جمعرات, 09 مئی 2024


سیب کا جوس…ڈی ہائیڈریشن کا بہترین علاج

ایمز ٹی وی(صحت)نئی تحقیق کے مطابق ڈی ہائیڈریشن کا شکار بچوں کو مہنگے مشروبات کے بجائے سیب کا جوس پلانے سے زیادہ طبی فوائد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ ٹورنٹو میں کی جانے والی اس تحقیق میں 6 ماہ سے 5 سال کے 650 ایسے بچوں کو شامل کیا گیا، جنہیں ہیضہ اور قے کی شکایت پر ایمرجنسی روم میں لایا گیا۔ آبیدگی (ہائیڈریشن) کے لئے ان بچوں کو دو گروپوں میں تقسیم کرکے ایک کو سیب کا جوس جبکہ دوسرے گروپ کو مہنگے مشروبات یا ادویات پلائی گئیں۔ ہسپتال سے فارغ ہونے کے ایک ہفتہ بعد ادویاتی مشروبات استعمال کرنے والے 9 فیصد جبکہ سیب کا جوس پینے والے صرف اڑھائی فیصد بچوں کو دوبارہ ڈاکٹرز سے رجوع کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی۔ اس کے علاوہ ہیضہ اور قے کی مقدار بھی دونوں طرح کے مشروبات استعمال کرنے والے بچوں میں برابر تھی۔ اس سلسلہ میں محققین کا کہنا ہے کہ جدید تحقیق ڈی ہائیڈریشن کے لئے پہلے سے موجود روایتی علاج سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔ ڈی ہائیڈریشن میں دو سال یا اس سے زیادہ عمر کے بچوں کے لئے سیب کا جوس بہت زیادہ مفید ہے۔ اس سے قبل یہ تاثر عام تھا کہ بہت زیادہ میٹھے مشروب کا استعمال ہیضہ کو بڑھاوا دیتا ہے، لیکن اس تحقیق نے اس تاثر کو بھی زائل کر دیا ہے۔ تاہم محققین ڈی ہائیڈریشن کا مسئلہ پیچیدہ ہونے کی صورت میں گھر پر ہی سیب کے جوس کے استعمال کے بجائے فوری طور پر ڈاکٹرز سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment