جمعرات, 12 دسمبر 2024


پاناما لیکس کی تحقیقات بین الاقوامی آڈٹ فرم سے کرائی جائے

ایمز ٹی وی (کراچی) پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے وزیر اعظم نواز شریف کا پورا خاندان ہی آف شور کمپنیوں میں ملوث ہے جبکہ ان کے صاحبزادے نے تو اس بات کا اعتراف بھی کرلیا ہے ۔ کراچی میں منعقدہ 2 روزہ صوفی فیسٹول سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس ایک غیر معمولی معاملہ ہے اور اس کی گرفت میں دنیا بھر کی اہم اور سیاسی شخصیات آئی ہیں، ان تمام شخصیات کا احتساب لازمی ہے ۔ ہمارے وزیراعظم کا تو پورا خاندان ہی آف شور کمپنیوں میں ملوث پایا گیا ہے جب کہ نواز شریف کے بیٹے حسین نواز نے تو اس کا اعتراف بھی کرلیا ہے ۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیراعظم نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے سابق ججوں پر مشتمل انکوائری کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے، ان ججز پر وزیر اعظم نواز شریف کی چمک کا گہرا اثر ہوگا، اس کی ماضی کی مثال اصغر خان کیس سمیت دیگر عدالتی فیصلے ریکارڈ پر موجود ہیں اس لئے پاناما لیکس کی تحقیقات حاضر یا ریٹائر جج سے نہیں بلکہ بین الاقوامی آڈٹ فرم سےفرانزک آڈٹ کرایا جائے اور پاکستان کا پیسہ جہاں بھی گیا وہاں سے واپس لایا جائے ۔ تقریب سے خطاب کے دوران وزیرتعلیم سندھ نثارکھوڑو کا کہنا تھا کہ پہلے وکی لیکس کا انکشاف ہوا تھا اب پاناما لیکس سامنے آگیا ہے ۔ اس میں ہمارے عوامی نمائندوں کا نام آنا باعث شرم ہے اب یہ معاملہ سنگین ہے اور اس کی تہہ تک جانا ضروری ہے لیکن پتہ نہیں کہ جج صاحبان کمیشن کی سربراہی کیوں نہیں کررہے۔ عمران خان پریس کانفرنس کے ذریعے بھی عوام تک اپنا پیغام پہنچا سکتے ہیں اور اگر وہ بحیٰ خان کی مثال دے رہے ہیں تو یحٰی خان نے سیاسی رہنماؤں کو پی ٹی وی پر اپنا منشور کرنے کا موقع دیا تھا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment