ایمزٹی وی(کراچی)وزیراعظم نواز شریف ٹھٹھہ پہنج گئے۔ٹھٹھہ کے مکلی گرائونڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سندھ کی محرومیوں کو دور کرنے کا عزم کیا ہے، سندھ کےقصبوں اور گوٹھوں کو ایک نیا ولولہ دیں گے ، بجلی ، پانی ، سڑکیں ، موٹرویز دیں گے،دھرتی کی پیاس بجھائیں گے۔
نواز شریف نے کہا کہ سندھ اور خیبرپختونخواکی حکومتوں نے کام نہیں کیے، یہاں آیا ہوں تو آپ کے لیے کچھ لے کر آیا ہوں، سندھ کے دیہات کو پنجاب کے شہروں سے بھی بہتر بنائیں گے، مل کے تعمیر کریں گے، سندھ کے دیہی علاقے بھی تعمیر کریں گے ، کراچی بھی خوبصورت بنائیں گے۔
ٹھٹھہ میں پانچ سو بستروں کا اسپتال قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں کو بھی ہیلتھ کارڈ اسکیم میں ہاتھ بٹانا چاہیے ، اسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ دینے والوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے، صوبائی حکومت اپنا حصہ ڈالے یا نہ ڈالے ہم ٹھٹھہ کے لوگوں کو ہیلتھ کارڈ جاری کریں گے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کارڈ جاری کرنے کے لیے میں خود آؤں گا ، سجاول، ٹھٹھہ ، ٹنڈو محمد خان سب برابر ہیں ، سب کےلیے ہیلتھ کارڈ ہوگا ، اتنے بڑے پیکج تو کراچی اور پشاور کو نہیں ملتے جو آج ٹھٹھہ کو مل گئے، ہیلتھ کارڈ پر سرکاری اور پرائیویٹ دونوں اسپتالوں میں علاج ہوسکےگا۔
انہوں نے عوام کو ہدایت کی کہ وہ بجلی کے بل ضرور اداکیا کریں ، ملک بھر میں بجلی کی صورتحال بہتر ہوتی جارہی ہے ، بجلی کے وزیر اور سیکریٹری کو یہاں بھجواؤں گا جو یہاں کا مسئلہ حل کریں گے، سجاول اور ٹھٹھہ میں گیس کی فراہمی کاحکم جاری کردیا ہے