منگل, 23 اپریل 2024

 

ایمزٹی وی (تجارت)پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی 6 کمپنیزفنانشل ٹائمز اسٹاک ایکسچینج کے گلوبل ایکویٹی انڈیکس میں شامل کر لی گئیں۔پاکستانی کمپنیز 20 مارچ سے انڈیکس میں شامل کر لی جائیں گی۔ فٹ سی رسل کی جانب سے یکم مارچ کو جاری کئے گئے نوٹس کے مطابق فٹ سی گلوبل ایکویٹی انڈیکس سیریز میں پی ایس ایکس کی چھ کمپنیز حبیب بینک، نشاط ملز، سرل، اینگرو، فوجی فرٹیلائزر اور ماری پیٹرولیم شامل ہیں۔ گلوبل ایکویٹی انڈیکس سیریز میں 47 ممالک کی 7400 کمپنیاں شامل ہیں۔ گلوبل ایکویٹی انڈیکس سیریز کا استعمال دنیا کے بڑے سرمایہ کار کرتے ہیں۔ اندازے کے مطابق 10 ہزار ارب ڈالر مالیت کے اثاثے انڈیکس کو استعمال کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 400 ارب ڈالر مالیت کے ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈ انڈیکس کو ٹریک کرتے ہیں۔ معاشی تجزیہ نگار مزمل اسلم کے مطابق 20 مارچ کو انڈیکس میں شامل ہونے کے بعد چھ پاکستانی کمپنیوں میں تقریباً 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔

 

 

ایمز ٹی وی(ممبئی ) بھارتی جنتا پارٹی کےرکن پارلیمان ساکشی مہاراج کا کہناہےکہ بھارت میں قبرستان کی کوئی جگہ نہیں ہےتمام مُروں کو نذر آتش کیاجانا چاہیے۔
اترپردیش کےشہر اناؤ سے منتخب ہونےوالے رکن پارلیمان ساکشی مہاراج کا کہناہے کہ’وزیراعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ ایک قبرستان کے ساتھ شمشان گھاٹ تعمیرکیاجائےگا۔
ساکشی مہاراج نے حکومت سے مطالبہ تھا کہ ایک نیا قانون بنانا چاہیے جس کے تحت ملک میں قبرستانوں کے لیے کوئی جگہ مختص نہ ہوجبکہ تمام مردوں کو نذرآتش کرنے کے لیے ایک مشترکہ شمشان گھاٹ ہونا چاہیے۔
بھارتی جنتا پارٹی کےرہنما کےمطابق قبرستان بالکل تعمیر نہیں ہونے چاہییں۔اگر ایسا ہوتا ہےتوملک کی تمام زمین اسی مقصد کےاستعمال ہوگی اور کاشتکاری کے لیے کوئی جگہ نہیں بچےگی کھیت نہیں رہیں گے۔
یاد رہےکہ گذشتہ ماہ وزیراعظم نریندر مودی نے اتر پردیش کے شہر فتح پور میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی بھی مذہب کے ماننے والوں کےساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیےاور اگر قبرستان بنتے ہیں تو شمشان گھاٹ بھی بننے چاہیں۔
واضح رہےکہ کانگریس لیڈر کاکہناساکشی مہاراج تسلسل میں نفرت انگیز بیانات جاری کرتے ہیں اور انہوں نے 2017 کے الیکشن کی فضا کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل )کے فائنل میچ کیلئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے500 روپے والا ٹکٹ حاصل کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شیخ رشید نے 5 مارچ کو لاہور قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل کے فائنل میچ کیلئے شیخ رشید نے میچ دیکھنے کیلئے 500 والا ٹکٹ خریدا جس پر پی ایس ایل انتظامیہ نے ان سے رابطہ کیا کہ شیخ صاحب آپ 500 والے انکلوژر میں نہیں بیٹھیں گے بلکہ آپ وی آئی پی انکلوژر میں بیٹھیں گے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کا فائنل 5 مارچ کو ہورہا ہے اور ٹکٹس کی فروخت ابھی تک جاری ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(کابل) پاکستان نے ایک بار پھر افغانستان پر واضح کیاہے کہ اس کے شہری پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہیں ، افغانستان دہشت گردوں کی جانب سے اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے کے حوالے سے کارروائی کرے ، دہشت گردوں کو روکنے کیلئے پاکستان نے سرحد بند کی ہے ،بارڈر منیجمنٹ کیلئے افغانستان کو اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جبکہ افغانستان کے ڈپٹی چیف آف سٹاف جنرل علی مراد نے ملاقات کے دوران سرحد پر کشیدگی کم کرانے کی درخواست کی اور دونوں ممالک کے درمیان سرحد پر کراسنگ پوائنٹس کو دوبارہ کھولنے کی اپیل کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق افغانستان میں پاکستان کے سفیر سید ابرار حسین کو افغانستان وزارت خارجہ کے ذریعے افغانستان کے ڈپٹی چیف آف سٹاف جنرل علی مراد سے ملاقات کیلئے مدعو کیا گیا تھا۔ ملاقات کے دوران دفاعی اتاشی برگیڈیئر فاروق زمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات کے دوران جنرل علی مراد نے سرحد پر کشیدگی کم کرانے کی درخواست کی اور دونوں ممالک کے درمیان سرحد پر کراسنگ پوائنٹس کو دوبارہ کھولنے کی اپیل کی۔ انہوں نے راستے بند ہونے کی وجہ سے افغان عوام کی مشکلات سے آگاہ کیا اور انہوں نے کہا کہ افغانستان کشیدگی کم کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف معلومات کے تبالہ کے نتیجہ میں ان کے خلاف کاروائی کریں گے۔ پاکستان کے سفیر سید ابرار حسین نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے بعد کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے شہری پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہیں۔انہوں نے زوردیا کہ افغانستان دہشت گردوں کی جانب سے افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے کے حوالے سے کاروائی کرے۔ دہشت گردوں کو روکنے کیلئے پاکستان نے سرحد بند کی ہے۔ انہوں نے بارڈر منیجمنٹ کیلئے دونوں ممالک کی جانب سے اقدامات پر زوردیا۔ انہوں نے افغانستان کی جانب سے کی گئی درخواست پاکستان کو پہنچانے کا وعدہ کی

 

 

 ایمز ٹی وی(کابل) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پولیس سٹیشن اور انٹیلی جنس کے دفتر پر خودکش حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں 16افراد ہلاک اور 43 زخمی ہوگئے جبکہ طالبان کے ٹریننگ کیمپ پر فضائی حملے کے نتیجے میں 20شدت پسند مارے گئے۔ دارالحکومت کابل میں پولیس اسٹیشن اور انٹیلی جنس کے دفتر پر خودکش حملے اور فائرنگ کے واقعے میں 16افراد ہلاک اور 35زخمی ہوگئے ،طالبان نے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار پولیس سٹیشن کے گیٹ کے قریب دھماکے سے اڑا دی۔نائب ترجمان وزارت داخلہ نجیب دانش نے بتایا کہ دھماکے کے بعد پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔دوسرے حملے میں ایک پیدل خودکش حملہ آور نے مشرقی کابل میں واقع انٹیلی جنس کے دفتر کے باہر دھماکے سے خود کو اڑا لیا۔پبلک ہیلتھ منسٹری کے ترجمان اسماعیل خواسی کا کہناہے کہ ان دونوں حملوں میں 16افراد ہلاک اور43کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں ہونے والے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کابل پولیس سٹیشن اور انٹیلی جنس آفس میں ہونے والے خود کش حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ان حملوں کے ذریعے ایک بار پھر کابل میں دہشت اور خوف کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ دوسری طرف صوبہ ہلمند میں طالبان کے ٹریننگ کیمپ پر فضائی حملے کے نتیجے میں 20شدت پسند ہلاک ہوگئے۔وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی کارروائی ضلع خانشین میں کی گئی جس میں طالبان کے ایک ٹریننگ کیمپ کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 20جنگجو مارے گئے۔بیا ن میں مزید کہا گیا ہے کہ حملے میں شدت پسندوں کی منشیات بھی تباہ ہوگئی۔فضائی کارروائی کے بار ے میں مزید کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں کہ یہ کارروائی افغان فضائیہ نے کی یا امریکی فورسز نے سرانجام دی

 

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) محکمہ موسمیات نے پی ایس ایل فائنل کے دن لا ہورکا موسم خوشگوار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

5 مارچ کو دوپہرسے لے کررات گئے تک موسم خشک اور خوشگوار رہے گا. دن ایک بجے سے شام 6 بجے تک درجہ حرارت 26 سے 28 سینٹی گریڈ جبکہ شام 6 بجے سے رات 12 بجے تک درجہ حرارت 17 سے 22 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران شمال مغرب سے چلنے والی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار رہے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل 5 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا جس کی ٹکٹیں ہاتھوں ہاتھ بک رہی ہیں جب کہ فائنل میچ کی سیکیورٹی کے لیے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے جارہے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(ملتان) عوامی راج پارٹی کے سربراہ ورکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ اسمبلیوں میں بیٹھے جرائم پیشہ مالی دہشت گردملک کا امن تباہ کرنے کے درپے ہیں، اسی لئے آپریشن رد الفساد کا آغاز ان سے کیا جائے ، نوجوان ہی ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں اسی لئے وہ آنے والے عام انتخابات میں درست لوگوں کا انتخاب کریں،عوامی راج پارٹی آنے والے عام انتخابات میں نوجوانوں کو آگے لائے گی، میٹرو بس کی 90کروڑ سے زائد رقم میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی جیبوں میں جارہی ہے لیکن تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے لئے کوئی سہولت میسر نہیں ہے، عوامی راج پارٹی کے زیراہتمام مظفر گڑھ سے ملتان تک روزانہ سو سے زائد طلبہ و طالبات کو مفت آنے جانے کی سہولت میسر ہے جس کی وجہ سے فی کس طالبعلم کو ایک لاکھ 25ہزار کا سالانہ فائدہ ہو رہا ہے۔ طلبہ و طالبات کو مفت آمدورفت کی سہولت کا ایک سال مکمل ہونے پر زکریا یونیورسٹی میں کیک کا ٹنے کی منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہو ئےجمشید دستی نے کہا کہ عوامی سٹوڈنٹس فیڈریشن کے کارکن پر امن طور پر مثبت سرگرمیوں کو جا ری رکھے ہوئے ہیں ہم نے تعلیمی اداروں کو امن کا گہوارہ بنانا ہے نہ کہ دوسری سیاسی جماعتوں کی طرح پر تشدد کاروائیوں کو فروغ دینا ہے یہی وجہ ہے کہ آج زکریا یونیورسٹی کے سینکڑوں طلبہ عوامی سٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد طلبہ و طالبات کو تعلیم و صحت کی سہولت بھی فراہم کرنے کے لئے عملی طور پر اقدامات کو یقینی بنائیں گے، اس سلسلے میں ہم نے پیپر ورک بھی شروع کر دیا ہے ، کرپٹ حکمرانوں کی طرح سیاسی بیانات کی بجائے عملی طور پر وعدے مکمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک غریب کسان کا نمائندہ آج دوسری بار ایوان میں ہے اور غریب کی نمائندگی کا حق حقیقی معنوں میں ادا کر رہا ہوں، اگر مجھے کسی بھی قسم کا لالچ ہوتا تو میں کرپٹ حکمرانوں کے ساتھ کھڑا ہوتا اور مالی مفاد کے ساتھ ساتھ وزارت بھی حاصل کر پا تا ، لیکن مظفرگڑھ کی غریب عوام کے حقوق کے لئے اسمبلی میں اپنی آواز بلند کر رہا ہوں ، وہ دن دور نہیں جب غریب عوام پر مسلط جاگیرداروں، وڈیروں ، سرمایہ داروں کو منہ کی کھانا پڑے گی اور غریب عوام کے نمائندے ایوانوں میں ہو ں گے

 

 

ایمزٹی وی(خیبرایجنسی)باجوڑ ایجنسی میں سڑک کنارے نصب 12بموں کو ناکارہ بنا کر تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ۔
پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق آج باجوڑ ایجنسی کی تحصیل سلارزئی میں لیویز فورس نے کامیاب کارروائی کی، جس کے دوران علاقہ راغ گان ڈھیرئی میں سڑک کنارے نصب12 عدد دیسی ساختہ بم برآمد کرلیے گئے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ نے برآمد شدہ بموں کو ناکارہ بنایا، کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ بھی سخت کردی گئی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی( اسلام آباد)خاتون اول پاکستان بیگم محمودہ ممنون حسین اور ترک خاتون اول ایمینےنے کہا ہے کہ پاکستان ، ترکی اور شمالی ترک جمہوریہ قبرص کے درمیان ہمیشہ مثالی تعلقات رہے ہیں اوریہ برادر ملک خوشی اور غمی کے مواقع پر ہمیشہ ایک دوسرے کے کام آتے ہیں۔ انھوں نے یہ بات ایوان صدر میں ظہرانے کے موقع پر کی جو معزز مہمانوں کے اعزاز میں دیا گیا تھا۔

 

ظہرانہ میں وزیراعظم کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز اوروزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی شرکت کی۔ خاتون اول نے کہا کہ پاکستانی عوام جمہوریہ ترکی اورترک جمہوریہ شمالی قبرص کے عوام سے یگانگت محسوس کرتے ہیں کیونکہ ہم تاریخی ، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ۔

 

انھوں نے اپنے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ پاکستان اور ترکی دونوں ممالک کے درمیان خصوصی تعلقات ہیں، دونوں سکھ دکھ کی گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔یہ تعلقات محبت ، باہمی احترام، جذبہ خیر سگالی، عتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں یہی وجہ ہے کہ دنیا کے بیشتر مسائل پر ہمار ا مؤقف یکساں ہے اور عالمی سطح پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔

 

بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم، طبقاتی تقسیم اورچائلڈ لیبرکے خلاف ترک خاتون اول کی جدوجہد دنیا بھر کی مسلم خواتین کیلئے قابلِ تقلید ہے۔ پاکستانی خواتین سیاست میں بھی اہم کردارادا کر رہی ہیں۔

 

پاکستان اور ترکی میں خواتین کا مستقبل بہت تابناک اور شاندار ہے۔ ترک خاتون اول نے کہا کہ وہ پاکستان کواپنا دوسرا گھر سمجھتی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔ اس موقع پر خاتون اوّل جمہوریہ ترک ایمینے اور محترمہ میرال ایکن سی، ترک جمہوریہ شمالی قبرص کی خاتون اوّل ایوان صدر میں پرتپاک استقبال پر بیگم محمودہ ممنون حسین کا شکریہ اد ا کیا اور امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔