پیر, 29 اپریل 2024


ڈیڑھ منٹ سے بھی کم وقت میں شکست کا نیا ریکارڈ

 

یمز ٹی وی(اسپورٹس) وہ آیا، اس نے دیکھا اور فتح کرلیا، یہ محاورہ تو معلوم نہیں کس کے لیے بنایا گیا تھا مگر بل گولڈ برگ نے ڈبلیو ڈبلیو ای میں واپسی کے بعد اسے درست ثابت کردیا ہے۔ گولڈ برگ ریسل مینیا 20 (2004) کے بارہ سال بعد گزشتہ سال نومبر میں سروائیور سیریز میں واپس آئے تھے اور بروک لیسنر جیسے ریسلر کو ڈیڑھ منٹ سے بھی کم وقت میں شکست دے کر سب کو شاک کردیا تھا۔ اور اب انہوں نے ایسا دوبارہ کیا اور کیون اوئنز کو ڈبلیو ڈبلیو ای ایونٹ فاسٹ لین میں محض 22 سیکنڈ میں شکست دے کر یونیورسل چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔ اس میچ میں بل گولڈ برگ کی شرکت پر لوگوں کے ذہنوں میں بروک لیسنر کی 84 سیکنڈ میں شکست کا تصور تو یاد تھا مگر کسی کو خیال بھی نہیں تھا کہ وہ صرف 22 سیکنڈ کے اندر کیون اوئنز کو شکست دے دیں گے۔ کیون اوئنز گزشتہ سال اگست سے اس چیمپئن شپ کو سنبھالے ہوئے تھے، جبکہ گزشتہ ماہ انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای میں اپنے بہترین دوست کرس جیریکو پر حملہ بھی کیا تھا۔ فاسٹ لین میں میچ کے آغاز پر کرس جیریکو کا میوزک بجا اور کیون اوئنز کی توجہ اس جانب گئی جس کا فائدہ گولڈ برگ نے اٹھا کر پہلے اسپیئر (کندھے سے زوردار ٹکر) اور پھر جیک ہیمر کا استعمال کرکے چیمپئن شپ چند سیکنڈوں میں اپنے نام کرلی، جس کی ویڈیو آپ نیچے دیکھ سکتے ہیں۔ یعنی انہوں نے یہ میچ اس سے بھی کم وقت میں جیت لیا جتنا آپ کو یہ خبر پڑھنے میں لگ سکتا ہے۔ اس سے پہلے آخری بار انہوں نے چودہ سال پہلے 2003 میں ڈبلیو ڈبلیو ای ٹائٹل اپنے نام کیا تھا اور اب پچاس سال کی عمر میں یہ تو واضح ہے کہ گولڈ برگ لمبے میچوں کا حصہ بننے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ لہذا اب یہ دیکھنا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا کہ ریسل مینیا 33 میں بروک لیسنر سے ان کا میچ کس طرح ہوگا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment