کراچی: قومی ٹیم کے اوپننرمحمد رضوان نے کرس گیل اور ویرات کوہلی سمیت بڑے بڑے کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں زبردست فارم کا سلسلہ جاری ہے، نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ اور پاکستان سپر لیگ میں بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے کے بعد متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران بھی محمد رضوان کا بلا خاموش نہیں ہوا۔
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے رواں سال 1666 رنز بناکر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ انہوں نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ کے دوران یہ کارنامہ انجام دیا۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک سال کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ کرس گیل کے پاس تھا جنہوں نے 2015 میں 1665 رنز بنائے تھے۔
اس فہرست میں دوسرے نمبر پر بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ہیں ، جنہوں نے 2016 میں 1614 رنز بنائے جب کہ بابراعظم نے 2019 میں 1607 رنز اور اے بی ڈی ویلیرز نے 2019 میں ہی 1580 رنز بنائے تھے۔
اس سے قبل محمد رضوان نے ایک سال کے دوران سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنانے والے بلے باز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا اور ساتھ ہی سب سے زیادہ رنز بنانے والے قومی کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔
محمد رضوان رواں سال نہ صرف آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ٹاپ ٹین بلے بازوں میں شامل ہوئے بلکہ وہ اس وقت بابراعظم ، ڈٰیوڈ ملان، ایرون فنچ کے بعد چوتھی پوزیشن پر قبضہ کیے ہوئے ہیں۔