جمعہ, 26 اپریل 2024


الیکشن سے قبل پی ٹی آئی کو بڑا جھٹکا

 

ایمزٹی وی(پشاور) قومی اسمبلی کے سابق رکن گلزار خان مرحوم کے صاحبزادے اسد گلزار نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کو نوجوان قیادت نے ہی آگے لے کر جانا ہے اس لئے تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ اپنے ساتھ نوجوانوں کو ملائے۔یادرہے کہ اسد گلزار تحریک انصاف کے مرحوم رکن قومی اسمبلی گلزار خان کے صاحبزادے ہیں اور گلزار خان کے انتقال کی وجہ سے خالی ہونیوالی نشست این اے 4 پر 26 ستمبر کو الیکشن ہونے جارہا ہے لیکن ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران ہی اسد گلزار نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
اسد گلزار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ نواز شریف کو پہلے ہی کہا تھا کہ چار سال سیاست نہیں کروں گا البتہ آخری سال سیاست کروں گا، اب حکومت کا آخری سال ہے اس لئے سیاست کر رہا ہوں۔ میاں صاحب کو لندن میں کہا تھا کہ آپ شہزادہ سلیم نہ بنیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے میثاق جمہوریت کرنا ہوتی تو ہمارا وزیر جیل میں نہ ہوتا، میں نے لندن سے آ کر میاں نواز شریف کی حکومت بچائی۔ ہم نے پاکستان کیلئے بہت کچھ کیا ہے اور بہت کچھ کرنا باقی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ این اے 120 گزشتہ 30 سال سے نواز شریف کا حلقہ رہا ہے اور ضمنی انتخاب میں موٹر سائیکلیں تقسیم کی گئیں۔ اس مرتبہ ہم نے این اے 120 میں ایک جیالے کو کھڑا کیا تھا، الیکشن جیتنے کے بعد مریم نواز شریف کا بیان سن لیں، اس میں بہت کچھ ہے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو نوجوانوں نے آگے لے کر جانا ہے اور خیبرپختونخواہ کو بھی نوجوانوں نے ہی بچانا ہے اس لئے نوجوانوں کو سیاست میں جگہ دینی چاہئے اور تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ اپنے ساتھ نوجوانوں کو ملائے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ افغانستان کے بارڈر پر 30 سال سے جنگ ہو رہی ہے۔ ہم نے اپنے دور حکومت میں خیبرپختونخواہ کیلئے بہت کچھ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت میں کرپشن ہے، دونوں کو ملایا جائے تو ان کی کرپشن واضح ہو گی۔
اس موقع پر اسد گلز ار کاکہناتھاکہ انہیں معلوم ہے کہ پیپلزپارٹی ہی وہ جماعت ہے جو عزت دیتی ہے ، زرداری صاحب کے شکرگزار ہیں کہ وہ تشریف لائے ۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment