنے کی صورت میں پشاورزلمی کے5غیرملکی کھلاڑی لاہورآئیں گے، گزشتہ روز انہیں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ویزا جاری کردیا گیا۔
 

 

 

ایمزٹی وی(بلوچستان)جمرود کے علاقے شاکس میں کرفیونافذ کردیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کرفیوغیرمعینہ مدت کیلئے نافذکیاگیاہے۔ کرفیوکے دوران مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
لوئر اور کزئی ایجنسی کے مختلف علاقوں میں میں بھی حساس اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے جس میں 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے اور گرفتار کئے گئے افرادکو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) پاکستان فلم ساز کی دستاویزی فلم Kasur’s Lost Children (قصور کے کھو جانے والے بچے) کو نیو یارک فلم فیسٹیول میں بہترین فلم کے مقابلے کیلئے نامزد کردیا گیا ہے۔
مقامی انگریزی روزنامے دی نیشن کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی فلم میکر شہزاد حمید کی بنائی گئی یہ 48 منٹ کی دستاویزی فلم بچوں کے خلاف پاکستان کا سب سے بڑا جنسی سکینڈل سامنے آنے کے بعد غریب بچوں کو انصاف دلانے کیلئے سرگرم ایک سوشل ورکر کے گرد گھومتی ہے۔ 2016 میں بھی شہزاد حمید کی ’ شاہینوں کی پرواز‘ کو بہترین دستاویزی فلم کیلئے سونے کے تمغے سے نوازا گیا تھا۔امسال ان کی فلم ’قصور کے کھو جانے والے بچے‘ کو انسانی حقوق کی کیٹگری میں نامزد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2015 میں قصور میں ایک گروہ کا انکشاف ہوا تھا جس کے کارندوں نے نہ صرف سینکڑوں نابالغ بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا بلکہ ان کی فحش ویڈیوز بھی بنا لی تھیں

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) اتوار کو پی ایس ایل فائنل کےمیچ تک لاہور کے اسپتالوں میں ہائی الرٹ رہے گا۔قذافی اسٹیڈیم کے ملحقہ ہاکی اسٹیڈیم میں عارضی اسپتال بنایا جارہا ہے جبکہ مقامی فائیو اسٹار ہوٹل میں 6 بستروں پر مشتمل اسپتال بنا دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے پی ایس ایل کے فائنل میچ تک تمام اسپتالوں میں ہائی الرٹ کی ہدایت کی گئی ہے ۔
پنجاب انسٹی ٹیوٹ آ ف کارڈیالوجی کی جانب سے 5 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں عملے کے ساتھ ایمبولینس بھی رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /جامشورو) شیخ الجامعہ سندھ جامشورو پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے صوبے میں ایک فیمیل کیمپس قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے پسماندہ علاقوں کے غریب نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مزید کیمپسز قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ جبکہ کراچی میں بھی ایک کیمپس کا قیام ضروری ہے۔ موجودہ کیمپسز میں مارکیٹ اور ضرورت کے مطابق نئے تعلیمی شعبے شروع کروائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چانسلر آفس میں تمام کیمپسز کے پرو وائس چانسلرز کے ساتھ کیے گئے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر برفت نے کہا کہ کراچی میں مقابلے کی فضا ہے جبکہ نجی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم مہنگی ہے، جس کی وجہ سے کراچی میں بھی جامعہ سندھ کے کیمپس کا قیام عمل میں لانا چاہئے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) کراچی کی مقامی عدالت نے ماڈ ل ایان علی کی درخواست خارج کر دی ۔
کراچی کی عدالت میں ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی جہاں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ایان علی کا نام عدالتی حکم پر خارج کر دیا ہے اور وہ ملک سے باہر جا چکی ہیں لہذٰا انکی درخواست غیر موثر ہو چکی ہے جسے خارج کیا جائے جس پر عدالت نے ایان علی کی جانب سے دائر درخواست کو خارج کردیا ۔
یاد رہے عدالتی احکامات پر ای سی ایل سے نام خارج ہونے کے بعد ماڈل ایان علی بیرون ملک جا چکی ہیں