اتوار, 05 مئی 2024


ویسٹ انڈیز نے6 برس بعد فتح کی پیاس بجھالی

ایمز ٹی وی(اسپورٹس ڈیسک) ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میں فتح کی6 سالہ پیاس بجھالی، ٹیم نے جارج ٹائون ٹیسٹ5 وکٹ سے جیت کر سیریزبھی برابر کردی۔

اس سے قبل آخری فتح 2009 کی ہوم سیریز میں کنگسٹن کے مقام پر حاصل ہوئی تھی،2000 سے باہمی طور پر منعقدہ30 ٹیسٹ میں یہ ویسٹ انڈیز کی محض تیسری کامیابی شمار ہوئی،انگلینڈ نے18میں فتح پائی ہے۔ میزبان سائیڈ نے پانچویں مرتبہ آخری ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کی، اس نوعیت کا اس سے قبل آخری موقع سری لنکا سے ہوم سیریز میں پیش آیا تھا، جب کیریبیئن سائیڈ نے دوسرا اور آخری ٹیسٹ اپنے نام کرتے ہوئے سیریز برابر کی تھی۔

2003 میں بھی ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 200 سے کم رنز بنانے کے باوجود کامیابی سمیٹی تھی، مجموعی طور پریہ ویسٹ انڈین ٹیم کے لیے 13واں موقع ہے جب اس نے200 سے کم رنز بنانے کے باوجود کامیابی پائی۔جارج ٹائون میں ٹیسٹ کے دوسرے دن مجموعی طور پر 18وکٹیں گریں، یہ کیریبیئن جزائر میں سب سے بڑی تعداد ہے، باہمی مقابلوں میں ایک دن میں 21وکٹیں گرنے کا واقعہ 2000 کے لارڈز ٹیسٹ میں دوسرے دن پیش آیا تھا۔

انگلش اوپنر جوناتھن ٹروٹ سیریز میں تین مرتبہ صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، وہ اس منفی ریکارڈ میں شامل ہونے والے چوتھے انگلش پلیئر بنے، ان سے قبل 1998 کی ایشز سیریز میں مائیک ایتھرٹن تین مرتبہ کھاتے کھولے بغیر میدان بدر ہوئے تھے، پیرسی ہومز اور ڈینس ایمس بھی سیریز میں تین ، تین مرتبہ صفر پر وکٹ گنوا چکے ہیں، مجموعی طورپر انگلش بیٹسمینوں کو 11 مرتبہ اس خفت سے دوچار ہونا پڑا، یہ کسی بھی سیریز میں ٹیم کی بدترین پرفارمنس ہے، اس سے قبل نیوزی لینڈ سے 2001-02 سیریز میں10صفر کا ریکارڈ تھا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment