جمعہ, 03 مئی 2024

لاہور: وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان قلمبند کرادیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق اپنا بیان ریکارڈ کرانے خود جے آئی ٹی دفتر گئے اور اپنا بیان ریکارڈ کرادیا۔ اپنے بیان میں وزیراعلی پنجاب نے موقف اختیار کیا کہ 17 جون کو ماڈل ٹاؤن میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آپریشن کیا گیا اور اس حوالے سے وہ لاعلم تھے جب ٹی وی آن کیا تو پتہ چلا کہ ماڈل ٹاؤن میں فائرنگ ہو رہی ہے۔ انہوں نے پولیس کو پولیس کو فائرنگ کے احکامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو ماڈل ٹاؤن میں فائرنگ کرنے کا کوئی حکم نہیں دیا۔

واضح رہے کہ 17 جون 2014 کو تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری کی رہائش گاہ کے باہرسے رکاوٹیں ہٹانے کےلئے ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کی اور اس دوران مزاحمت کے بعد پولیس کی فائرنگ سے منہاج القرآن کے 14 کارکن جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

ایمز ٹی وی (کراچی) متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے انسانی حقوق کی تنظیموں، سول سوسائٹی اور وکلا برادری  سے اپیل کہ ہے کہ وہ ایم کیوایم کے گرفتار کارکنان پرانسانیت سوز تشدد کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔

ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر آئینی وقانونی ماہرین اور ایم کیوایم لیگل ایڈ کمیٹی کے وکلا کے اجلاس سے ٹیلی فونک  خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ایم کیوایم نے شہر قائد میں امن وامان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کی حمایت کی لیکن مجرموں کی گرفتاری کی آڑ میں کراچی میں رینجرز کے آپریشن کا رخ ایم کیوایم کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حراست کے دوران گرفتار شدگان کو بدترین تشدد کانشانہ بنایاجارہا ہے، ان پر تھرڈ ڈگری استعمال کی جارہی ہے ، ان کے جسم کے نازک اعضاء پر تشدد کیاجارہا ہے جس کے باعث گرفتارشدگان کے گردے اورجسم کے دیگر اعضاء شدید متاثر ہورہے ہیں جس کا وکلاء برادری اور عاصمہ جہانگیر سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کوفوری نوٹس لینا چاہیے۔

الطاف حسین نے تمام وکلاء سے کہاکہ وہ انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں کے وفد کے ہمراہ گرفتار شدگان سے ملاقات کریں اور خود مشاہدہ کریں کہ گرفتار شدگان کو کس طرح وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایاجارہا ہے ۔انہوں نے رابطہ کمیٹی ، حق پرست ارکان سینیٹ ، قومی وصوبائی اسمبلی کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے ایوان کی انسانی حقوق کی کمیٹیوں کے ہمراہ گرفتارشدگان سے ملاقات کرکے ان پر ہونے والے بدترین تشدد کا جائزہ لیں اور اس کے خلاف ہرسطح پر آواز بلند کریں۔

ایمز ٹی وی (کراچی) محکمہ داخلہ سندھ نے رینجرز سندھ کے خصوصی اختیارات میں مزید4 ماہ کی توسیع کر دی ہے ۔

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے رینجرز کے خصوصی اختیارات میں مزید 4 ماہ کی توسیع کر دی ہے، ان خصوصی اختیارات کے تحت رینجرز کو چھاپوں، گرفتاریوں ، مشتبہ افراد کو حراست میں لینے اور تفتیش کے اختیارات حاصل ہونگے ۔

ایمز ٹی وی (کوئٹہ) صولت مرزاکی پھانسی سزا پر عملدرآمد کے عدالتی احکام کے بعد مچھ جیل کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مچھ جیل سکندرخان کاکڑ نے کہا ہے کہ اس وقت مچھ جیل کی سیکیورٹی پر3 سوایف سی پولیس اور لیویز اہلکاروں کو تعینات کیاگیاہے۔مچھ میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلیے مچھ شہرکے داخلی وخارجی راستوں پرسیکیورٹی سخت کردی گئی ہے اورتمام آنے جانے والوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔

ایمز ٹی وی (لاہور) سپریم کورٹ کے ڈویژن بینچ نے بھٹو کیس ری اوپن کرنے سے متعلق درخواست خارج کر دی۔

غازی علم الدین ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ذوالفقارعلی بھٹوکا عدالتی قتل کیا گیا، ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم کا ٹرائل ری اوپن کرنے کاحکم دیاجائے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزارمتاثرہ فریق نہیں، صرف متاثرہ فریق ہی بھٹوکیس ری اوپن کرنے سے متعلق درخواست دائر کرسکتا ہے جس کے بعد سپریم کورٹ نے درخواست خارج کردی۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے نواجوان کمربستہ ہوجائیں اگلامیدان جلد لاہور میں لگے گا،جس کے لیے آزادی بس کو تیاری کا کہہ دیا گیا ہے، ملک کے نوجوان اب تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

بنی گالا میں نومنتخب سینیٹرزاور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ایم پی ایز کے اعزاز میں منعقدہ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ سینیٹ انتخابات میں دولت کے اثر ورسوخ کو پس پشت ڈال کر پارٹی پالیسی کے مطابق ووٹ دینے پر خیبرپختونخوا کے اراکین زبردست خراج تحسین کے مستحق ہیں ان کایہ اقدام نئے پاکستان کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ 

عمران خان نے کہاکہ قوم کی توقع تحریک انصاف سے وابستہ ہے جبکہ نوجوان تبدیلی کیلیے منتظر ہیں،تحریک انصاف ہی واحد جماعت ہے جو ملک وقوم کومایوسیوں سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کی اہلیت رکھتی ہے،عوام نیا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں چنانچہ تحریک انصاف کے کارکنان ایک نئی جدوجہد کیلیے کمربستہ ہو جائیں، تحریک انصاف مئی 2013 کے انتخابات میں کی جانے والی دھاندلی کی تحقیقات کیلیے پوری طرح پرعزم ہے،اگر حکومت معاملے کو مزید تاخیر کا شکار کرنے کی کوشش کرتی ہے تو ایک مرتہ پھر سڑکوں پر نکلیں گے اور اب کی بار لاہور کا رخ کریں گے۔

ایمز ٹی وی(اسلام آباد )23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر سیکیورٹی کو موثر بنانے کے لیے ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ پتنگ بازی پر بھی پابندی لگا دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے دارالحکومت میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 فوری طور پر نافذ کر دی ہے۔ جس کے تحت پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہو گی۔ اس کے علاوہ شہر میں ممکنہ طور پر بسنت منانے سے روکنے کے لیے بھی پتنگ بازی پر ایک ماہ کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسلح افواج کی پریڈ کے موقع پر 41 میں سے 7 مدارس کی انتظامیہ نے ایک ہفتہ کے لیے مدارس کو عارضی طور پر بند کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

ایمز ٹی وی(کراچی)کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کر کے گینگ وار کے دو گینگسٹرز کو ہلاک کر دیا ۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور بھتے کی پرچیاں برآمد کرلی گئی ہیں ۔ لیاری کے علاقے دریا آباد میں پولیس نے گینگ وار کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی ۔ کارروائی کے دوران ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی ۔ مقابلے کے نتیجے میں گینگ وار کے دو کارندے جبار دادا اور حافظ چونی مارے گئے ۔ ایس ایس پی سٹی فدا حسین کے مطابق ہلاک ملزمان ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی چوبیس وارداتوں میں ملوث تھے ۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور بھتے کی پرچیاں برآمد کر لی گئی ہیں -

ایمز ٹی وی(اسلام آباد)ہائیکورٹ نے ذکی الرحمان لکھوی کی نظر بندی کو غیر قانونی قراردیتے ہوئے ان کی نظربندی کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔ زرائع کے مطابق جسٹس نورالحق قریشی کی عدالت نے ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کی نظربندی کے حکومتی فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے ملزم کی رہائی کا حکم دیتے ہوئے نقص امن کے تحت نظر بندی کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کو ضمانت پر رہا کیا تھا تاہم حکومت نے تین ایم پی او کے تحت انہیں نظربند کرتے ہوئے اڈیالہ جیل منتقل کردیا تھا۔

فورئن ڈیسک ( واشنگٹن) امریکہ نے یوکرین کو ساڈھے سات کروڑ ،پچاس لاکھ ڈالرز کی فوجی امداد دینے کا اعلان کردیا ۔اس امداد کا مقصد یوکرین حکومت کی مشرق یوکرین میں روس نواز علیحدگی پسندوں کے خلاف مدد فراہم کرنا ہے ۔امریکی وذیر دفاع کارٹر نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ "اس سے یوکرین کیلئے امریکی سیکیورٹی امداد 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ جائے گی ۔اور نئی امداد نگرانی کے عمل کو بہتر کرنے کیلئے بغیر ہوا باز سے فضا میں نگرانی کے حصول کیلئے ہیں ۔ کارٹر نے مزید کہاکہ یوکرین کو امریکہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد میں مختلف قسم کے ہتھیار، کئی اقسام کے ریڈیوز ، گولہ باری سے بچنے کیلئے ریڈارز تاریکی میں دیکھنے کیلئے آلات اور فوجی ایمبولینسز بھی فراہم کی گئی ہیں