جمعہ, 03 مئی 2024


نئی نسل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے میرٹ کو بنیاد بنانا ہوگا

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں 2کروڑ سے زائد بچے اسکول جانے سے محروم ہیں،سندھ میں کوٹہ سسٹم ختم ہونا چاہئے یہ سندھ کے شہریوں کو تقسیم کرنے کی سازش ہے، غربت اور افلاس کے خاتمے ، تعلیم کے فروغ اور نئی نسل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے میرٹ کو بنیاد بنانا ہوگا،نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے منتخب نمائندے اپنا کردار ادا کریں، کورنگی میں 2کروڑ روپے کی لاگت سے پرائمری اسکول کو اپ گریڈ کیا گیا ہے،کورنگی کے مختلف علاقوں میں مزید اسکولوں کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نو تعمیر شدہ اسکول کے افتتاح کے بعد کیا، اس موقع پر ڈی ایم سی کورنگی کے چیئرمین نیئر رضا، وائس چیئرمین سید احمر علی ،چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، چیئرمین پارکس کمیٹی خرم فرحان، چیئرمین کچی آبادی کمیٹی سعد بن جعفر ، ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ سروسز شہاب انوراور منتخب نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے۔
قبل ازیں میئر کراچی نے ناصر کالونی کورنگی میں فیتہ کاٹ کر اسکول کا افتتاح کیا اور بڑی تعداد میں موقع پر موجود علاقہ مکینوں کو مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ کراچی باشعور اور پڑھے لکھے لوگوں کا شہر ہے اس کی یہ پہچان قائم رکھنا ہوگی، علم ہی ترقی کازینہ ہے ،آنے والی نسل کو تعلیم و تربیت ، پرسکون ماحول اور مستقبل محفوظ کرنے کے لئے کام کرنا ہوگا،تعلیم ، ٹیکنالوجی اور سائنسی ایجادات کے استعمال کے بغیر ترقی ناممکن ہے،پاکستان کو دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح ترقی یافتہ بنانے کے لئے سائنس اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہوگا، دنیا کے جن ممالک نے ترقی کی انہوں نے اپنے آپ کو وقت سے ہم آہنگ کیا،میئر نے اس موقع پر کورنگی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور مقامی افراد سے ان کے مسائل معلوم کئے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment