اتوار, 15 دسمبر 2024


تعلیمی اداروں میں منشیات کی سپلائی میں ملوث اعلیٰ تعلیم یافتہ طالبعلم گرفتار

اے این ایف نے تعلیمی اداروں سمیت ہاسٹل میں منشیات کی سپلائی میں ملوث اعلیٰ تعلیم یافتہ طالب علم کو گرفتار کرلیا۔ 

ترجمان کے مطابق اے این ایف نے تعلیمی اداروں و ہاسٹلز میں منشیات کی روک تھام اور ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کر رکھا ہے۔

حکام کے مطابق انٹیلیجنس بنیاد پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک نجی اسٹوڈنٹ ہاسٹل کے قریب چھاپہ مارا اور چاغی سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ’جو خود بھی سی ایس ایس کے امتحان کی تیاری میں مصروف تھا‘ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے انتہائی خطرناک اور مہنگی 120 گرام ’’ویڈ‘‘ نامی منشیات برآمد کرلی۔

حکام کا کہنا تھا کہ ملزم اسلام آباد کے ایک بڑے تعلیمی ادارے اور ہاسٹل میں منشیات سپلائی کر رہا تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزم نا صرف اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے بلکہ سی ایس ایس امتحان کی تیاری بھی کر رہا تھا، ملزم نے یونیورسٹی و ہاسٹل کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا انکشاف بھی کیا۔

طالب علم کو گرفتار کرکے انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment