جمعہ, 26 اپریل 2024

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)مارول کامکس کے سپر ہیروز پر مبنی ہالی وڈ کی نئی سائنس فکشن ایکشن فلم ’گارڈیئنز آف دی گلیکسی‘ کے سیکوئل ’گارڈیئنز آف دی گلیکسی وولیئم2‘ کا نیا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ برطانوی ناول نگار ڈین ایبنیٹ کی کتاب سے ماخوذ ہدایتکار جیمز گن کی ڈائریکشن میں بننے والی اس فلم کی کہانی غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک ایسے سپر ہیروز کے گِرد گھوم رہی ہے، جو دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنے نکلتے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کی بدولت منفی طاقتوں کو منہ توڑ جواب دیتے ہیں۔ کیون فیج کی پروڈکشن میں بننے والی اس فلم کی کاسٹ میں ہالی وڈ اداکار کرِس پریٹ، سیلوسٹر اسٹیلون، کرٹ رسل، زوئی سیلڈانا، کیرن گیلن، کرس سیلیوَن، الزبیتھ ڈبیکی، نیتھن فیلن، ڈیو بیٹسٹا، شین گُن اور مائیکل روکر شامل ہیں، جبکہ مختلف اینیمیٹیڈ کرداروں کیلئے ڈائیلاگ بریڈلے کوپر اور وِن ڈیزل کی آواز میں ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ مارول اسٹوڈیوز کی تیار کردہ ایکشن سے بھرپور مناظر کی عکاسی کرتی یہ سائنس فکشن فلم والٹ ڈزنی پکچرز اور موشن پکچرز کے تحت5 مئی کو سینما گھروں میں دھوم مچانے آرہی ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/خیرپور )شاہ لطیف یونیورسٹی میں 3 روزہ بین الاقوامی تعلیمی کانفرنس 2مارچ سے شروع ہو گی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ افتتاح کریں گے. صوبائی وزیر منظور حسین وسان او رجام مہتاب حسین ڈہر مہمانان خصوصی ہوں گے ۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ جامعہ کراچی نے اپنے میڈیکل کالج اور اسپتال کیلئے پی سی ون تیار کرلیا ۔ جامعہ کراچی میں اساتذہ کے حاضری کے نظام کو قائم کرنے کے لئے بائیومیٹرک کا نظام وضع کیا جائے گا جو ٹیچر باقاعدگی سے کلاسیں نہیں لیتا ہے وہ استاد کہلانے کا حقدار نہیں، ایچ ای جے سمیت تمام سینٹرز اور انسٹیٹیوٹس میں غیر معینہ مدت سےعہدوں پر تعینات افراد کے حوالے سے پالیسی مرتب کی جارہی ہے اور تمام سینٹرز وانسٹیٹیوٹس کے لئے یکساں قواعد وضوابط تیارکئے جا رہے ہیں، جو ایکٹ سے بھی متصادم نہ ہوں۔ جامعہ کراچی کی سنڈیکیٹ میں سندھ ایچ ای سی کو نمائندگی دینے کے حوالے سے دونوں کمیشن کے مابین بات چیت چل رہی ہے اور حتمی فیصلہ آنے کی صورت میں ایچ ای سی سندھ کو نمائندگی دی جاسکے گی اور تاحال یونیورسٹی انتظامیہ کو اس حوالے سے کوئی فیصلہ موصول نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیمپس میں غیرقانونی رہائش پذیر ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور سیکورٹی رسک کے حامل کینٹینز کو مسمار کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ جامعہ کراچی میں سگریٹ، پان اور گٹکا کی فروخت پر پابندی ہے جو کینٹین یہ چیزیں فروخت کرے گی ہم اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں صحافیوں سے غیررسمی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ پی آر او فاروق محسود بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر اجمل نے کہا کہ کیمپس میں رہاش پذیرغیر قانونی افراد سے گھر خالی کرائے جائیں گے جبکہ جامعہ کراچی نے اپنے میڈیکل کالج اور اسپتال کے قیام کے لئے پی سی ون تیار کرلیا ہے جلد ہی جامعہ کراچی کاا پنا اسپتال اور میڈیکل کالج ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ جامعہ کراچی کی مالی حالت خراب ہے ہمیں مسائل کا سامنا ہے کوشش کر رہے ہیں مالی معاملات بہتر کر رہے ہیں وائس چانسلر نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ڈائریکٹر فنانس کی تقرری اور اسے ہٹانے کا اختیار کنٹرولنگ اتھارٹی کے پاس ہے

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ کی فائنلسٹ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی اور دیگر عملہ وطن واپس پہنچ گیا ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد، کوچ معین خان، ٹیم کے مالک ندیم عمر دیگر کھلاڑیوں اسد شفیق، انور اعلی اور نور ولی کے ہمراہ کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو عوام کی بڑی تعداد نے انہیں خوش آمدید کہا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسسٹنٹ کوچ عبدالرزاق، اوپنر احمد شہزاد، محمد نواز، ذوالفقار بابر، سعد نسیم اور عمر امین لاہور پہنچے۔

پی ایس ایل فائنل لاہور میں ہونے کے حوالے سے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ یہ بہت ہی خوش آئند بات ہے کہ فائنل میچ پاکستان میں ہو رہا ہے، پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے کے لئے پی سی بی اور پی ایس ایل کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔

غیر ملکی کھلاڑیوں کے اہم ترین میچ میں ٹیم میں شامل نہ ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اگر ایک دم آپ کی ٹیم کے 4 سے 5 اہم کھلاری ٹیم سے باہر ہو جائیں تو کارکردگی پر بہت فرق پڑتا ہے لیکن کوشش ہو گی کہ جو بہترین میسر کھلاڑی ہیں انہیں ٹیم میں شامل کیا جائے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی )سندھ میں شعبہ نرسنگ کی کئی اہم اسامیاں خالی ہیں ۔ نرسنگ امتحانی بورڈ میں کنٹرولر، ڈپٹی کنٹرولر اور اسسٹنٹ کنٹرولر جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف نرسنگ میں ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر نرسنگ کی نشستیں خالی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر محکمہ صحت سندھ نےاکتوبر 2015میں کنٹرولر ، ڈپٹی کنٹرولر اور اسسٹنٹ کنٹرولر کو ان کے عہدوں سے ہٹاکر محکمہ میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔ جس کے بعد ڈپٹی اور اسسٹنٹ کنٹرولر کے عہدوں پر کسی کو تعینات نہیں کیا گیا جبکہ کنٹرولر کے عہدے پر بھی عارضی تعیناتیاں کی گئیں ۔ نرسنگ کے امتحانات میں تاخیر پر جب طلبا میں بے چینی بڑھنے لگی تو محکمہ عارضی طورپر گزشتہ سال غلام سرور قادری کو کنٹرولر چارج دیا تھا۔ جو گزشتہ ماہ ریٹائر ہوگئے جس کے بعد سے کنٹرولر، ڈپٹی کنٹرولر اور اسسٹنٹ کنٹرولر کی تینوں اہم اسامیاں خالی ہیں جس کے باعث نرسنگ کے طلبا کے نتائج تاحال جاری نہیں کیے جاسکے۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف نرسنگ میں ڈائریکٹرکی ایک جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر کی 2اسامیاں ہیں ۔ لیکن صوبائی محکمہ صحت ان مسائل کو حل کرنے کےلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہا ۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندرو کا کہنا تھا کہ ان اسامیوں کے خالی ہونے سے متعلق وہ رپورٹ طلب کریں گے اور جلد اہل افسران کو تعینات کر دیا جائے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /جامشور)جامعہ سندھ، ایم ایس سی (فائنل) کے زولوجی، باٹنی، کیمسٹری، میتھمیٹکس اور اسٹیٹسٹکس کے پوسٹ گریجویٹ سالانہ امتحانات 2015ء کے امیدواروں کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ کالج سے اپنے امتحانی نتائج معلوم کر سکتے ہیں۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /جامشور)وجامعہ سندھ جامشورو کے زولوجی شعبے کے ایم فل امیدواروں کے انٹرویوز جمعہ 10مارچ کو صبح 10بجے لیے جائیں گے۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انٹرویو کی مقرر کردہ تاریخ و وقت پرشعبے کے چیئرپرسن آفس میں حاضر ہوں۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم ) جامعہ کراچی،بی اے ریگولر وپرائیویٹ کے 20اور 21جنوری کو ملتوی ہونے والے پرچوں کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا گیاہے۔

جس کے مطابق بی اے سال اول کا 20جنوری کو ملتوی ہونے والا پرچہ اب بروز پیر6 مارچ کو منعقد ہوگا.

جبکہ بی اے سال دوئم کا21جنوری کو ملتوی ہونے والا پرچہ اب بروزمنگل 7مارچ کو منعقد ہو گا۔ واضح رہے کہ مقررہ وقت اور سینٹرمیں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (پشاور ) ریڈیو پشاور کی نشریات کے 82سال مکمل ہوگئے اس حوالے سے ایک ہفتہ تک مختلف تقاریبات منعقد کی جارہی ہیں اور یہ تقریبات آج سے شروع ہون گی۔
ریڈیو پشاور کے 82سال مکمل ہونے پر آج سے 6 مارچ تک خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری برائے پلاننگ ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر عباد اللہ ہونگے ۔
جبکہ چھ مارچ کو سالگرہ کا کیک کاٹنے کے موقع پر سینئر وزیر خیبرپختونخوا شہرام خان ترکئی مہمان خصوصی ہونگے ۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں باصلاحیت آوازوں کی کمی نہیں جن کو تلاش کرنا وقت کا تقاضا ہے جس طرح ریڈیو پاکستان پشاور نے پہلے ایک اکیڈمی کا کردار ادا کیا ‘ آئندہ بھی اسی لگن سے کام کیا جائیگا ۔
انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان پشاور نے خیبر پختونخوا کے ادب‘ کلچر اور روایات کے فروغ میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ‘ اس وقت قومی اور عالمی سطح پر اس خطے کے جتنے بڑے ناموں کو پہچان حاصل ہوئی ان کی صلاحیتوں کو اسی ادارے نے نکھارا ہے‘ بابائے غزل امیر حمزہ خان شنواری‘ اجمل خٹک‘ فارغ بخاری‘ خاطر غزنوی سے لے کر آج تک کے تمام معروف نام کسی نہ کسی طرح ریڈیو پاکستان پشاور سے منسلک رہے ہیں یوں اس ادارے کو ایک علمی درسگاہ کی حیثیت حاصل رہی ہے۔
‘ لائق زادہ لائق نے کہا کہ اس وقت یہاں پروگرام میں ڈپٹی کنٹرولر امیر نواز مروت‘ سیدہ عفت جبار‘ پروگرام منیجرز ظاہر شاہ آفریدی اور طفیل احمد کے علاوہ کئی سینئر پروگرام پروڈیوسرز کام کر رہے ہیں جو انتہائی لگن اور محنت سے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پروگرام کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں ۔
جنوری تا مارچ کی رواں سہ ماہی میں پروگرام میں ٹھوس تبدیلیاں کی گئی ہیں‘ نئی آوازوں کو متعارف کیا جا رہا ہے‘ کئی نئے پروگراموں کےساتھ گزشتہ مقبول پروگراموں کا دوبارہ اجراء کیا گیا ہے ۔
ریڈیو پاکستان پشاور کی لائبریری میں ہر دور سے ہم آہنگ بے شمار پروگرام موجود ہیں ان سے استفادہ کرتے ہوئے ماضی اور حال کو باہم مربوط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ان تبدیلیوں کو سامعین میں پذیرائی مل رہی ہے ۔
ہندکو زبان کی ترقی و ترویج کی خاطر کئی سال سے ہندکو پروگرام ’’ رنگ پشور دے‘‘ کا دورانیہ 15منٹ سے بڑھا کر 30منٹ کر دیا گیااور اب کوشش ہے پروگرام میں سامعین کی فون کالز‘ مزاحیہ سلسلے ‘ ہندکو شعراء کا تعارف اور ہندکو ادب و ثقافت کے فروغ کیلئے نئے سلسلوں کا جلد آغاز کیا جائے۔
اسی طرح زرعی پروگرام ’’ کرکیلہ ‘‘ کا دورانیہ بھی بڑھا دیاگیا ہے جس کو متعلقہ محکموں حیوانات‘ زراعت اور جنگلات کے اعلیٰ حکام کی جانب سے پذیرائی مل رہی ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ اسٹوڈیوز سے باہر ان پروگراموں کو فیلڈ میں ہی ریکارڈ کروایا جائے ۔
اس سہ ماہی میں اُردو اور پشتو ڈرامے کا دوبارہ اجراء کرتے ہوئے مزاحیہ پروگرام ’’ جالوان‘‘ شروع کیا گیا جس کے لکھاری گل محمد بے تاب جبکہ کرداروں میں نوران شاہ طوفان‘ غلام محمود شہاب اور دیگر شامل ہیں ۔ ’’ پلوشے ‘‘ پروگرام جو سامعین میں بے حد مقبول رہا ہے کو اس سہ ماہی میں دوبارہ شروع کردیا گیا ہے اور محدود وسائل کے اندر ان پروگراموں کے ذریعے ریڈیو پاکستان پشاور کے دائرہ سماعت کو بھی وسعت دی جا رہی ہے ۔
مذہبی تعلیمات کے پروگرام محفل میلاد کا دوبارہ اجراء کیا گیا ہے جس کے میزبان معروف نعت گو شاعر نوشیران عادل ہیں ۔
رواں سہ ماہی میں صدر دفتر اسلام آباد کی ہدایت کی روشنی میں نئی آوازوں کی تلاش کا اہتمام کیا گیا جس میں اُردو ‘ پشتو‘ چترالی او رہندکو پروگراموں کیلئے مجموعی طور پر 58لڑکوں اور لڑکیوں نے آڈیشن میں حصہ لیا اس مقصد کیلئے خصوصی ایڈیشن کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور ان کمیٹیوں کی سفارشات کی روشنی میں مکمل صلاحیت کی بنیاد پر 18کو کامیاب قرار دیاگیا‘ ڈرامے اور کمپیئرنگ کیلئے نئی آوازوں کی تلاش میں ریڈیو پاکستان پشاور کی تاریخ میں پہلی بار فی میل کمپیئر ارم حسن کو چترالی کمپیئر کی حیثیت سے متعارف کروایا گیا ‘ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا‘ آئندہ نئے پروگراموں میں موسیقی کے کئی نئے پروگرام شروع ہونگے‘ جس میں انگازے اور قانون پوھنہ شامل ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پی ایس ایل کے فائنل کی آن لائن ٹکٹوں کی فروخت چند گھنٹوں میں ہی مکمل ہوگئی جب کہ منتخب بینکوں کے باہر شائقین کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
پی سی بی حکام نے پی ایس ایل فائنل دیکھنے والوں کیلئے 500 سے 12000 تک کی ٹکٹیں فروخت کیلئے پیش کی تھیں جو ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوگئیں۔ عمران خان، وقار یونس، وسیم اکرم انکلوژر کے تمام آئن لائن ٹکٹ فروخت ہوگئے جب کہ انضمام الحق حنیف محمد اورظہیرعباس انکلوژرکے بھی تمام آئن لائن ٹکٹ ہاتھوں ہاتھ بک گئے۔
بینک آف پنجاب کی 15 شاخوں پر ٹکٹوں کی فروخت کا عمل جاری ہے، ٹکٹوں کے حصول کے لیے بینکوں کے باہر لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، کئی جگہوں پرافرا تفری کی صورت حال ہے جس کی وجہ سے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو بینکوں کے باہر تعینات کردیا گیا ہے۔ عوام کا جم غفیر دیکھ کر کئی بینکوں نے 500 روپے والے ٹکٹوں کی فروخت ہی بند کردی ہے۔
پی ایس ایل کے لیے سب سے مہنگا 12 ہزارروپے کا ٹکٹ خرید نے والے قذافی اسٹیڈیم کے عمران خان، فضل محمود، وسیم اکرم اور وقار یونس کے ناموں والے انکلوژرز میں بیٹھ کر فائنل کا لطف لیں گے جب کہ جو لوگ میچ دیکھنے کیلئے آٹھ ہزار روپے کا ٹکٹ خریدیں گے اُن کو اے ایچ کاردار، رمیز راجہ، جاویدمیانداد انکلوژرز میں جگہ ملے گی۔
سب سے سستی ٹکٹیں سعید انور اور سرفراز نواز کے نام سے منسوب جنرل انکلوژرز کی ہیں جو کرسیوں سے محروم دونوں انکلوژرز میں داخلہ فیس 500 روپے ہے اور تماشائیوں کو فرشی نشستوں پر بیٹھنا ہوگا۔
دوسری جانب پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹس کی فروخت بند کردی گئی ہے لیکن بینکوں کے باہر اب بھی شہریوں کی لمبی قطاریں لگی ہیں، بینک انتظامیہ کے مطابق ٹکٹس کی فروخت کا وقت دوپہر 12 سے شام 5 بجے تک تھا لہذا فائنل میچ کی ٹکٹیں کل دوبارہ ملیں گی۔