جمعہ, 03 مئی 2024


گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کا اعلان

 

ایمزٹی وی(گلگت بلتستان)وزیراعظم نواز شریف 6فروری کو گلگت بلتستان کے دورے کے موقع پر گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کا اعلان کریں گے۔
قریبی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے طے شدہ دورے کا مقصد گلگت بلتستان کونسل کے بجٹ اجلاس کی صدارت کرنا اور ٹمبر پالیسی کی منظوری دینا ہے، گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت طے کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے سفارشات مرتب کر کے وزیراعظم کو ارسال کر دی ہیں جبکہ سرتاج عزیز کمیٹی نے سمری تیار کرنے سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کر لی ہے ۔ وزیراعظم ان سفارشات کو عملی شکل دیں گے، سفارشات میں گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے ، قومی اسمبلی سینیٹ میں نمائندگی ، این ایف سی ایوارڈ سمیت تمام وفاقی اداروں میں نمائندگی دینے کے علاوہ قانون سازی اور عدالتی اختیارات شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق مسئلہ کشمیر کی وجہ سے گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ نہیں بنایا جا سکتا ہے، تا ہم وہ تمام اختیارات گلگت بلتستان کے عوام کو دیئے جا رہے ہیں جو ملک کے دیگر صوبوں کو حاصل ہیں۔ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کو قوانین بنانے اور ان میں ترمیم کا اختیار بھی حاصل ہو گا۔
گلگت بلتستان کونسل سے اختیارات قانون ساز اسمبلی کو منتقل کیے جا رہے ہیں، کمیٹی نے سفارشات قانون ساز اسمبلی کی ان قراردادوں کی روشنی میں تیار کی ہیں جو علاقے کی آئینی حیثیت کے تعین کیلئے متفقہ طور پر منظور کی گئی ہیں ابھی تک اس حوالے سے قانون ساز اسمبلی نے 8قراردادیں پاس کی ہیں ، سرتاج عزیز کمیٹی نے ان قراردادوں کا بھی مطالعہ کیا ہے حکومتی اراکین بھی اس انتظار میں ہیں کہ وزیراعظم کے دورے سے ان پر ہونے والی تنقید میں بھی کمی آ جائے گی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment