Print this page

جامعہ کراچی میں 23 شعبہ جات کی 1700 نشستوں پرداخلوں کےلئےٹیسٹ منعقد

کراچی: جامعہ کراچی میں 23 شعبہ جات کی 1700 نشستوں پرداخلوں کےلئےٹیسٹ کاانعقادکیاگیا۔

 
جامعہ کراچی میں تعلیمی سال 2022 ء کے ڈاکٹر آف فارمیسی،ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی، بی ای،بی ایس اوربی ایڈ(آنرز) پروگرام کے لئے داخلہ ٹیسٹ بروز اتوار 12 دسمبر2021 ء کو صبح 11:00 بجے جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں قائم35 امتحانی مراکز میں منعقد ہوا۔ ڈاکٹر آف فارمیسی،ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی، بی ای،بی ایس اوربی ایڈ(آنرز)پروگرام کے 23 شعبہ جات کی 1700 نشستوں پر داخلوں کے لئے 16000 داخلہ فارم جمع کرائے گئے جبکہ 15100 امیدواروں نے داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کی۔داخلہ ٹیسٹ میں حاضری کا تناسب 94.37 فیصدرہا۔
 
وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے رجسٹرارجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید، کراچی یونیورسٹی اسسمنٹ اینڈ ٹیسٹنگ سروس(کے یواے ٹی ایس) کی کنوینر پروفیسر ڈاکٹر انیلا امبر ملک،انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنزجامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر،رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسر ڈاکٹرنصرت ادریس،ڈاکٹر معیز خان،ڈاکٹر مصطفی حیدر،ناظم امتحانات ڈاکٹر سید ظفر حسین، سینئر میڈیکل آفیسر جامعہ کراچی ڈاکٹر سیدعابد حسن اور میڈیکل آفیسر ڈاکٹر اکمل وحید کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اورحکومت کی جانب سے جاری کردہ کووڈ19 ایس اوپیز پر عملدرآمد اور دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیااور تمام امتحانی مراکز پر سینیٹائزر،فیس ماسک اور تھرمل گنز کی موجودگی کوسراہا۔
 
علاوہ ازیں طلباوطالبات اور ان کے والدین کی سہولت کے پیش نظر جامعہ کراچی کے تمام داخلی دروازوں پر پوائنٹس(بسوں) کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا تھا جو طلبہ کو امتحانی مراکز تک پہنچانے اور واپس گیٹس تک پہنچانے کی سہولت فراہم کرتے رہے۔ داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے امیدواروں اور ان کے والدین کی رہنمائی کے لئے ہیلپ ڈیسک کے ساتھ ساتھ (واچ اینڈوارڈ) کے عملے کو داخلی راستوں اور فیکلٹی کے اطراف تعینات کیا گیا تھا، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لئے میڈیکل افسراور ان کا طبی عملہ بمعہ ایمبولینس موجود تھا۔شیخ الجامعہ نے داخلہ ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد پر تمام اساتذہ،انتظامی عملے اور سیکیورٹی گارڈز کی کاوشوں کو سراہا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں