جمعہ, 26 اپریل 2024


کشمیریوں کی آزادی کاراستہ نہیں روکاجاسکتا،وزیراعظم

ایمزٹی وی(آزادکشمیر)وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ آزادکشمیرمیں قتل وغارت کے ذمہ داروفاقی وزراء ہیں ، ہم نے پانچ سالوں میں اخوت بھائی چارے اور رواداری کی سیاست کی، اپوزیشن کو ساتھ لے کرچلے ، آزادکشمیر کو تحریک آزادی کا صحیح معنوں میں بیس کیمپ بنایا۔ وفاقی وزراء نے بھمبر سے اشتعال انگیزی کی ابتدا کی اور آج سارےآزادکشمیر میں کشیدگی ہے ، عوام نے وفاقی وزراء کا ایجنڈاناکام بنادیاہے ،وفاقی وزراء آزادکشمیرکے گلی کوچوں میں نجانے کیاڈھونڈرہے ہیں،انہیں آزاد کشمیر سے کچھ نہیں ملنے والا۔ آزادکشمیرکے عوام باشعور ہیں اورعوام کا استحصال کرنے والوں کے چہروں کو پہچانتے ہیں، 21 جولائی کو عوام ان اقتدار پرستوں کے غباروں سے ہوانکال دیں گے اور انھیں ان کی اصل اوقات یاد دلادیں گے ،21 جولائی کو پیپلزپارٹی آزادکشمیر میں کلین سویپ کریگی۔ وزیراعظم یہاں اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف کارنرمیٹنگز اور خواتین کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ وفاقی وزراء کو اندازہ ہوگیاہے کہ پیپلزپارٹی الیکشن جیت چکی ہے اب وفاقی وزراء بوکھلاہٹ میں آزاد کشمیر کو بھی صوبہ سمجھنے لگے ہیں اور وہ آزادخطہ کے پرامن ماحول کوخراب کررہے ہیں،وفاقی وزراء ہمیں دھمکیاں دے کرنہ ڈرائیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے اور آزادکشمیر کا اقتدار کشمیری شہداء کی امانت ہے ، ہم کشمیری شہداء کے لہوکورائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔دریں اثناء وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی بربریت کشمیریوں کے قتل وغارت حریت قیادت کی گرفتاریوں ، نظربندیوں اورکرفیوکے نفاذکی شدید مذمت کرتے ہوئے آزادی پسند دنیاسے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں ریاستی عوام کا قتل عام بند کرائیں اورریاست جموں وکشمیر کے عوام کو بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی دلائیں، وزیراعظم نے کہاکہ بھارت بھی جان لے کہ کشمیری شہداء کا لہورائیگاں نہیں جاسکتا، جبروتشدد قتل وغارت سے اب کشمیریوں کی آزادی کا راستہ نہیں روکاجاسکتا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment