Print this page

انگلینڈکرکٹ بورڈکی 4رکنی وفدکی پاکستان آمد

لاہور: 17سال بعدانگلینڈ ٹیم کا دورہ پاکستان کےسلسلےمیں ای سی بی کا4رکنی سیکیورٹی وفدپاکستان پہنچ گیا۔

ای سی بی کا 4رکنی سیکیورٹی وفد میں پلیئرز ایسوسی ایشن، سیکیورٹی اور کرکٹ آپریشنز کے ممبران شامل ہیں، گذشتہ روز اسلام آباد آمد پر پی سی بی حکام نے مہمانوں کا استقبال کیا، آفیشلز نے پہلے مرحلے میں پنڈی اسٹیڈیم کا دورہ کیااور میزبان حکام سے سیکیورٹی امور پر بریفنگ لی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد نے وزارتِ داخلہ میں بھی اعلیٰ شخصیات سے ملاقات کی،مہمانوں کوکراچی، لاہوراور ملتان میں سیکیورٹی سمیت انتظامات کا جائزہ لینا ہے، وفد اپنی رپورٹ ای سی بی کے پاس جمع کرائے گا جس کی روشنی میں ٹیم بھجوانے اور شیڈول کا حتمی فیصلہ ہوگا۔

انگلش ٹیم رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل7 ٹی ٹوئنٹی میچز اور بعد ازاں 3 ٹیسٹ میچز کیلیے پاکستان آئے گی، مختصر ترین فارمیٹ کے مقابلے صرف 2 وینیوز کراچی اور لاہور میں کرانے کا عندیہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ پہلے ہی دے چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق انگلش ٹیم کی پاکستان آمد 15 ستمبر کو ہوگی، ٹی ٹوئنٹی میچز 20، 22، 23 اور 25 تاریخ کو کراچی جبکہ 28، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو لاہور میں شیڈول کیے جانے کا امکان ہے،ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ٹیسٹ میچز کھیلنے کیلیے دوبارہ پاکستان آئے گی۔

یاد رہے کہ مہمان سائیڈ 2005کے بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں