پیر, 06 مئی 2024


قطر میں فوڈ ایونٹ کا انعقاد

ایمزٹی وی(بزنس)پاکستانی آم کی نئی ورائٹی اور کھانے قطر میں متعارف کرانے کے لیے قطر کے پاکستانی سفارتخانے میں ایک ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جس کے لیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے تعاون کیا تھا، اس موقع پر قطر کے چیمبر آف کامرس کے اعلیٰ حکام، دیگر ممالک کے سفیر اور مقامی کاروباری افراد بھی موجود تھے جبکہ پاک قطربزنس کونسل کے چیئرمین محمد ارشد کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے بھی شرکت کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایونٹ کا مقصد پاکستانی چاول اور گوشت سے بنے کھانوں اور آم کی مختلف اقسام کے ذائقے سے قطر کے عوام کو روشناس کرانا تھا۔ پاکستانی سفیر شہزاد احمد نے بتایا کہ ہم نے پاکستان سے درآمد کیے گئے گوشت اور چاول سے بنی مختلف پاکستانی روایتی ڈشز کو متعارف کرانے کیلیے متعدد اسٹالز قائم کیے تھے، پاکستانی آم کے لیے الگ سے اسٹال لگایا گیاتھا، اسٹیشنز پر لوگ مہمانوں کوان مصنوعات سے روشناس کرائیں گے اور ان کا ردعمل لیں گے۔

قطرچیمبر کے نائب چیئرمین محمد بن احمد بن توار الکواری نے اس موقع پر کہاکہ پاکستانی کھانے عرب کھانوں جیسے ہیں، ہم پاکستان سے معیاری مصنوعات کا خیرمقدم کریں گے، ہمارے دروازے پاکستانی تاجروں، کمپنیوں اور کاروبار کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، اس ایونٹ سے قطر اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو فروغ ملے گا، ساتھ ہی پاکستانی روایت اور کھانے بھی فروغ پائیں گے۔ پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز، امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین سعید خان نے کہاکہ ہم 15سال قطر کو پھل اور سبزیوں برآمد کر رہ ہین، ہم نے 4ٹن سبزیاں اور 3ٹن پھل برآمد کیے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment