جمعرات, 09 مئی 2024


گوگل نےایک ہزار آرٹ میوزیمز والی ایپ متعارف کرادی

ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے ایک ایسی موبائل ایپ لانچ کی ہے جس کی مدد سے فن مصوری کے دلدادہ لوگوں کی رسائی دنیا کے ایک ہزار آرٹ میوزیمز تک ممکن ہے۔ گوگل نے اپنے ’’پلے اسٹور‘‘ پر چند روز پہلے ’’آرٹ اینڈ کلچر‘‘ کے نام سے ایک نئی موبائل ایپ پیش کی ہے جو فنونِ لطیفہ کے شائقین میں بہت مقبول ہورہی ہے۔ اگر آپ کسی مصور کی تصاویر تلاش کرنا چاہتے ہیں تو یہ ایپ دنیا بھر کے ایک ہزار سے زائد آرٹ میوزیمز کے ڈیٹابیس کو کھنگال کر اس کے مختلف نمونے پیش کرے گی۔ اس ایپ کا مقصد صرف تصاویر یا آرٹ کے فن پاروں ہی کی تلاش نہیں بلکہ اس کے ذریعے کسی عجائب گھر کے آرٹ کلکشن میں موجود فن پاروں اور نوادرات تک بھی رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ اگر آپ کسی خاص عہد کے فن پاروں کی تلاش میں ہیں، کسی خاص قسم کا فن پارہ ڈھونڈ رہے ہیں یا یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ کسی خاص موضوع پر کیسے کیسے شاہکار تخلیق کیے گئے ہیں تو گوگل آرٹ اینڈ کلچرایپ کے ذریعے یہ سب کچھ کیا جاسکتا ہے۔ اس ایپ میں آرٹ اور کلچر کی مناسبت سے کئی ٹولز شامل ہیں جن سے شائقین کے علاوہ ماہرینِ فن بھی یکساں طور پر مستفید ہوسکتے ہیں۔ مثلاً اس میں ’’فن شناس‘‘ (Art Recognizer) موڈ کے ذریعے منتخب عجائب گھروں میں رکھی ہوئی پینٹنگز اپنی تمام تفصیلات سمیت شناخت کی جاسکتی ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment