جمعہ, 17 مئی 2024

 

ایمز ٹی وی (انٹر ٹینمنٹ ڈ یسک ) بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان فلم انڈسٹری کی کئی حسیناؤں کے ساتھ کام کرنے کے بعد اب اپنی نئی فلم’ٹیوب لائٹ‘ میں چینی حسینہ کے ساتھ رومانس لڑاتے نظر آئیں گے۔

کبیر خان کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں سلمان خان چینی اداکارہ ژو ژو کے ساتھ مرکزی کردارنبھارہے ہیں، جس کا پہلا پوسٹر جاری کردیا گیا ہے۔

چین کے اشتراک سے بنائے جانے والی یہ فلم دونوں ممالک کے سماجی و ثقافتی پس منظر کی عکاسی کرے گی ،جس کے لئے سلمان خان ہندوستان سے چین کا سفر کریں گے اور اس فلم کو ہندی و چینی زبان میں بھی شوٹ کیا جائے گا۔

اس فلم میں شاہ رخ بھی ایک خاص کردار اداکریں گے، جبکہ دیگر کاسٹ میں سہیل خان بھی شامل ہیں۔واضح رہے فلم '’ٹیوب لائٹ‘رواں سال عید کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) فلم انڈسٹری کے معروف موسیقار امجد بوبی آج اپنی برسی پر اپنے مداحوں کو بہت یاد آئیں گے۔ انہیں چاہنے والوں سے بچھڑے 12 برس بیت گئے۔
امجد بوبی 1942 میں امرتسر میں پیدا ہوئے، والد کلرک بنانا چاہتے تھے، لیکن انہیں موسیقی سے لگاؤ تھا۔60 اور 70 کی دہائی میں کئی فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔
تاہم90 کی دہائی نے امجد بوبی کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، سرگم، گھونگھٹ، سنگم، کبھی الوداع نہ کہنا، چیف صاحب اور لازوال کی موسیقی بھی امجد بوبی نے تخلیق کی۔
گلوکار ارشد محمود، وارث بیگ اور شازیہ منظور نے امجد بوبی کی ترتیب دی گئی دھنوں پر سُر بکھیرے۔ وہ موسیقی میں نئے تجربوں کے قائل تھے۔
جاوید شیخ کی فلم، کبھی الوداع نہ کہنا، کی موسیقی کے لیے ممبئی گئے اور سونو نگم اور کویتا کرشنا مورتی سے گیت گوائے۔
امجد بوبی نے 36 سال فن موسیقی کی خدمت کی، فلمی صنعت کی ڈگمگاتی کشتی کو اپنے فن سے سنبھالا دیا،2 نگار ایورڈ بھی اپنے نام کیے۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ کی کامیاب اداکارہ رانی مکھرجی اپنی بیٹی کی پیدائش کے بعد سے اسکرین سے غائب ہیں اور اب آخرکار انہوں نے فلمی دنیا میں واپسی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔کئی کامیاب فلموں میں اپنی بہترین کارکردگی کا لوہا منوانے والی رانی مکھرجی بہت جلد فلم ’ہچکی‘ میں کام کرتی نظر آئیں گی۔

رانی مکھرجی 3 سال کے وقفے کے بعد دوبارہ فلموں میں کام کرتی نظر آئیں گی، ان کی آخری ریلیز فلم ’مردانی‘ 2014 میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔اس حوالے سے اداکارہ کا کہنا تھا، ’میں ایک ایسے اسکرپٹ کا انتظار کررہی تھی جو مجھے متاثر کرسکے اور پھر 'ہچکی' کا اسکرپٹ مجھے ملا، ہم سب میں ہی کوئی ایسی کمزوری ہے جو ہمیں پیچھے کردیتی ہے، یہ کوئی معذوری بھی ہوسکتی ہے یا کوئی شرط، لیکن اگر ہم اسے صرف ایک ہچکی سمجھیں، تو ہم اس سے جیت سکتے ہیں‘۔

رانی مکھرجی کے علاوہ ہدایت کار سدھارتھ پی ملہوترا بھی اس فلم کے ساتھ واپسی کرنے جارہے ہیں، یہ ان کی ہدایات میں بننے والی دوسری فلم ہوگی، اس سے قبل انہوں نے ’وی آر فیملی‘ کی ہدایات دی تھیں۔ اس فلم کے حوالے سے ہدایت کار سدھارتھ کا کہنا تھا، ’میں رانی مکھرجی کے ساتھ کام کرنے کے لیے بہت پرجوش ہوں، میں ان کا بہت بڑا مداح ہوں اور اب ان کی فلم کی ہدایات دوں گا، رانی اس فلم کے لیے بہترین انتخاب ہیں، مجھے ایسا لگ رہا ہے جیسے میں اپنی پہلی فلم کی ہدایات دینے جارہا ہوں‘۔

فلم ’ہچکی‘ کی شوٹنگ کا آغاز جلد متوقع ہے۔خیال رہے کہ رانی مکھرجی اور ادتیہ چوپڑہ 21 اپریل 2014 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، جس کے بعد سے انھوں نے کسی فلم میں کام نہیں کیا۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ کی ڈانسنگ کوئن مادھوری ڈکشٹ کی بغیر میک اپ تصاویر میں بدلی شخصیت نے سب کو حیران کردیا۔ڈانسنگ کوئن 1999 میں شادی کے بعد فلمی کیریئر کو خیرباد کہہ کر امریکہ منتقل ہوگئی تھیں لیکن 2011 میں بھارت واپسی پر اداکارہ نے ایک بار پھر انڈسٹری میں قدم رکھا تاہم اس بار وہ خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کرسکیں۔ اداکارہ نے چھوٹی سکرین پربھی قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا اوراب مختلف رقص کے رئیلٹی شوز میں جج کے فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔اپنی مسکراہٹ اور خوبصورتی کے حوالے سے مشہور اداکارہ کی بغیر میک اپ تصاویرسوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں جس میں ان کی بدلی شخصیت نے مداحوں کو نہ صرف حیران کردیا ہے بلکہ انہیں کسی صورت پہچاننا بھی آسان نہیں۔

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)بھارتی فلموں میں پاکستانی اداکاروں کے کام پر پابندی کے حوالے سے اداکار رشی کپور نے اپنی ہی حکومت کی دوغلی پالیسی پر مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ پاکستانی اداکاروں پر بھارتی فلموں میں کام پر پابندی کے حوالے سے بھارتی اداکار رشی کپور کا کہنا ہے کہ فلمیں ایک دو دن میں نہیں بنتیں، انہیں مکمل کرنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے لہذا آپ یہ نہیں کہہ سکتے ان پر پابندی عائد کی جائے۔

 

انہوں نے کہا کہ آپ ایک فلم پر گزشتہ 6 ماہ سے کام کررہے ہیں لہذا فلموں پر فوراً پابندی لگانا انتہائی غیر منصفانہ اور اوچھے ہتھکنڈے ہیں، اسے ختم کرنے کے لیے پورا وقت دینا چاہیے، اس کے بعد ہم پاکستانی اداکاروں کو اپنی فلموں میں بے شک نہ لیں۔

 

رشی کپور نے اپنی ہی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کبھی آپ ہاتھ ملاتے ہیں اور کہتے ہیں سب ٹھیک ہے لیکن جب سرحد پر کوئی ناخوشگوار واقعہ ہوتا ہے تو آپ کی سوچ ہی بدل جاتی ہے ایسا نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اس سے آپ اپنے ہی ملک کے لوگوں کو بے یقینی کا شکار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب نریندر مودی جانتے ہیں کہ سرحد پر جھڑپیں ہوں گی تو پھر انہیں پاکستان میں جاکر وہاں کی حکومت سے ہاتھ ملانا ہی نہیں چاہیے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمینٹ) بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہد کپور اور ان کی اہلیہ میرا راجپوت کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کی خوبصورت جوڑیوں میں ہوتا ہے۔حال ہی میں ہدایت کار کرن جوہر کے مقبول پروگرام “کافی ود کرن”میں دونوں نے اپنی زندگیوں کے ان رازوں سے پردہ اٹھایا جو آج تک لوگوں سے پوشیدہ تھے۔انہوں نے اپنی شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک اسٹار کی ارینج میرج ہونا بہت انوکھی بات ہے،یہ ہرروز نہیں ہوتا کہ ہندی فلم کا ہیرو ایک ایسی لڑکی سے شادی کرلے جسے وہ پہلے سے نہ جانتا ہو۔

اپنی اہلیہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میڈیا پر جو کچھ لکھا جاتا ہے میرا اسے دیکھ کر بالکل بھی پریشان نہیں ہوتی،انہیں پتہ ہے کہ انہیں کیا کرنا ہے،کہاں جانا ہے ، کسے گھر میں داخل ہونے کی اجازت دینی ہے اور کسے نہیں،میں ان معاملات میں نہیں بولتا۔واضح رہے کہ شاہد بہت جلد فلم رنگون کی تشہری مہم میں نظر آئیں گے،فلم میں ان کے ساتھ سیف علی خان اور کنگنا رناوت اہم کردار نبھا رہے ہیں۔

 


ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) سال 2016 جہاں ہمارے لیئے اچھی اور خوش گوار یادیں چھوڑ کر جا رہا ہے، وہی اس سال کئی اہم شخصیات ہم سے جدا ہوئیں، پاکستان کو دنیا بھر میں شہرت دلانے اور قوم کا نام روشن کرنے والی معروف شخصیات 2016میں اس دنیا سے رخصت ہوگئیں، ان کی بے شمار یادیں اب ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔
عبدالستار ایدھی:
انسانیت کے عظیم علمبردار طویل علالت کے بعد 8جولائی کو اس دنیا سے رخصت ہوگئے اور انہیں ان کی خدمات کے صلے میں سرکاری اعزاز کے ساتھ دفن کیاگیا۔
انتظار حسین:
پاکستان کے معروف افسانہ اور ناول نگار،جن کا شمار موجودہ عہد میں پاکستان ہی کے نہیں بلکہ اردو فکشن، خاص طور پر افسانے یا کہانی کے اہم ترین ادیبوں میں کیا جاتا ہے 2 فروری کوخالق حقیقی سے جا ملے
جنید جمشید:
شوبز کی چکا چوند کو خیرباد کہہ کر اپنی زندگی اسلام کے لئے وقف کردینے والے اسٹار جنید جمشید 7دسمبر کو حویلیا ں کو قریب طیارہ حادثہ میں شہید ہو گئے
فاطمہ ثر یا بجیا:
ادبی دنیا میں مصروف عمل رہنے والی ملک کی معروف ڈرامہ نگار اور ادیبہ فاطمہ ثریا بجیا 85 (پچاسی)سال کی عمر میں 10فروری کو کراچی میں انتقال کر گئی ۔حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے صلے میں انھیں تمغہ حسن کارکردگی اور ہلال امتیاز سے بھی نوازا۔
شائلہ بلوچ:
پاکستان کی خواتین کی قومی فٹ بال ٹیم کی کھلاڑی شائلہ بلوچ کار حادثے میں13اکتوبر کو ہلاک ہو گئیں۔ شائلہ نے بین الاقوامی سطح پر کئی میچوں میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی بھی کی۔
قوال امجد صابری:
بین الاقوامی شہرت یافتہ قوال امجد صابری کو 22جون ان کی رہائش گاہ کے قریب ٹارگیٹ کلنگ میں شہید کردیاگیا۔امجد صابری دنیا کے مختلف ممالک میں قوالی پیش کرکے داد سمیٹنے کے علاوہ بھارت کی مختلف فلموں کے لیے بھی قوالیاں گا چکے تھے۔
قندیل بلوچ:
سوشل میڈیا پر تنازعات کا شکار رہنے والی ماڈل قندیل بلوچ نے سوشل میڈیا سے شہرت پائی اور15جولائی کو ملتان میں اپنے بھائی کے ہاتھوں قتل کا شکار ہوئیں
نشا ملک:
اپنی موت سے آٹھ ما ہ قبل شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے والی ماڈل اپنی صلا حیتوں کے باعث تیزی سے شہرت کی طرف بڑھ رہی تھی کہ اچا نک گھریلو تنازعات سے تنگ آکر2 ستمبر کو اس دنیا سے چل بسیں۔
میڈم شمیم آرائ:
ماضی کی مشہور اداکارہ اور ہدایت کارہ شمیم آرا طویل علالت کے بعد78(اٹھتر)برس کی عمر میں5اگست کو لندن میں دم توڑ گئیں۔انھیں پاکستان کی پہلی کامیاب خاتون ہدایت کارہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
قسمت بیگ:
مسلسل حملوں کا شکار ہونے والی اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ ہر بنس پورہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوئی اور24نومبر کو اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئیں۔
ندا فاضلی:
انسان دوست شاعر سے مشہور ہونے والے شاعر اور نغمہ نگار ندا فا ضلی 8فروری کو77برس میں انتقال کر گئے ۔
حبیب الر حمٰن:
پاکستانی سینما اور ٹی وی کے معروف سینئیر اداکار حبیب الر حمٰن دو مرتبہ بہترین اداکارکے ایوارڈ اور صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازے گئے اور طویل علالت کے بعد25 فروری کو81(اکیاسی)سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
اداکارلاڈلہ:
مولا جٹ سمیت سینکڑوں فلموں میں مزاحیہ کرداراداکرنیوالے اداکارلاڈلہ کو کون نہیں جانتا،چالیس سالہ فنی کیریئر میں ایک سوسے زائدفلموں میں کام کرنے کے بعد ایمر جنسی کی حالت میں 15 ستمبر کو اسپتال داخل ہوئے اور واپس پلٹ کر نہ آسکے۔
اے نئیر:
پلے بیک سنگنگ میں نمایاں مقام حاصل کرنے والے پاکستان کے معروف گلوکار اے نیئر عارضے قلب میں مبتلا تھے جس کے باعث11نومبر کو لاہور میں اپنی زندگی کی سانسیں مکمل کرتے ہوئے سفر آخرت پر روانہ ہو گئے۔
عمر دراز خان:
ولن کا کردار ادا کرنے والے پشتو فلم انڈسٹری کے اداکار عمر دراز خلیل برین ہیمرج کے باعث16دسمبر کو انتقال کر گئے
معشوق سلطان:
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازے جانے والی پشتو زبان کی معروف گلوکارہ معشوق سلطان ہیپاٹائٹس کے باعث19دسمبر کو اللہ کو پیاری ہوگئیں۔
نصیر بھائی:
نامور ٹی وی شخصیت، پاکستانی اور ہندوستانی فلمی گانوں کے چلتے پھرتے انسائیکلوپیڈیا کہلانے والے محمد نصیر عرف نصیر بھائی 26جون کو اس دنیا سے چل بسے۔
محمد علی:
باکسنگ کی دنیا کے مایا ناز مسلم باکسر محمد علی بھی اسی سال3جون کو دیار فانی سے رخصت ہوئے۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) فلم اسٹار میرا نے کہا ہے کہ پاکستان کے لوگ جنگ نہیں بلکہ امن اور پیار چاہتے ہیں‘بھارت میں جاکر بھی ہمیشہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ ہی بلند کیا ہے اور ہمیشہ کرتی رہوں گی۔

بھارت کے شہر دہلی میں منعقد ہونے والے پانچویں دہلی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بطور جج کے فرائض سرانجام دینے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے میرا نے کہا کہ بھارت کے انتہا پسند ہندووں کو پیغام دیا ہے کہ پاکستان کے لوگ جنگ نہیں بلکہ امن اور پیار چاہتے ہیں ۔

میری دہلی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے پاکستان کے بغیر ہم کچھ بھی نہیں اس لئے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ بطور سفیر جہاں بھی جاوں اپنی ارض پاک کا نام روشن کروں اور دنیا بھر میں اس مثبت تصویردوں۔

 

 


ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) اداکارمعمررانانے کہاہے کہ پاکستا ن فلم انڈسٹری اپنے عروج کی طرف گامزن ہے ۔

یہ فلم وطن کی مٹی سے اظہار محبت اور 1965 کی جنگ کے سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بنائی گئی ہے ۔فلم میں 1965 کی جنگ کے یادگار واقعات اور وطن کی محبت سے سرشار پاک فوج کے شہیدوں اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

سایہ خدائے ذوالجلال حب الوطنی پر مبنی شاندار فلم ہے جو توقعات پر پورا اُتریگی ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روزپریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا انکے ہمراہ فلم کے پروڈیوسر ڈاکٹر توصیف رزاق،ہدایتکار عمیر فاضلی اورسینئر اداکار نیئراعجازبھی موجودتھے ۔

انکا کہنا تھا موضوعاتی فلموں کے ذریعے ہم نوجوان نسل کو حب الوطنی کا درس دے رہے ہیں ، ڈاکٹر توصیف رزاق کاکہناتھا جدیداورمعیاری پاکستانی فلمیں آنے سے سینما گھرو ں کی رونقیں بحال ہو گئی ہیں۔

میری فلم سایہ خدائے ذوالجلال عام موضوعات سے ہٹ کرہے ۔انہوں نے کہا عوام جلسوں اور تحریکوں کیلئے تو باہر نکل آتے ہیں انہیں چاہیے کہ حب الوطنی پربننے والی فلمیں دیکھنے کیلئے بھی نکلیں۔فلم بنانے میں آئی ایس پی آر کا تعاون شامل ہے جن پرمیں انکا بے حد مشکور ہوں۔

 

 

ایمز ٹی وی ( انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ کے بادشاہ کیلئے ’رئیس‘ بننا مشکل ہوگیا، شاہ رخ خان نے بھی انتہا پسندی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے، فلم ’رئیس‘ کی ریلیز سے پہلے راج ٹھاکرے سے ملاقات کی، تحفظات دور کیے، آئندہ پاکستانی فنکاروں کو فلم میں نہ لینے کی یقین دہانی بھی کرادی۔

پاکستان فوبیا کا شکار ہندو انتہا پسند ایک بار پھر پاکستانی فنکاروں کے خلاف زہر اگلنے لگے،فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کی طرح ماہرہ خان کی فلم ’رئیس‘ کی ریلیز پر بھی دہشت کے سائے منڈلا رہے ہیں، اس دہشت اور انتہا پسندی کے سامنے شاہ رخ خان کو بھی گھٹنے ٹیکنے پڑے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے اتوار کی شام راج ٹھاکرے سے ملاقات کی اور فلم کی پروموشن کیلئے ماہرہ خان کے بھارت آنے کی خبروں پر صفائیاں دیں، ساتھ ہی آئندہ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

دوسری طرف شیو سینا نے مودی جی کو اچھوتا مشورہ دے ڈالا، ہندو انتہا پسند جماعت کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ بال ٹھاکرے سے متاثر تھے، وزیراعظم نریندر مودی ڈونلڈ ٹرمپ سے کچھ سیکھیں، ٹرمپ کی طرح اعلان کریں کہ بھارت میں صرف بھارتیوں کو ہی نوکری ملے گی۔

شیو سینا نے مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یہ پالیسی نافذ کریں کہ بھارتی فلم انڈسٹری اور ٹی وی میں بھی پاکستانی فنکاروں یا پاکستانی ٹیکنیشنز کو کام نہیں دیا جائے اور جو ایسا کرے گا وہ بھارت کا دشمن کہلائے گا۔

 

Page 2 of 4