منگل, 10 ستمبر 2024


جامعہ کراچی: نوواردان جامعہ کاپرتپاک استقبال اوریوم الجامعہ کی مرکزی تقریب کاانعقاد

کراچی: جامعہ کراچی کے ممتازفارغ التحصیل طلبہ کی انجمن یونی کیرئینز انٹرنیشنل،وائس چانسلرجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی،روئسائے کلیہ جات، یونی کیرئینز انٹرنیشنل کے صدرپروفیسر اعجاز احمد فاروقی،ممبر سنڈیکیٹ وسینٹ، عمائدین شہر، اساتذہ اور انتظامی عملے کی کثیرتعداد نے پیر کے روز جامعہ کراچی کے مرکزی دروازے سلورجوبلی گیٹ پر نوواردان جامعہ کا پرتپاک استقبال کیا۔

تقریب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرخالد محمودعراقی،نامور سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری،صدریونی کیرئینزانٹرنیشنل پروفیسر اعجاز احمد فاروقی اورصدرانجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹرشاہ علی القدر و دیگر نے خطاب کیا۔

اس موقع پر نامور سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے کہا کہ آج نوواردان جامعہ کا جس طرح سے استقبال ہوا ہے اس سے قبل میں نے کبھی نہیں دیکھا۔ میں آج تک پورے پاکستان میں پاکستان ڈھونڈتا رہا لیکن مجھے ہر جگہ پختون، پنجابی، بلوچ، سندھی اور مہاجر ملا لیکن آج جامعہ کراچی میں مجھے پاکستان ملا۔

جامعہ سے فارغ التحصیل ہوکر آپ اپنے اخلاق اور کردار وگفتار سے یہ ثابت کریں کہ آپ دوسروں سے مختلف ہیں اور اگر یہ ثابت نہ کرسکیں تو آپ نے محض وقت برباد کیا ہے۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے تمام نوواردان جامعہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی منی پاکستان ہے اور یہاں پرزیرتعلیم طلبہ ایک مثالی ہم آہنگی کا مظہر ہیں جس پر ہم سب کو فخرہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ آج کل میڈیا میں لیول پلینگ کے حوالے سے بہت زیادہ گفتگو ہورہی ہے،لیول پلینگ صرف سیاست تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ تعلیم کے لئے بھی لیول پلینگ نا گزیر ہے تا کہ معاشرے کا ہر فرد اس سے استفادہ کرسکے۔ جب ہم پائیدار ترقی کے اہداف کو پڑھتے ہیں تو ہم معیاری تعلیم، صنفی مساوات اور خواتین کو با اختیار بنانے کی بات کرتے ہیں لیکن جامعہ کراچی میں طالبات کی70 سے80 فیصد تعداد نے یہ ثابت کردیا ہے۔

صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شاہ علی القدر نے تمام اساتذہ کی جانب سے نوواردان جامعہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی اعلیٰ تعلیم وتحقیق کا ایک ایسا ادارہ ہے جو اپنے اعلیٰ مقام ومرتبہ کے باعث معاشرے میں خصوصی مقام رکھتا ہے۔

مشیر اُمور طلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر نوشین رضا نے نوواردان جامعہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے جامعہ کراچی میں ہونے والی نصابی وغیر نصابی سر گرمیوں اور مشیر اُمور طلبہ کے زیر نگرانی کام کرنے والی سوسائیٹیز کے حوالے سے آگاہ کیااور کہا کہ جامعہ کراچی آپ کو نصابی وغیر نصابی سرگرمیوں کے بھر پور مواقع فراہم کرتی ہے اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اس سے کتنا استفادہ کرتے ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment