ایمزٹی وی(کراچی)شہرقائد میں جاری گرمی کی لہرختم ہونے کا نام نہیں لے رہی اورآج بھی پارہ 42 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہرکیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرقائد میں آج بھی گرمی کا پارہ 40 ڈگری سے آگے جائے گا، شہرمیں مغربی اور جنوب مغربی ہوائیں چل رہی ہیں، اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد جب کہ شہر کا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
محکمہ موسمیات اورطبی ماہرین نے گرم موسم میں ماہ رمضان کے پیش نظرشہریوں کو احتیاطی تدابیراختیارکرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔
دوسری جانب ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جب کہ بالائی خیبر پختونخوا، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش کاامکان ہے۔
گزشتہ روزماہرین نے عندیا دیا تھا کہ پیرسے کراچی کا درجہ حرارت ایک مرتبہ پھربڑھے گا، درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے تاہم گرمی کی یہ لہربدھ تک جاری رہے گی جب کہ جمعرات سے درجہ حرارت میں کمی آنے لگے گی۔