بدھ, 09 اکتوبر 2024


پی ایس ایل7کےفائنل میں صدرپاکستان ،وزیراعظم اوروزیراعلیٰ پنجاب کی متوقع آمد

لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل سیون کے فائنل میں صدر پاکستان عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی متوقع آمد کے پیش نظر سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں، ہیلی کاپٹر سے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ مہمان خصوصی کی طرف سے میچ کے اختتام پر مختصر خطاب کی بھی اطلاعات ہیں۔

پی سی بی حکام اور ضلعی انتظامیہ ہر پہلو سے تسلی بخش انتظامات کرنے کے لیے سارا دن کوشاں رہی۔ فائنل کو یادگار بنانے کے لیے پی سی بی نے دوسرے مختلف پروگرام بھی ترتیب دیے ہیں جن میں ہمیشہ کی طرح اس بار بھی آتش بازی کا شاندار مظاہرہ شامل ہے،بارش نے رنگ میں بھنگ نہ ڈالا تو مشروب ساز ادارے کے تعاون سے پی ایس ایل ٹرافی کو اچھوتے انداز سے گراؤنڈ میں لانے کی حکمت عملی بھی ترتیب دی گئی ہے۔

فائنل میچ کے لیے لاہور پولیس نے سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دیدی،سیکیورٹی کے لیے 8 ہزار سے زائد نفری تعینات ہوگی۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر محمد عابد خان نے “ایکسپریس “سے گفتگو میں بتایا کہ شہر بھر میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز،داخلی راستوں پر چیکنگ مزید سخت،حساس ایریاز میں عارضی ناکہ جات لگائے گئے ہیں۔

ایس پی سیکیورٹی راشد ہدایت نے کہا کہ شہریوں کو چیکنگ اور واک تھرو گیٹس سے گزرنے کے بعد اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔سی ٹی او منتظر مہدی نے کہا کہ میچ کے دوران تمام شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی صرف ٹیموں کی موومنٹ کے درمیان بند کیا جائے گا، جونہی ٹیم گزر جائے گی فوری ٹریفک کا نظام بحال ہوگا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment