جمعہ, 20 ستمبر 2024


بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی رنرزاپ قومی ٹیم تاحال حکومتی توجہ کی منتظر

ایمزٹی وی (کھیل)  سینئر کھلاڑی عامر اشفاق کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطح پر پذیرائی نہ ملنے کی وجہ سے سب مایوس ہیں، وزیر اعظم سے درخواست ہے کہ وہ ملک کے سربراہ ہونے کے ناطے ایک بار ملاقات ہی کرلیں انھوں نے اپنے ادارے زرعی ترقیاتی بینک کے صدر سے بھی درخواست کی کہ وہ میگا ایونٹ میں شرکت سے قبل ترقی کے حوالے سے کیے جانے والے وعدے کو پورا کریں۔ کئی ریکارڈز ملک کے نام کرنے والے کھلاڑی نےکہا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ہمیشہ ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، ہم نے4 میں سے2 ورلڈ کپ جیتے جب کہ ہر بار فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

انھوں نے کہا کہ حال ہی میں جنوبی افریقہ میں منعقدہ چوتھے عالمی کپ میں ناقابل شکست کی حیثیت سے فائنل میں رسائی حاصل کی لیکن بدقسمتی سے ہم بھارت کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوکر اعزاز کا دفاع کرنے سے محروم رہے۔ انھوں نے تسلیم کیا کہ فیصلہ کن معرکہ میں ہم سے فیلڈنگ اور دیگر شعبوں میں بعض غلطیاں ہوئیں جس کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ عامر اشفاق نے بلائنڈ کرکٹرز کو حکومتی سطح پر پذیرائی نہ ملنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم وزیر اعظم نواز شریف سے انعام کا مطالبہ نہیں کرتے لیکن میگا ایونٹ کے بعد ایک بار ملاقات ہی کرلیتے تو ہمارے حوصلے آسمان کو چھونے لگتے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment