جمعرات, 11 اگست 2022


انسٹاگرام نےتمام وڈیوزپوسٹس کوریلزمیں بدلنےکافیصلہ

میٹا کی زیرملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نےتمام وڈیوزپوسٹس کوریلزمیں بدلنےکافیصلہ کیاہے۔

تفصیلات کے مطابق میٹا کی زیرملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ کی جانب سے تمام ویڈیو پوسٹس کو ریلز میں بدلنے کی آزمائش کی جارہی ہے۔میٹا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہم اس فیچر کی آزمائش کررہے ہیں تاکہ انسٹاگرام پر ویڈیو تجربے کو بہتر بنایا جاسکے۔

انسٹاگرام کی جانب سے ٹک ٹاک کا مقابلہ کرنے کے لیے 2020 میں مختصر ویڈیوزکافیچر ریلز کو متعارف کرایا گیا تھا۔

کمپنی کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ دنیا بھر میں محدود تعداد میں صارفین کے گروپ پر اس تبدیلی کی آزمائش کی جارہی ہے اور اس کا مقصد ایپ میں ویڈیو کو سادہ بنانا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ انسٹاگرام کی جانب سے اس تبدیلی کو بڑے پیمانے پر کب تک متعارف کرایا جائے گااور جب اسے متعارف کرایا جائے گا تو پھر ان ویڈیوز کا کیا ہوگا جو ابھی صارفین پوسٹ کرچکے ہیں۔

اسی طرح ابھی یہ بھی معلوم نہیں کہ کیا اس تبدیلی کے بعد بھی صارفین 10 منٹ کی ویڈیوز پوسٹ کرسکیں گے یا نہیں(ویریفائیڈ اکاؤنٹس 60 منٹ کی ویڈیو بھی پوسٹ کرسکتے ہیں)۔

یہ تبدیلی اس وقت کی جارہی ہے جب کمپنی نے حال ہی میں بتایا تھا کہ انسٹاگرام پر لوگ اپنا 20 فیصد سے زیادہ وقت ریلز پر گزارتے ہیں۔

گزشتہ سال انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے کہا تھا کہ اب یہ ایپ مزید فوٹو شیئرنگ ایپ نہیں رہے گی کیونکہ کمپنی کی جانب سے ویڈیو پر منتقلی کو ترجیح دی جارہی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment