ھفتہ, 18 مئی 2024
لاہور: پنجاب حکومت نے پانچویں جماعت تک ذریعہ تعلیم اردو میں کرنے کا اعلان کردیا،میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پرائمری سطح پر ذریعہ تعلیم انگلش ہونے کی وجہ سے اساتذہ اور بچوں کا سارا وقت مضمون کو سمجھنے کی بجائے ترجمہ کرنے میں صرف ہو جاتا ہے اور بچے کچھ نیا سیکھ نہیں پاتے۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ محکمہ ایجوکیشن کے سروے میں 85فیصد رائے اردو کے حق میں آئی ،اب انگلش صرف ایک زبان کے طور پر پڑھائی جائے گی ،وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگلے تعلیمی سال (مارچ 2020) سے پنجاب کے پرائمری اسکولوں میں ذریعہ تعلیم اردو کر دیا جائے گا۔

 

ادارہ فروغ قومی زبان کے زیراہتمام قومی زبان اردو کے حوالے سےایک اہم سیمینار"عصرحاضر کے تقاضے اور قومی زبان کانفاذ" آج بروز منگل منعقد ہوگا۔ اسلام آباد تقریب کی صدارت پروفیسر فتح محمد ملک کریں گے۔ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر ضیاالقیوم وائس چانسلرعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ہونگے۔

 

 

ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی کمپنی ایپل نے آئی فون میں روایتی اردو فونٹ ’’نستعلیق‘‘ متعارف کرا دیا جس کی مدد سے صارفین اب نستعلیق فونٹ میں اردو ٹیسکٹ وصول اور بھیج سکیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایپل نے اپنے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 11 میں اپ ڈیٹس کی ہیں اور اس میں متعدد نئے فیچرز شامل کیے ہیں۔ ان میں ایک نستعلیق فونٹ بھی ہے۔ اس سے قبل آئی فونز میں اردو زبان میں پیغامات بھیجے اور وصول کیے جا سکتے تھے تاہم اس کے لئے مختلف فونٹ استعمال ہوتا تھا۔
خیال رہے کہ نستعلیق فونٹ پاکستان میں اخبارات اور ویب سائٹس پر سب سے زیادہ استعمال ہونے والا فونٹ ہے اور اس سے اردو کے الفاظ زیادہ واضح طور پر دکھائی دیتے ہیں اور پڑھنے میں آسانی رہتی ہے۔
اگر آپ بھی آئی فون صارف ہیں اور اپنے فون میں نستعلیق فونٹ انسٹال کرنا چاہتے ہیں تو فون کی سیٹنگز میں جنرلز اور پھر لینگوج اینڈ ریجن کے آپشن پر کلک کریں۔ اس کے بعد Other Languages کا آپشن منتخب کریں اور یہاں اردو کو سیلیکٹ کرلیں۔ اس طرح آپ کے موبائل میں اردو فونٹ آجائے گا۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ موبائل کے دیگر آپشنز انگریزی میں ہی رہیں تو Prefer English کا آپشن منتخب کریں۔
ن

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) پاکستانی اردو اور پنجابی فلموں میں ایک طویل عرصے تک اپنی آواز کا جادو جگانے والے گلوکار مسعود رانا21برس بعدبھی اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

پاکستان فلم انڈسٹری کے عظیم گلوکار مسعود رانا 9 جون 1938ء کو میر پور خاص سندھ میں پیدا ہوئے،انہوں نے اپنی فلمی کیریئر کا آغاز 1962 ء میں فلم انقلاب سے کیا اور جلد ہی ان کا شمار پنجابی اور اردو کے صف اول کے گلوکاروں میں کیاجانے لگا۔

مسعود رانا پاکستان فلم انڈسٹری کی ایک مکمل اور ورسٹائل گلوکار تھے،انہوں نے اپنے فنی کیرئیر میں 700 سے زائد گانے ریکارڈ کرائے جبکہ انہوں نے چند پاکستانی فلموں میں اداکاری بھی کی۔

ان کے ٹاپ ٹین اردو گانوں میں فلم آئینہ کا گانا ’تم ہی ہو محبوب میرے، میں کیوں نہ تم سے پیار کروں‘، فلم بد نام کا گانا ’کوئی ساتھ دے کہ نہ ساتھ دے یہ سفر اکیلے ہی کاٹ لے‘ فلم چاند اور چاندنی کا گانا ’تیری یاد آگئی غم خوشی میں ڈھل گئے‘ سمیت دیگر شامل ہیں۔

منفرد لہجے کے اس گلوکار نے اس طرز کے مشکل ترین گانے بھی ریکارڈ کرائے جو سننے والوں کو آج بھی اپنے سحر میں جکڑ لیتے ہیں۔ یہ عظیم گلوکار 4اکتوبر 1995ء کو اپنے مداحوں کو اداس کرکے اس جہان فانی سے کوچ کرگیا۔

 

ایمزٹی وی(کراچی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اردو بولنے والے محب وطن پاکستانی اور قربانی دینے والے لوگ ہیں لیکن ملک کے خلاف بولنے والوں کی زبان نکال لینی چاہیئے۔

کراچی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جو بھی قتل و غارت گری کرے اسے قانون کے حوالے کر کے جڑ سے ختم کیا جانا چاہیئے، ایم کیو ایم بھی اپنے اندر موجود قبضہ گروپ اور کلنگ پارٹی کو ختم کرے،

سارے اردو بولنے والے خراب نہیں بلکہ چند اجرتی قاتلوں نے سارے اردو بولنے والوں کو بدنام کیا۔ انھوں نے کہا کہ الطاف حسین نے پاکستان مخالف بیان دے کر سارے مہاجروں کو بدنام کیا اور ان کی بے عزتی کرائی،

الطاف حسین ہر روز بیان دیتے ہیں اور پھر دوسرے تیسرے دن معافی مانگ لیتے ہیں، وہ پاکستانی سیاست میں سب سے بڑے یوٹرن بنے ہوئے ہیں، جو بھی ملک کے خلاف بولے اس کی زبان نکال لینی چاہیئے، اسے چوراہے پر کھڑا کر کے اس کے پیچھے کتے چھوڑ دینے چاہئیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ مہاجروں کی بہت بڑی تعداد محب وطن اور پاکستان سے محبت کرنے والے اور جان دینے والے ہیں، جو محب وطن اور شریف اردو بولنے والے ہیں انھیں جینے کا پورا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین سے اعلان لا تعلقی کے بعد پاکستان کی رابطہ کمیٹی کو فعال کردار ادا کرنا چاہیئے اور لندن کی رابطہ کمیٹی سے جان چھڑانی چاہیئے۔

سربراہ عوامی لیگ نے کہا کہ ایم کیو ایم پر پابندی کے علاوہ اور بھی فیصلے ہو سکتے ہیں، جن جماعتوں پر ماضی میں پابندیاں لگیں وہ ختم نہیں ہوئی بلکہ انڈر گراؤنڈ چلی گئیں اور ایسی جماعتوں نے ہمیشہ زیادہ نقصان پہنچایا۔

انھوں نے کہا کہ فاروق ستار کی اس بات سے متفق ہوں کہ بے گناہ مہاجروں کو دیوار کے ساتھ نہیں لگایا جا سکتا لیکن جہاں بھی ایم کیو ایم کے غیر قانونی دفاتر قائم ہیں انھیں گرا دینا چاہیئے۔ نائن زیرو سیل کرنے کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج کل امریکا اور برطانیہ میں بھی سارے دفتر خالی ہو چکے ہیں، جس کے پاس آئی فون ہے وہی اس کا دفتر ہے۔

شیخ رشید کا پاناما لیکس کے حوالے سے کہنا تھا کہ ساری اپوزیشن جماعتیں بھی نواز شریف کے ساتھ شامل ہو جائے تب بھی ماڈل ٹاؤن اور پاناما لیکس کے معاملے پر نواز شریف کی جان نہیں چھوٹے گی۔

انھوں نے کہا کہ جو پاکستان کے حالات ہیں اس لحاظ سے آئندہ 60 دن بہت اہمیت کے حامل ہیں جب کہ دونوں شریفوں میں سے ایک شریف جائے گا

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) آج محبت کی غزلوں اور ظلم کے خلاف بلند آواز نظموں کے خالق احمد فراز کی آٹھویں برسی منائی جا رہی ہے۔

احمد فراز کا اصل نام سید احمد شاہ تھا۔ وہ 12 جنوری 1931ء کو نوشہرہ میں پیدا ہوئے ۔ احمد فراز نے اردو، فارسی اور انگریزی ادب میں ایم اے کیا اور ریڈیو پاکستان سے عملی زندگی کا آغاز کیا۔ بعدازاں وہ پشاور یونیورسٹی سے بطور لیکچرار منسلک ہو گئے۔ احمد فراز عہد حاضر کے مقبول ترین شاعروں میں شمار ہوتے تھے۔ فراز کی شاعری کا مرکز اگرچہ محبت اور غم جاناں رہا مگر معاشرتی نا ہمواریوں کے خلاف نعرہ بغاوت بھی پوری شدت کے ساتھ بلند کیا۔ جس کی پاداش میں انہیں مختلف پابندیاں بھی جھیلنی پڑیں اور جلاوطنی بھی اختیار کرنی پڑی۔

احمد فراز کے مجموعہ ہائے کلام میں تنہا تنہا، درد آشوب، شب خون، مرے خواب ریزہ ریزہ، جاناں جاناں، بے آواز گلی کوچوں میں، نابینا شہر میں آئینہ، سب آوازیں میری ہیں، پس انداز موسم، بودلک، غزل بہانہ کروں اور اے عشق جنوں پیشہ کے نام شامل ہیں۔

احمد فراز کو متعدد اعزازات سے نوازا گیا جن میں ستارہ امتیاز اور ہلال امتیاز کے نام سرفہرست ہیں۔ احمد فراز 25 اگست 2008ء کو اسلام آباد میں خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔

ایمزٹی وی (کھیل) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکارہ آج اپنی بیالیس ویں سالگرہ منا رہی ہیں ۔ حدیقہ کیانی 11 اگست 1974 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئیں ۔ وہ اردو ، پشتو اور پنجابی زبان میں متعدد گانے گا چکی ہیں ۔ بطور گلوکارہ حدیقہ کیانی کا پہلا البم 1995 میں ریلیز ہوا ۔ راز ، روشنی ، رنگ اور آسمان حدیقہ کے مشہور البمز ہیں ۔ حدیقہ کیانی کو 2010 میں اقوام متحدہ کی جانب سے خیرسگالی سفیر مقرر کیا گیا ۔ حدیقہ کیانی کو حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)مشرف علی فاروقی نے اردو کی پہلی معجم ( تھیسورس ) متعارف کروادی۔ اس معجم کی فری ایپلی کیشن پبلی کیشن ہاؤس کتاب سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔ اردو معجم سے اردو زبان کے ایک جیسے الفاظ جاننے میں مدد ملے گی۔ اس کی ایپلی کیشن اور ویب سائٹ کے ذریعے،اردو کے40ہزارمنفرد الفاظ اور محاورے ، جبکہ بیس ہزار سے زائد مترادفات حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔مشرف علی فاروقی کا کہنا تھاکہ آنے والے دنوں میں ان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔یہ اضافہ ڈیٹا کی صلاحیت میں بہتری لاکر ممکن بنایاجائے گا۔ اردو معجم کے ایڈیٹویل بورڈ میں تحسین فرخی،معین نظامی،محمد سلیم الرحمان اور مظہر محمود شیزانی شامل ہیں۔اردو ڈیٹا بیس اور ایپلی کیشن کو ڈاکٹر اویس اطہر کی نگرانی میں تیار کیا گیا۔اپنی نوعیت کے پہلے آن لائن اردو معجم کے ایڈیٹر مشرف علی فاروقی ہیں جب کہ اس کی تیاری میں 5 برس کا عرصہ لگا ہے۔

ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) پاکستانی نژاد حمزہ یوسف اسکاٹش کابینہ میں وزیر منتخب ہوگئے۔ انہوں نے اردو میں وزارت کا حلف اٹھا کر نئی تاریخ رقم کردی پاکستانی نژاد نوجوان حمزہ یوسف نے اسکاٹ لینڈ کی پارلیمنٹ میں وزارت کا حلف لے لیا۔ حمزہ یوسف نے اردو زبان میں حلف اٹھایا پاکستانی نژاد نوجوان کو اسکاٹ لینڈ کی حکومت میں یورپ اینڈ انٹرنیشنل ڈیولمپنٹ کی وزارت دی گئی ہے حمزہ یوسف 2011 سے رکن پارلیمنٹ بنتے آرہے ہیں۔ حلف کے موقع پر متعدد اراکین نے دیگر زبانوں میں حلف اٹھایا، لیکن حمزہ یوسف نے اپنے عہدے کا حلف اردو میں اٹھایا اس سے قبل سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کے بیٹے بھی اسکاٹش پارلیمنٹ کے رکن بن چکے ہیں۔

 

ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی) وزارت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب کے پاکستانی ورژن کو ملک بھر میں 48 گھنٹے کے اندر بحال کرنے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق وزارت آئی ٹی کے حکام کا دعویٰ ہے کہ گوگل نے یوٹیوب سے گستاخانہ مواد ہٹا دیا ہے اور آئندہ گستاخانہ یا ناپسندیدہ مواد پاکستان کی درخواست پر فوری ہٹایا جا سکے گا۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے ذرائع نے بھی یوٹیوب کے حوالے سے دی گئی ہدایات کی تصدیق کی ہے۔

پی ٹی اے حکام کے مطابق یو ٹیوب کی بحالی کے لیے تمام اقدامات کرلیے گئے ہیں اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ سسٹم کو چیک کرلیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق وزارت آئی ٹی نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو اس سلسلے میں ہدایات بھی جاری کردی ہیں جبکہ پی ٹی اے نے گستاخانہ مواد ہٹائے جانے سے متعلق سپریم کورٹ کو بھی آگاہ کردیا ہے۔واضح رہے کہ گستاخانہ مواد کے باعث ستمبر 2012ءسے پاکستان میں یوٹیوب پر پابندی عائد تھی۔

Page 1 of 3