پیر, 20 مئی 2024

ایمز ٹی وی (مقبوضہ کشمیر) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما محمد مقبول بٹ شہید کی برسی پر مکمل ہڑتال کی گئی اور بھارت کیخلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔گزشتہ روز حریت رہنماؤں کی اپیل پر مقبول بٹ کی برسی پر ہڑتال کے موقع پر مقبوضہ وادی میں تمام کاروباری مراکز ، تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہے جبکہ شاہراہوں پر ٹریفک انتہائی کم تھا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت شہید مقبول بٹ کا جسد خاکی ان کے ورثا کے حوالے کرے اور کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرے ۔

 دوسری جانب قابض انتظامیہ نے بھارت کے خلاف مظاہروں کو روکنے کیلئے سرینگر اور مقبوضہ وادی کے دیگر علاقوں میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کردیا جبکہ متعدد حریت رہنماؤں کو گھروں اور تھانوں میں نظر بند کردیا۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے شہریوں کو ایک جگہ پر جمع ہونے سے روکنے کیلئے سرینگر میں مختلف سڑکیں خار دار تاروں سے بند کر دیں جبکہ شہر کے مرکزی مقام لال چوک کی طرف مارچ روکنے کیلئے لوگوں پر شدید لاٹھی چارج کے ساتھ ساتھ آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔

 اس موقع پر حریت رہنما علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کو اس حقیقت سے آگاہ ہونا چاہئے کہ وہ طاقت کے زور پر کبھی بھی کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا ۔کشمیری عوام شہداء کے نقش قدم پر چل کر بھارت سے آزادی حاصل کریں گے جبکہ شہداء کے خون کیساتھ ہمیشہ وفا کی جائیگی۔

ایمز ٹی وی ( کشمیر) یوم سیاہ کے موقع پر ریاست جموں وکشمیر کے دونوں اطراف جلسے، جلوس، ریلیاں ، احتجاجی مظاہرے اوردھرنے دیے جائیں گے، کاروباری مراکز بند اور پہیہ جام ہڑتال ہوگی۔ مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیری26 جنوری کومکمل احتجاجی ہڑتال کریں گے اور دنیا پر واضح کریں گے کہ کشمیری بھارتی ظلم و جبر کے باوجود اپنے حق آزادی کیلیے جدوجہد میں مصروف ہیں۔سری نگر میں جاری ایک بیان میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے 26جنوری کوبھارتی یومِ جمہوریہ کے موقع پر پورے مقبوضہ علاقے اور 27جنوری کو کپواڑہ قتل عام کے خلاف کپواڑہ قصبے میں ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ علی گیلانی نے قابض انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ طلبا اور سرکاری ملازمین کو26جنوری کی سرکاری تقریبات میں شرکت کے لیے مجبور نہ کرے۔ ادھر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے عوام سے اپیل کہ کہ وہ 26 جنوری کو یوم سیاہ کے طور منائیں اور احتجاجی ہڑتال کریں۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے ہاتھوں شہریوں کے قتل عام کی برسی کے موقع پر اتوار کو ہندواڑہ قصبے میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ علی گیلانی نے ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مقبوضہ علاقے میں ہونے والے قتل عام کے تمام واقعات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔یاد رہے کہ بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے 25جنوری 1990کو قصبے میں پر امن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 17بے گناہ شہریوں کو شہید جبکہ درجنوںکو زخمی کر دیاتھا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجیداور آل پارٹیز حریت کانفرنس کی مشترکہ کال پر بھارت کا یوم جمہوریہ ریاست جموں وکشمیر کے دوانوں اطراف اور پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت دنیا بھر میں کشمیری عوام آج بطور یوم سیاہ منائیں گے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وفاقی حکومت نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی فوجی عدالتیں قائم کرنے کا اعلان کیا ہے  تاکہ آئندہ آنے والی نسلوں کو محفوظ بنایا جاسکے ۔اس بات کا فیصلہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی سربراہی میں دہشت گردی سےنمٹنے کے لیے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد سے متعلق اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیاگیا کہ ان علاقوں میں فوجی عدالتوں کے قیام کےلیے اکیسویں آئینی ترمیم کے تحت آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان کونسلر سے کروایا جائے گا۔وزیر اعظم ہاؤس کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں،اجلاس میں بتایاگیا کہ گذشتہ تین ہفتوں کے دوران پنجاب اور وفاقی دارالحکومت میں مذہبی منافرت پھیلانے پر ایک سو چونسٹھ مقدمات درج کیےگئے جبکہ اس ضمن میں 157 افراد کو حراست میں لیاگیا۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ 40 پرنٹٹنگ پریس اور دوکانوں کو بھی سیل کیاگیا ہے جہاں پر مذہبی منافرت پھیلانے والا مواد شائع اور فروخت ہوتا تھا۔

Page 25 of 25