بدھ, 13 نومبر 2024


تحقیق کےکلچرکوفروغ دیناادارےکی ترقی کیلئےناگزیرہے

کراچی : داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ (اے ایس آر بی) کا ساتواں اہم اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کی زیر صدارت ہوا جس میں کیمیکل انجینئرنگ اور الیکٹرونک انجینئرنگ کے ایم ایس کے طلباء کے ریسرچ پرپوزلز کی منظوری دی گئی جبکہ دونوں شعبوں کے ایم ایم پروگرامز کے حوالے سے ایویلوشن رپورٹس پرغور و خوض کیا گیا۔
 
اے ایس آر بی کے چھٹے اجلاس کے منٹس کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں داؤد یونیورسٹی کو جامعہ کا درجہ ملنے کے بعد سے ریسرچ پبلیکیشنزکی تعداد پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ریسرچ پبلیکیشنز بڑھانے کا عزم کیا گیا۔
 
وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے فیکلٹی اور انتظامی ارکان کی انتھک جدوجہد کے باعث یونیورسٹی میں تیزی سے مثبت تبدیلیوں رونما ہوئی ہیں، مختلف شعبوں میں ایڈوانسڈ اسٹڈیز کے پروگرامز شروع کرنا اس تسلسل کی ایک کڑی ہے ، ترقی کا یہ سفرجاری رکھیں گے ، ریسرچ کلچر کو مزید فروغ دیا جائے گا کیونکہ تحقیق کے کلچر کو فروغ دینا ادارے کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے ۔
 
اجلاس میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر پیر روشن دین شاہ راشدی، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو ، ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ اسٹڈی ڈاکٹر شوکت مزاری ، ڈاکٹر غلام عباس ، ڈاکٹر ارسلان انصاری ، ڈاکٹر کریم شاہ ، ڈاکٹر عبدالسمیع اور ڈاکٹر غلام مجتبیٰ شریک تھے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment