پیر, 06 مئی 2024


5 سال سے کم عمر کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے،کمشنر کراچی

 

ایمز ٹی وی (صحت /کراچی)کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی زیر صدارت انسداد پولیو کے جائزہ اجلاس میں ایمر جنسی آپریشن سینٹر کے افسران اور عالمی پارٹنرزکے نمائندوں نے پولیو کے خاتمہ کی کوششوں کو سراہا ہے ۔ اجلاس میں کمشنر کو انسداد پولیو کی گذشتہ مہم کی کار کردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں انسداد پولیو مہم6مارچ سے شرو ع کی جائے گی اور 11مارچ تک جاری رہے گی۔ اجلاس کو بتا یا گیا کہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ کراچی کی تمام 188یونین کونسلوں میں مہم پر عملدر آمد کیا جا ئے گا،مہم میں 22لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ نو ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں مہم میں حصہ لیں گی، سیکورٹی کے موثر اقدامات کئے گئے ہیں ۔اجلاس کو بتا یا گیا کہ مہم میں مر بوط کوششوں سے اچھے نتائج ملے ہیں ۔ ماحولیاتی نمونوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جس پر اجلاس نے انسداد پولیو مہم کی کار کر دگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اچھی کار کردگی قرار دیا ۔ فیصلہ کیا گیا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز ڈسٹرکٹ پولیو کنٹرول روم کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مائیکرو پلان پر عمل کیا جائے گا ۔ کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کی بہتر کار کر دگی انتظامیہ ،ہیلتھ افسران، عالمی پارٹنرز اور ای او سی کی مشتر کہ کوششوں کو نتیجہ ہے ، انھوں نے کہا کہ انسداد پولیو قومی مقصد ہے اس سے ملک کا وقار وابستہ ہے تمام متعلقہ ادارے مل کر کوششیں جاری رکھیں اور انسداد پولیو کے لئے حکومت کی کوششوں کو کامیاب بنانے میں اپنا کر دار قو می جذبہ سے ادا کریں ۔ تاکہ پاکستان جلد از جلد دنیا میں پولیو سے پاک ملکوں میں شامل ہو سکے ۔انھوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے آپس میں رابطہ و تعاون بڑھا ئیں اور حساس علاقوں میں پولیو کے قطرے پلانے کی مہم پر خصوصی توجہ دیں کمیونٹی کے رابطہ و تعاون سے کام کر کے اس بات کو یقینی بنائیں کہ پانچ سال سے کم عمر کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔ انھوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی صحت اور ان کے مستقبل کی خاطر پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر مہم میں پولیو کے قطرے پلائیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment