جمعرات, 18 اپریل 2024


یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں ریسرچ کانفرنس منعقد

لاہور: یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) میں گزشتہ روز ریسرچ کانفرنس منعقد کی گئی

جس میں چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن( ایچ ای سی) ڈاکٹر مختار احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد، ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، ڈائریکٹر جنرل یو ایم ٹی عابد شیروانی، ڈاکٹر مجاہد کامران، ڈین ریسرچ یو ایم ٹی ڈاکٹر سمعیہ شاہد، رجسٹرار سلیم عطا، کنٹرولر امتحانات حسیب حیدر، ڈینز، ڈائریکٹرز سمیت فیکلٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
چیئر مین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو ایم ٹی نے تحقیق کی وجہ سے پاکستان میں پہلی نجی یونیورسٹی کا درجہ حاصل کیا ہے جس پر میں یو ایم ٹی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ تحقیق کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے لہذا ہمیں ہر تمام شعبہ جات میں ریسرچ کرکے ملکی حالات میں بہتری لانی ہوگی۔

ڈاکٹر مختار نے بتایا کہ جامعات کو آج کی دنیا کے بدلتے ہوئے منظرنامے کو اپنانے کی ضرورت ہے، تحقیقی مقالے لکھنا اچھا ہے لیکن ہمیں اس تحقیق پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے جو معاشرتی و معاشی مسائل کا حل پیش کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایچ ای سی دو ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے جا رہا ہے ایک کراچی اور دوسرا لاہور میں جس سے ہائرایجوکیشن کمیشن اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لا سکے گا۔

چیئرمین ایچ ای سی کا کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں 100 میلن سے زائد روپے یونیورسٹیوں کو دیے جائینگے تاکہ ایمپیکٹ فل ریسرچ کو مزید فروغ دیا جا سکے، یونیورسٹیوں کو چاہئے کہ خود کی چھوٹی کمپنیاں بنا کر تحقیق کے ذریعے بنائی جانیوالی پراڈکٹس سے ملک و قوم کی خدمت کریں۔صدر یو ایم ٹی ابراہیم مراد نے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار احمد کا یو ایم ٹی آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یو ایم ٹی ایک ریسرچ یونیورسٹی ہے جس نے حقیقی معنوں میں ریسرچ پر مبنی تعلیم کو فروغ دے کر پاکستان کی پہلی نجی یونیورسٹی کا درجہ حاصل کیا ہے، ایچ ای سی کو چاہئے یو ایم ٹی جیسے اداروں کو مزید سپورٹ کرکے ریسرچ کے نظام کو مزید بہتر بنائیں۔

صدر یو ایم ٹی کا مزید کہنا تھا کہ ریسرچ کے ذریعے ریئل ورلڈ ایمپیکٹ حاصل کرنا ہے ،یو ایم ٹی کی اولین ترجیح ہے یہی وجہ ہے کہ یو ایم ٹی نے پچھلے تین سے چار سال میں 400 فیصد گروتھ کی ہے اور اس کا کریڈٹ فیکلٹی کو جاتا ہے۔کانفرنس میں سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں چیئرمین ایچ ای سی نے فیکلٹی ممبران کو ایچ ای سی کی طرف سے تحقیق کے حوالے سے مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کروائی۔صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار کو تقریب کے اختتام پر اعزازی سووینئر بھی پیش کیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment