ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شاندار کارکردگی دکھانے پر افغانستان کے ڈپٹی وزیر خارجہ حکمت کرزئی نے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کو افغان صدر کی جانب سے مبارکباد دیتے ہوئے انہیں ٹیم کے ساتھ افغانستان کے دورہ کی دعوت دیدی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان اور افغانستان کی حکومتوں کے درمیان شدید تناﺅ چل رہا ہے تاہم اس دوران ایک تازہ ہوا کا جھونکا آیا ہے کیونکہ افغانستان میں دونوں نمایاں چینلز نے پی ایس ایل کے میچ دکھانے کیلئے ناصرف حقوق حاصل کر لئے تھے بلکہ پشاور زلمی کو بڑا سپانسر بھی افغانستان سے ہی ملا۔ ذرائع کے مطابق افغانستان میں اعلیٰ سطح اور عوامی سطح پر پاکستان سپر لیگ کے تمام میچ دیکھے گئے اور لیگ کو خوب سراہا گیا ہے۔
فائنل میچ میں پشاور زلمی کی جیت پر افغانستان کے ڈپٹی وزیر خارجہ حکمت کرزئی نے جاوید آفریدی کو فون کر کے افغان صدر اشرف غنی کی مبارکباد پہنچائی اور اس کے ساتھ ہی انہیں پوری ٹیم کے ساتھ افغانستان کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ وہ افغان صدر ان کی دعوت کرنا چاہتے ہیں ۔