بدھ, 09 اکتوبر 2024


حرام کو حلال سے الگ کر کے دم لوں گا

 


ایمزٹی وی(آزاد کشمیر) مظفرآباد سینٹرل بار ایسوسی ایشن میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا عظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ عوام کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے ،کسی کو عام آدمی کا حق مارنے کی اجازت نہیں دیں گے ،کرپشن کا خاتمہ کر کے حرام کو حلال سے الگ کر کے دم لوں گا،ریاستی عدلیہ پر فخر ہے جس نے ہمیشہ مشکل وقت میں اچھے اور میرٹ پر مبنی فیصلے کئے ،ہائی کورٹ کے ججز کی تعداد میں اضافہ کریں گے ،آزادکشمیر کو سی پیک کا حصہ بنایا گیاہے جس کے تحت میرپور اور مظفرآباد میں صنعتی زون قائم کئے جائیں گے.

اس موقع پر صدر بارراجہ آفتاب نے بھی خطاب کیا، تقریب میں ڈسٹرکٹ وسیشن ججز ، ایڈووکیٹ جنرل رضا علی خان، بارکونسل اور ہائی کورٹ بار کے عہدیدار وں اور وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔وزیرا عظم آزادکشمیر نے اس موقع پر وکلاء کوگزٹیڈ آفیسرز کے برابر میڈیکل کی سہولت کی فراہمی ،سینٹر ل بارکے لئے 10لاکھ روپے دینے اور وکلاء کی ہائوسنگ سوسائٹی کے لئے مختص جگہ کو واگزار کرانے کا اعلان بھی کیا،وزیرا عظم آزادکشمیر نے کہا کہ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں وہ بھارت کے ظلم کے سامنے جھکنے والے نہیں ہیں،بھارتی فائرنگ سے متاثرہونے والوں کی بحالی اور انہیں تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کو کرپشن فری اسٹیٹ بنا کر دم لیں گے ، کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ،عوام کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے ،محکمہ تعلیم سے کالی بھیڑوں کا خاتمہ کیا جائیگا، این ٹی ایس کا نظام رائج کر کے محکمہ تعلیم سے سفارشی کلچر کے خاتمہ کے لئے پہلا قدم رکھ دیا ہے ،کوالٹی آف ایجوکیشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اپریل میں ہوگا اور گراس روٹ لیول سے لیڈرشپ کو آگے آنے کا موقع ملے گا تاکہ ریاست کو تربیت یافتہ لیڈرشپ میسر آسکے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment