بدھ, 09 اکتوبر 2024


ہائر ایجوکیشن کمیشن ماہرین کا جےایس ایم یو کادورہ

اسلام آباد:  ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کی کوالٹی ایشورنس ایجنسی کے ماہرین کی ایک کمیٹی نے ادارہ جاتی کارکردگی کے جائزے (IPE) اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز ریویو (PGPR) کیلئے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا 3 روزہ دورہ کیا ۔

استقبال جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن، رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر عبدالواحد عثمانی نے کیا۔ ایچ ای سی ماہرین کی ٹیم میں پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ ذکی بطور بیرونی جائزہ کار اور کنوینر آئی پی ای، ڈاکٹر حنا حسین کاظمی بطور بیرونی جائزہ کار اور کنوینر PGPR، سلیم الدین بیرونی جائزہ کار IPE اور عنبرین آصف قریشی بطور بیرونی جائزہ کار PGPR شامل تھیں جبکہ ایسوسی ایٹ ریویورز میں وقار الحسن، ونگ کمانڈر جمیلہ سید، عاطف شہاب بٹ، ماریہ اسد اور ام ایمن شامل تھیں۔

ماہرین کی ٹیم نے یونیورسٹی کے تمام محکموں اور انتظامی شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں کی قیادت، فیکلٹی اور طلباء سے ملاقات کی تاکہ ان کی بہبود اور مسائل کے بارے میں معلومات لے سکے۔ وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے مذکورہ دورے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنل پرفارمنس ایویلیوایشن اور پوسٹ گریجویٹ پروگرام ریویو ایک اہم عمل ہے جو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن کے معیار کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوتا ہے، اس طرح کے دوروں سے جامعہ میں جاری پروگرام کی کامیابی اور متوقع بہتری کی نشاندہی ہوتی ہے۔

یہ دورے فیکلٹی کی بہبود اور انکے تاثرات سے آگاہی کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں، جو پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز کی مہارتوں اور قابلیت کو بڑھانے کے لیے ضروری ہیں۔ پروفیسر امجد سراج میمن نے کوالٹی انہانسمنٹ سیل اور فیکلٹی ارکان کو ان کے باہمی تعاون اور تعلیمی تعاون پر سراہا، خاص طور پر ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر عبدالواحد عثمانی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر کیو ای سی ثریا خاتون کو جنہوں نے اس دورے کا اہتمام کیا۔

ماہرین کے پینل نے یونیورسٹی کی کوششوں کا جائزہ لیا اور وائس چانسلر و کوالٹی انہانسمنٹ سیل کو مزید بہتری کیلئے سفارشات پیش کیں۔ دورے کے اختتام پر وائس چانسلر نے ماہرین کی ٹیم کو سووینئرز بھی پیش کیے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment