جمعہ, 26 اپریل 2024


اداکاروں کی شادی توجہ کا مرکز، تنقید اولین فرض ہے

 

ایمز ٹی وی ( انٹرٹینمنٹ) 2016 میں پاکستان کی کئی نامور شخصیات نے شادی کرکے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا، ان میں سے کئی کی شادیوں پر خبریں بھی ذرائع ابلاغ کی شہہ سرخیوں کا حصہ بنیں لیکن 2 ایسی شادیاں تھیں، جو سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بنیں۔

میڈیا کی زیادہ توجہ حاصل کرنے والی پہلی شادی اداکارہ عروہ حسین اور فرحان سعید کی تھی، اس شادی میں پورے پاکستان کی تمام مقبول شخصیات نے شرکت کی، نہایت شاندار اور مہنگے ملبوسات کی رونمائی کی گئی، ڈانس سے شادی کی رونق میں مزید اضافہ کیا گیا، اس شادی میں متعدد ڈھولکیاں رکھ کر تقریبات کو یادگار بنانے کی کوشش کی گئی، سوشل میڈیا کو تصاویر سے بھر دیا گیا، دلہا اور دلہن کے عروسی جوڑے مہنگے ترین ڈیزائنرز نے بنائے اور نہ جانے کیا کیا، جس کا میں اور آپ تصور بھی نہیں کرسکتے۔

دوسری شادی اداکارہ یاسرہ رضوی اور عبدالہادی کی تھی، جسے نہایت سادگی سے منعقد کیا گیا، لڑکے اور لڑکی کے درمیان عمر کے بڑے فرق کو مسئلہ نہیں بنایا گیا، شادی کی تقریبات بہت زیادہ دھوم دھام سے نہیں رکھی گئیں، دلہن نے نہایت سادہ عروسی ملبوسات پہنے، میڈیا کے ہر جگہ پہنچ جانے والے کیمروں کی دخل اندازی بھی کم ہی دیکھنے میں آئی، جبکہ اس میں مقبول شخصیات بھی نظر نہ آئیں، سب سے اہم بات دلہن نے شوہر سے حق مہر میں فجر کی نماز کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔

اب یہ دونوں شادیاں پاکستان کی نامور اداکاراوں کی تھی، دونوں ہی ایک دوسرے سے بلکل برعکس ہیں، تاہم ہم یہاں غلط اور صحیح پر بات نہیں کر رہے، کیوں کہ انسان اپنی زندگی میں محنت کرتا ہے، تو یہ اس کا بنیادی حق ہے کہ وہ اپنی شادی کس طرح کرے، اسے اپنے گھر والوں اور اپنے لیے کیسے یادگار بنائے، یہ اس کا اپنا ذاتی معاملہ ہے۔

دوسری جانب اگر کوئی اپنی شادی سادگی سے کرنے اور حق مہر میں نماز فجر کی ادائیگی کا مطالبہ کرے تو اس کا بھی یہ اپنا مسئلہ ہے، اس نے مجھے یا آپ کو تنقید کرنے یا تبصرہ کرنے کا حق نہیں دیا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment