ھفتہ, 04 مئی 2024


سیکیورٹی اداروں نے ملک دشمن عناصرکی کڑی نگرانی شروع کردی

ایمز ٹی وی(کراچی)سیکیورٹی اداروں نے  ملک دشمن عناصر کاساتھ دینے والے گروہ اورافرادکی نگرانی کاعمل مربوط انداز میں شروع کردیا ہے اور اس حوالے سے اعلیٰ سطح پرجوائنٹ انٹیلی جنس سسٹم کے تحت نگاہ رکھی جارہی ہے۔

ان عناصرکے خلاف انتہائی مربوط انداز میں انٹیلی جنس سسٹم کے تحت چاروں صوبوں ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ٹارگٹڈآپریشن کیے جائیں گے اورتمام آپریشنل پالیسیوں اورکارروائیوں کوصیغہ راز میں رکھا جائے گا۔انتہائی باخبر ذرائع نے بتایا کہ مقتدرحلقوں نے اس امرپراتفاق کیاہے کہ ملک دشمن قوتوں کا ساتھ دینے والے اورملک میں عدم استحکام پیداکرنے والے گروہ یاافراد کے خلاف سخت آپریشن کیاجائے گا۔

اس حوالے سے جوائنٹ انٹیلی جنس نظام کومربوط کردیاگیاہے،ایسے تمام عناصر اورگروہوںکی نشاندہی اورنگرانی کی جارہی ہے کہ جوبھارتی خفیہ ایجنسی ’’را ‘‘ اور دیگر ملک دشمن قوتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔اعلیٰ ترین ذرائع نے بتایا کہ ان تمام افراد کے خلاف انٹیلی جنس بنیاد پرکارروائی کی جائے گی اور ان عناصر کے خلاف ریاست سے بغاوت کرنے اوردیگر سنگین الزامات کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔

ان عناصرکیخلاف آپریشن انتہائی سخت ہوگااوراس دوران گرفتارعناصرکیخلاف وفاقی حکومت مقدمات فوجی عدالتوں کوبھیجے گی۔ذرائع کاکہناہے کہ وفاقی حکومت بھارتی خفیہ ایجنسی کی پاکستان میں مداخلت کامعاملہ خارجہ سطح پربھی اٹھانے پر غور کررہی ہے،اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کی مشاورت کے بعدپالیسی کاتعین جلدکیاجائیگا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment