ھفتہ, 18 مئی 2024

ایمز ٹی وی (حیدر آباد) جمعرات کو کارکنوں کے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ  ذوالفقار مرزا جیسے ذہنی مریض کو کوئی جواب دینا مناسب نہیں میں ذوالفقارمرزا کے خلاف میدان میں آگیا ہوں، پیپلزپارٹی کسی صورت بھی جرائم پیشہ افراد کو پارٹی میں قبول نہیں کرے گی۔ سندھ کی حکومت اگر آج عذیر بلوچ کو واپس لانے کا فیصلہ تبدیل کر دے تو سب کچھ پیپلزپارٹی میں دوبارہ اچھا ہو جائے گا۔

ایمز ٹی وی (لاڑکانہ) پشاور امام بارگاہ میں ہونے والے دھماکے کے سوگ میں لاڑکانہ شہر میں کاروبار بند ہے ۔ ریشم گلی ، شاہی بازار ، بندر روڈ ، پاکستان چوک سمیت شہر بھرکے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند ہوگئے ہیں ۔ جبکہ پیٹرول پمپ اور سی این جی سٹیشنز بھی بند ہیں اور سی این جی سٹیشنز کے سامنے گاڑیوں کی قطاریں لگی ہیں جہاں پر سی این جی نہ ملنے کے باعث سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم ہے ۔

ایمز ٹی وی (لاہور) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان عمل پر عملدر آمد کے لیے میڈیا کا ساتھ ضروری ہے، 2سال کے لیے میڈیا ریٹنگ بھول کر حکومت کا ساتھ دے، قومی سلامتی کے معاملات پر میڈیا مضبوط کردار ادا کرے۔

لاہور میں سی پی این ای (کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز) کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہر ادارے کا فرض بنتا ہے پاکستان کو بحران سے نکالنے میں کردار ادا کرے، مسائل اور چیلنجز کے حل کے لیے وقت درکار ہے۔صحافیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اہل صحافت کا کردار کلیدی رہا ہے، قانون کی پاسداری کرنے والوں کا احترام کرتا ہوں، صحافیوں نے ہر مشکل گھڑی میں حکومت کا ساتھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین و قانون سے انحراف کی پاکستان بھاری قیمت ادا کر چکا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دھرنوں کے مقاصد سمجھ سے بالاتر تھے، دھرنوں کی وجہ سے غیرملکی سربراہوں کے دورے منسوخ ہوئے اور ان دھرنوں کے دوران پاکستانی روپے کی قدر کم ہوئی۔ نواز شریف نے طاہر القادری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دھرنا دینے والوں میں سے ایک صاحب تو ملک سے باہر چلے گئے ہیں،انہوں نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی وی (پاکستان ٹیلی ویژن) پر حملہ کرنے والوں کا ایجنڈا کیا تھا؟ ان کا کہنا تھا کہ وزارت عظمیٰ پھولوں کی سیج نہیں، حکومت عالمی برادری میں پاکستان کا تشخص بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

کراچی کے حالات کے حوالے انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات درست کرنے کے لیے اقدامات کیے، 2012 میں آپریشن شروع کیا، اس سے حالات بہتر ہوئے، اس وقت تک اقدامات جاری رکھیں گے جب تک امن نہ ہو جائے، کراچی میں بے امنی کو ختم کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت عالمی برادری میں پاکستان کا تشخص بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے، آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا کا بہت بڑا حامی ہوں۔ حکومت کے مستقبل کے لائحہ عمل پر انہوں نے کہا کہ ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ادھورا نہیں چھوڑا جائے گا۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے211سے منتخب ایم این اے وفاقی وزیرصنعت و پیداوارغلام مرتضیٰ جتوئی نے وزیراعظم نوازشریف سے اختلافات کے باعث مسلم لیگ (ن) کو خیربادکہہ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت کاحتمی فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق غلام مرتضیٰ جتوئی اپنے بھائی رکن سندھ اسمبلی مسرورجتوئی، عارف مصطفیٰ جتوئی، سابق صوبائی وزیرعاقب جتوئی، سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرابراہیم جتوئی، سابق رکن سندھ اسمبلی عابدجتوئی سمیت دیگردوستوں کے ہمراہ آئندہ48گھنٹوں میں پیپلزپارٹی میں شمولیت کااعلان کریں گے۔

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) ورلڈ کپ اسکواڈ سے اچانک باہر ہونے  والے محمد حفیظ کا دبے الفاظ میں احتجاج چیئرمین تک پہنچ گیا،اوپنر کو معمولی انجری پر فوری وطن روانہ کرنے پر ٹیم مینجمنٹ سے وضاحت طلب کرلی، تسلی بخش جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں آسٹریلیا میں موجود عہدیداروں کیخلاف ایکشن بھی لیے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق فٹنس مسائل کو جواز بنا کر محمد حفیظ کو ورلڈ کپ سے آئوٹ کر کے ان کی جگہ ناصر جمشید کو کینگروز کے دیس بجھوانے کے معاملے پر کئی سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں، پنڈلی کی انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہرہونے والے اوپنروطن واپس لوٹتے ہی ٹورسلیکشن کمیٹی پربرس پڑے تھے، ان کا کہنا تھا کہ انجری معمولی نوعیت کی تھی جو جلد ٹھیک ہوجاتی اور وہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر سکتے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ نے بورڈ کوآگاہ کیا تھا کہ حفیظ کی انجری سنجیدہ نوعیت کی ہے جس کے باعث وہ ورلڈ کپ نہیں کھیل سکیں گے، اسی رپورٹ کی روشنی میں شہریار خان نے ٹورسلیکشن کمیٹی کی سفارش پر ناصرجمشید کوآسٹریلیا بھیجنے کی منظوری دی تھی۔

ایمز ٹی وی (کراچی) وفاقی حکومت نے ملک میں نام بدل کر سرگرمیاں جاری رکھنے والی کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کافیصلہ کیا ہے اور ان تنظیموں کی سرگرمیوں کی اعلیٰ سطح پر مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کو اہم اداروں نے آگاہ کیا ہے کہ حکومت نے جن تنظیموں پر پابندی عائد کی تھی،ان میں سے بعض تنظیمیں نام تبدیل کرکے سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان تنظیموں کے بعض رہنما اور کارکنان سنگین وارداتوں میں ملوث پائے گئے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ان تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کیلیے حکمت عملی وضع کرے۔

ان تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن پالیسی صوبائی حکومتوں کی ہدایت پر قانون نافذ کرنے والے ادارے مرتب کریں گے، ان تنظیموں کے حوالے سے رپورٹ مرتب ہونے کے بعد ان کے نئے نام سے کام کرنے پربھی پاپندی لگانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔اعلیٰ سطح پر کی جانے والی مشاورت میں یہ طے کیا گیا ہے کہ ان تنظیموں کی سرگرمیوں کو مکمل طور پر مانیٹر کیا جائے گا اور خفیہ ادارے ان تنظیموں کے بارے میں مکمل رپورٹ حکومت کو فوراً پیش کریں گے۔

حکومت نے فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ایسی تنظیمیں جو نام بدل کر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ان کے رہنماؤں اور کارکنان کی مکمل نگرانی  کی جائے اور ان کی فنڈنگ کے ذرائع بھی معلوم کیے جائیں ،وفاقی حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ان تنظیموں کے ایسے رہنما جوانتہائی سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں ان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) سابق ٹیسٹ کپتان عامر سہیل نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ میں یونس خان کے بجائے صہیب مقصود کو کھلانا چاہیے، اسی طرح سرفرازاحمد کو ڈراپ کر کے عمر اکمل کو جگہ دی گئی تو کامیابی کی توقع کی جا سکتی ہے۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی جم خانہ میں ورلڈ کپ کے حوالے سے کتاب ’’فرسٹ سکسر‘‘کی تقریب رونمائی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا، عامر سہیل نے کہا کہ یونس خان ون ڈے کرکٹ میں خود کو ایڈجسٹ نہیں کر پا رہے، وہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز اور پریکٹس میچز میں بھی اپنی فارم کا مظاہرہ نہ کرسکے، ان کی جگہ نوجوان اور باصلاحیت بیٹسمین صہیب مقصود کو دی جائے جس نے پریکٹس میچ کے دوران مشکل وقت میں اپنی اہلیت ثابت کی۔

انھوں نے کہاکہ بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کو 5 اسپیشلسٹ بیٹسمین اور اتنے ہی بولرز کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے، ٹور سلیکشن کمیٹی کو سرفرازاحمد کی قربانی دینا ہوگی، عمر اکمل سے ہی بیٹسمین اور وکٹ کیپر کا کام لیا جائے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) تنازع کشمیر پر نئی دہلی میں ایک سیمینار پر ہندوانتہاپسندوں نے حملہ کردیا اورپروفیسرعبدالرحمن گیلانی کو زدوکوب کرنے کی کوشش کی گئی، پاک بھارت مذاکرات کی بحالی پر حریت کانفرنس کا خیرمقدم کی گیا۔

سیمینار کا انعقاد نئی دہلی میں قائم ڈیموکریٹک اسٹوڈنٹس یونین نے شہید کشمیری رہنماؤں مقبول بٹ اورافضل گورو کے حوالے سے جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں کیا تھا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی طلبہ تنظیم ’’اکھل بھارتیہ ودیاتھی پریشد‘‘ اور ’’راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ‘‘ کے کارکنوں نے نئی دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی میںتنازع کشمیر کے حوالے سے منعقدہ سیمینار پر حملہ کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں تنظیموں کے کارکنوں نے پروفیسر عبدالرحمن گیلانی کو اس وقت زدوکوب کرنے کی کوشش کی جب انھوں نے سیمینار میں اپنی تقریر شروع کی۔

طلبہ نے بعد میں ہندوانتہاپسندوں کارکنوں کے حملے کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا۔ سیمینار کے منتظمین کے مطابق انھوں نے سیمینار کے  انعقاد کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ سے پیشگی اجازت لے لی تھی جو آخر وقت میں یہ کہہ کر واپسی لے لی گئی تھی کہ یہ بھارت مخالف تقریب ہے اور مقررین میں کشمیری پروفیسر عبدالرحمن گیلانی بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پروفیسرسید عبدالرحمن گیلانی کو افضل گورو کے ساتھ بھارتی پارلیمنٹ پرحملے کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن بعد میں بری کردیا گیا تھا۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کی برطانیہ اور یورپ شاخ کے زیر اہتمام کشمیری رہنما مقبول بٹ شہید کی برسی کے سلسلے میںلندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پاکستان اور چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو مؤثر بنانے کیلیے اس میں اتفاق رائے سے اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔ دونوں ممالک نے جنوبی ایشیامیں اسٹرٹیجک توازن قائم کرنے پر بھی زور دیا۔ چینی وزیرخارجہ وانگ ژی کے دو روزہ دورے کے اختتام پر دفترخارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ وانگ ژی کا وزیرخارجہ کی حیثیت سے پاکستان کا پہلادورہ تھا جس کا بنیادی مقصد چینی صدر کے دورہ پاکستان کی تیاری تھا۔ انھوں نے صدر ممنون اور وزیراعظم نواز شریف سے ملاقاتیں کیں۔ وہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی ملے۔ چینی وزیرخارجہ نے کہاکہ دونوں ممالک کی قیادت جامع اسٹرٹیجک پارٹنر شپ مزید مضبوط بنانے کے عزم پر کاربند ہے۔

دونوں ممالک کیلیے یہ بات اہم ہے کہ وہ چینی پاکستان اقتصادی راہداری کے مشترکہ تصور کو حقیقت کا روپ دیں۔ انھوں نے اس اہم منصوبے کی جلد تکمیل پر زور دیا۔ مشیر خارجہ کے ساتھ وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت میں جنوبی ایشیا میں ’’اسٹرٹیجک توازن‘‘قائم رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو مؤثر اور تمام رکن ممالک کی نمائندگی کا حق ادا کرنے کے قابل بنانے کیلئے کونسل میں اتفاق رائے سے اصلاحات کا مطالبہ کیا۔ دریں اثنا وانگ ژی نے جنرل ہیڈکوارٹرز میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ساتھ ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون میں اضافے کا جائزہ لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وانگ ژی نے آپریشن ضرب عضب کی نمایاں پیش رفت اور کامیابیوں کی تعریف کی۔

ملاقات کے بعد وفد کی سطح پر گول میز اجلاس ہوا جس میں دونوں ممالک کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ قبل ازیں جنرل ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر چینی وزیر خارجہ نے یادگار شہدأ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور خطے میں امن واستحکام کیلیے پاک فوج کی قربانیوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پاکستان چین کے اشتراک سے تیارکیے گئے جے ایف17تھنڈر لڑاکا جیٹ طیاروں کے انجن اب براہ راست روس سے درآمدکرے گا، ۔قبل ازیں یہ انجن چین کے توسط سے روس سے ملتے تھے۔

ذرائع کے مطابق چین کی وزارت دفاعی پیداوار نے حال ہی میں اس حوالے سے این اوسی جاری کردیا ہے ۔ چین کی جانب سے این اوسی ملنے پر پاکستان اب روس سے ان طیاروں کے انجن خرید سکے گا جس سے نہ صرف طیاروں کی تیاری پر اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ پاک روس دفاعی تعاون کوبھی فروغ ملے گا۔ روسی وزیردفاع کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران دونوں ملکوں نے دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق قبل ازیں پاکستان نے روس سے کبھی بھی براہ راست دفاعی شعبے میںکوئی سودا نہیں کیااورحالیہ پیشرفت اہم سمجھی جا رہی ہے ۔

روس کا جھکاؤ ہمیشہ بھارت کی طرف رہا ہے لیکن پہلی مرتبہ روسی وزیردفاع نے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کی خواہش کااظہارکیا ۔روس کا پاکستان کی جانب جھکاؤ پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ روسی وزیردفاع کے دورے کے بعد ماسکو واپس پہنچنے کے بعد روسی پارلیمنٹ ڈوما میں ایک بل بھی پیش کیاگیا جس میں پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کی اجازت طلب کی گئی۔ روسی پارلیمنٹ یہ بل منظورکرچکی ہے،اس قانون سازی کے نتیجے میں دونوں ملکوں نے دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے راستے تلاش کرنے کے لیے بات چیت کی اورنتیجتاً پاکستان کوجے ایف17تھنڈر طیاروں کے انجن دینے پراتفاق ہوا ہے۔