جمعرات, 25 اپریل 2024


مقبوضہ کشمیر: حریت رہنما مقبول بٹ کی برسی،ہڑتال، بھارت کے خلاف ریلیاں 

ایمز ٹی وی (مقبوضہ کشمیر) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما محمد مقبول بٹ شہید کی برسی پر مکمل ہڑتال کی گئی اور بھارت کیخلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔گزشتہ روز حریت رہنماؤں کی اپیل پر مقبول بٹ کی برسی پر ہڑتال کے موقع پر مقبوضہ وادی میں تمام کاروباری مراکز ، تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہے جبکہ شاہراہوں پر ٹریفک انتہائی کم تھا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت شہید مقبول بٹ کا جسد خاکی ان کے ورثا کے حوالے کرے اور کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرے ۔

 دوسری جانب قابض انتظامیہ نے بھارت کے خلاف مظاہروں کو روکنے کیلئے سرینگر اور مقبوضہ وادی کے دیگر علاقوں میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کردیا جبکہ متعدد حریت رہنماؤں کو گھروں اور تھانوں میں نظر بند کردیا۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے شہریوں کو ایک جگہ پر جمع ہونے سے روکنے کیلئے سرینگر میں مختلف سڑکیں خار دار تاروں سے بند کر دیں جبکہ شہر کے مرکزی مقام لال چوک کی طرف مارچ روکنے کیلئے لوگوں پر شدید لاٹھی چارج کے ساتھ ساتھ آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔

 اس موقع پر حریت رہنما علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کو اس حقیقت سے آگاہ ہونا چاہئے کہ وہ طاقت کے زور پر کبھی بھی کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا ۔کشمیری عوام شہداء کے نقش قدم پر چل کر بھارت سے آزادی حاصل کریں گے جبکہ شہداء کے خون کیساتھ ہمیشہ وفا کی جائیگی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment