ھفتہ, 04 مئی 2024


معصوم طلبہ کی کو ششوں سے بند اسکول کھل گئے

ایمز ٹی وی (تعلیم/خیرپور ) خیرپور ضلع میں تعلیمی ایمرجنسی پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر کے 149بند اسکول کھلوا دیئے بند اسکولوں میں پڑھائی شروع کرنے کے لیے 184اساتذہ مقر ر کر دیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق خیرپور ضلع میں تعلیمی ایمر جنسی پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے ڈپٹی کمشنر محمد سلیم راجپوت نے مختلف علاقوں کے سماج سدھارک رہنماؤں کی شکایات پر 149بند اسکولوں کو فوری طور پر کھلوا دیا ۔ جن علاقوں کے اسکول کھلوا دیئے گئے ہیں ان میں کوٹ ڈیجی ،صوبھو ڈیرو،کنگری ، گمبٹ ،نارا،ٹھری میرواہ اور فیض گنج تحصیلوں کے گرلز و بوائز پرائمری اور مڈل اسکول شامل ہیں ڈپٹی کمشنر محمد سلیم راجپوت نے کچھ روز قبل ڈسٹرکٹ ایجو کیشن آفیسر لیاقت علی خاصخیلی کو دفتر بلا کر ان کو تعلیمی ایمر جنسی پر عمل درآمد کرانے بند اسکولوں کو کھولنے اور اسکولوں میں پڑھائی شروع کرنے کے لیے اساتذہ مقرر کرنے کا حکم دیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر کے حکم کے تحت فوری طور پر ضلع بھر کے 149 اسکول کھول کر ان میں 184 اساتذہ مقر ر کر دیئے گئے جبکہ چند روز قبل گورنمنٹ پرائمری اسکول رسول بخش جتوئی کے معصوم طلبہ نے 6سال سے اسکول کی بندش کے خلاف خیرپور پہنچ کر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرا کیا تھا۔ وہ اسکول بھی فوری طور پر کھول کر اسکول میں استاد ہادی بخش ڈوگر کو تعینات کر دیا گیا ہے واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں تعلیمی ایمر جنسی نافذ کر نے تعلیمی اداروں کو فعال اور موثر بنانے کا حکم دیا ہے وزیر اعلیٰ کے حکم کے تحت ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد سلیم راجپوت کو خیرپور میں تعلیمی ایمر جنسی کا نگران مقرر کر دیا گیا ہے۔ ضلع کا تعلیمی ایمر جنسی کا نگران مقرر ہونے کے فوری بعد محمد سلیم راجپوت نے ضلع میں بند اسکولوں کو ہنگامی بنیادوں پر کھولنے کا حکم دیا ہے جس پر تیزی سے عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment